لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور میں ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہم اجلاس کے آغاز میں شرکاء کو پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن نے پوری قوم کو ایک نیا اعتماد بخشا ہے اور قومی جذبے میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے تاریخی ایٹمی دھماکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا، جس کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور احترام میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر کے مریضوں کے لیے عالمی معیار کے مطابق خون کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع پلان طلب کر لیا۔ اس اہم اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن میں تھیلیسیمیا سینٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی، جس سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں گی۔ اس کے علاوہ، صوبے بھر میں صحت کے نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے کا بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی سخت ہدایت کی تاکہ مریضوں کو جدید ترین طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر آ سکیں۔ اجلاس میں اگلے مالی سال کے لیے مجوزہ صحت اور آبادی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک کے 71 اور پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام کے 75 اہم پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نصب جدید ترین میڈیکل مشینری کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے اسی معیار کے اعلیٰ تربیت یافتہ اسٹاف کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ مریضوں کو ان جدید طبی آلات سے بھرپور فائدہ پہنچ سکے-
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس‘ صوبے کے ہر ڈویژن میں تھیلیسمیا سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

Leave a Reply