کراچی:اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اگست 2025ء میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماداور خطے کی معاشی صورتِ حال پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 45 فیصد کم ہو کر 11 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہی۔ جولائی 2025ء میں یہ سرمایہ کاری 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی جبکہ اگست 2024ء میں 20 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے دو ماہ میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح میں 51 فیصد کمی ہوئی۔ جولائی تا اگست مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 27 کروڑ 77 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں نمایاں طور پر زیادہ تھی۔ اگست 2025ء میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی شدید دباؤ کا شکار رہی۔ براہ راست سرمایہ کاری ماہانہ بنیادوں پر 25 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد کم ہو کر 15 کروڑ 62 لاکھ ڈالر تک محدود رہی جبکہ اگست 2024ء میں یہ حجم 27 کروڑ 24 لاکھ ڈالر تھا۔
اگست:بیرونی سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں کمی ریکارڈ

Leave a Reply