گوجرانوالہ: ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب نے پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 کے تحت حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 30 ستمبر تک مختلف رنگوں والے ویسٹ سیگریگیشن بنز کی تنصیب لازمی قرار دے دی جبکہ یکم اکتوبر سے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی فیلڈ افسر اس پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گے ۔حکم نامے کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کو ایکٹ کی دفعہ 17(2) کے تحت ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے جبکہ خلاف ورزی کے تسلسل پر ہر روز ایک ہزار روپے اضافی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ہدایت کی ہے کہ ضلع کے تمام تعلیمی ادارے (پبلک و پرائیویٹ)مقررہ تاریخ کے اندر اس حکم کی مکمل تعمیل یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی ماحول کو صاف ستھرا، ماحول دوست اور صحت بخش بنایا جا سکے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے دائرہ کار کے تمام سکولوں میں رنگوں والے ویسٹ سیگریگیشن بنز کی تنصیب کی باقاعدہ نگرانی کریں اور مقررہ مدت کے اندر اس عمل کو مکمل کرائیں تاکہ گوجرانوالہ کو ای پی اے سمارٹ ویسٹ سرٹیفائیڈ ضلع کے طور پر پیش کیا جا سکے ۔

Leave a Reply