تہران: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے آج تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے پہلے نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف سے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے وژن سے آگاہ کیا جس کا مقصد ایران کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان چاول، مکئی، کیلے، گوشت اور مویشیوں کی برآمدات میں اضافے کے لیے تیار ہے جبکہ ایران پاکستان سے معیاری زرعی ادویات اور دیگر زرعی مصنوعات بھی درآمد کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی شعبے اور غذائی تحفظ میں تعاون دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی انضمام کے فروغ کے لیے ایک محرک ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو نہ صرف تجارت بلکہ ثقافت، تاریخ اور عوامی روابط کے شعبوں میں بھی انتہائی اہمیت دیتا ہے۔رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران علاقائی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے، پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے یکساں مفادات رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرا یا کہ دونوں ممالک ان شعبوں میں ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ڈاکٹر محمد رضا عارف نے وفاقی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی تعمیری تجاویز کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور 10 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ مشترکہ اقتصادی کمیٹی (JEC) کا اگلا اجلاس جلد بلایا جائے گا تاکہ اب تک کی پیشرفت کو مزید مستحکم کیا جا سکے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ زرعی شعبے، غذائی تحفظ اور تجارت میں بڑھتا ہوا تعاون خطے میں خوشحالی اور استحکام کے نئے در وا کرے گا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر کی ایران کے نائب صدر اوّل ڈاکٹر رضا عارف سے ملاقات‘تجارت کوفروغ دینے پر زور

Leave a Reply