کراچی :جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے 3 برسوں میں 29لاکھ پاکستانیوں کا بیرون ملک منتقل ہوجانے کو ملک میں امن اور معاشی ترقی کی دعویدارحکومت کیلئے لمحہ فکریہ اور۔خراب طرزحکمرانی کا نتیجہ قراردیا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول، گیس ،کوئلہ اورزراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال اورایٹمی طاقت کے حامل ملک کے عوام پینے کے صاف پانی ،صحت ،تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم اورمٹھی بھرکچے وپکے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے 16 ماہ میں قرضوں میں 13 ہزار 78 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔44فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ہر پاکستانی 3 لاکھ 2 ہزار روپے کا مقروض ہے ،آئی ایم ایف کے فرمائشی پروگرم پرعمل کرتے ہوئے بجلی ،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ اورٹیکسزکی بھرمارکرکے عوام کی زندگی تنگ کردی گئی ہے ۔چینی ،آٹا، دالیں اورگوشت سمیت روزمرہ اشیائے خورونوش عام آدمی کے دسترس سے دور ہوتے جارہے ہیں، غریب آدمی کا اپنا اوراپنے بچوں کا پیٹ پالنا بھی مشکل ہوچکا ہے ۔ دوسری جانب حکمرانوں وبیروکریسی کی مفت خوری اورشاہانہ طرززندگی ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے ۔انہوں نے زوردیا کہ حکومت عام آدمی کا معیارزندگی بہتربنانے کے لیے کرپشن فری اقدامات کے ساتھ سودی نظام معیشت،وی آئی پی کلچر وڈاکوراج کا خاتمہ ،عدل وانصاف کے نظام کا قیام اورکفایت شعاری وسادگی کی پالیسی اپنائے تاکہ عام آدمی کوئی سکھ کا سانس لے سکے ۔
لاکھوں پاکستانیوں کی بیرون ملک منتقلی لمحہ فکریہ ،کاشف سعید

Leave a Reply