اسلام آباد: امریکی ناظم الامور الزبتھ ہورسٹ نے آج وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور پاکستان و امریکہ کے درمیان مثبت دوطرفہ تعلقات کے تسلسل کی توثیق تھا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی میں امریکہ کے دیرینہ تعاون پر شکریہ ادا کیا اور گزشتہ ڈیڑھ سال میں میکرو اکنامک استحکام کے لیے امریکی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔سینیٹر اورنگزیب نے اپنی حالیہ دورہ امریکہ کاتذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ واشنگٹن ڈی سی میں ان کی امریکی سیکریٹری آف کامرس ہاورڈ لٹ نک اور امریکی تجارتی نمائندے ایمبیسیڈر جیمیسن گریئر سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں، جن میں تجارت اور معیشت کے شعبوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستان باہمی تعاون کو روایتی شعبوں سے آگے بڑھا کر آئی ٹی، معدنیات اور زراعت جیسے شعبوں میں وسعت دینا چاہتا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مفید شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔وزیر خزانہ نے امریکی ناظم الامور کو پاکستان کی حالیہ میکرو اکنامک کارکردگی، خودمختار ریٹنگ میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بھی روشنی ڈالی، خاص طور پر ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں، تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں انہوں نے مشرق وسطیٰ کی کیپیٹل مارکیٹ میں پاکستان کی کامیاب شمولیت، پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کے منصوبے، اور یورو و امریکی ڈالر مارکیٹس تک رسائی کے مستقبل کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔ امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور اصلاحات پر مبنی حکومتی حکمت عملی کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیاسی و اقتصادی استحکام کے لیے امریکی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی شراکت داری کے امکانات پر خوشی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید پائیدار اورمربوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا-
وزیرخزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اظہار اطمینان

Leave a Reply