اسلام آباد(سنگ میل نیوز) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔اسلام آباد میں موجود ایرانی سفارتحانے کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہر طرح کے تعاون، امداد اور ریلیف فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ترجمان ایرانی سفارتحانے کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے پاکستانی حکومت اور عوام سے مختلف علاقوں میں آنے والے المناک سیلابوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے تباہ کن سیلابوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔
چینی سفارتخانہ کا خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کے لیے تعزیت کا اظہار :
چینی سفارتخانے نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور زخمیوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں، سفارتخانے نے مرحومین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی کی امیدبھی ظاہر کی۔رپورٹس کے مطابق، تباہ کن موسمی واقعات، بشمول طوفانی بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب، نے متاثرہ علاقوں میں 399 سے زائد جانیں لے لی ہیں، جن میں خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھاری جانی نقصان کی اطلاع دی، صرف بنیر ضلع میں 200 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ امدادی اور ریسکیو آپریشنز جاری ہیں، حکام نے خبردار کیا ہے کہ کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

Leave a Reply