کراچی/اسلام آباد (سنگ میل نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، 100 انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس بھی عبور کر گیا۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس پر بند ہوا۔خریداری میں نمایاں دلچسپی آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکنگ، سیمنٹ اور فارماسیوٹیکل سیکٹرز میں دیکھی گئی، جبکہ بڑی کمپنیوں جیسے ڈی جی خان سیمنٹ، ایچ بی ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور یو بی ایل کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔ماہرین کے مطابق یہ تیزی حکومت کی متوقع گردشی قرضے سے متعلق اصلاحات کی مہم کی خبروں کے باعث ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ توانائی کے شعبے میں لیکویڈیٹی کے مسائل میں کمی آئے گی، یہ مسئلہ طویل عرصے سے ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1704 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزاربیسس پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار :
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزاربیسس پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کاروباری برادری سے حکومتی پالیسیوں پر اعتمادکرنے پراظہار تشکر کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معیشت کی بہتری کی بدولت سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا،ملک ترقی کی جانب گامزن ہےمگر مزید محنت درکار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم نے شب و روز محنت سے معیشت کو مشکلات سے نکالا،سرمایہ کاروں و تاجر برادری نے مشکل وقت میں بھی پاکستان میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھیں، جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کی ترقی و سرمایہ کاروی میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔
سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم‘ انڈیکس ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس بھی عبورکرگیا‘وزیراعظم کا اظہار تشکر

Leave a Reply