مظفر گڑھ:زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں فلڈ سروے ٹیموں سے حلف لینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے فلڈ سروے ٹیموں سے حلف لیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ریونیو کے افسران اور پاک فوج کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ فلڈ سروے شفاف، غیرجانبدارانہ اور مستند معلومات کی بنیاد پر مکمل کیا جائے ۔متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کے درست تعین کے لیے ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی متاثرہ شخص کو سروے سے محروم نہ رکھا جائے اور ہر اہل خاندان کو سروے میں شامل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے سول انتظامیہ اور پاک فوج مشترکہ طور پر تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلڈ سروے مکمل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ کے اعلان کردہ امدادی اور بحالی کے اگلے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔فلڈ سروے ٹیمیں تمام سیلاب متاثرہ یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر نقصانات کا تخمینہ لگائیں گی۔

Leave a Reply