کوئٹہ ،اسلام آباد:کوئٹہ کے علا قے ماڈل ٹاؤن میں خودکش دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید جبکہ 32 زخمی ہوگئے ، واقعہ میں خودکش حملہ آور سمیت تمام 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔منگل کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا،خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام6دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے تمام دہشت گرد مارے گئے ۔پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سپیشل آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)ہیڈکوارٹرز ماڈل ٹاؤن سے حالی روڈ کی جانب داخل ہو ئی ، فوٹیج میں وہ لمحہ قید ہوگیا جب زوردار دھماکے نے سڑک کو ہلا کر رکھ دیا۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد نے بتایا کہ دھماکے میں 2ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید اور 32 زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں 5 زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش دھماکے میں 25 سے 30 کلو بارودی مواد کا استعمال کیا گیا۔کارروائی میں مارے گئے حملہ آوروں سے 15 دستی بم، 3 انڈر بیرل گرینیڈ لانچر اور 4 کلاشنکوف برآمد ہوئی ہیں۔طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے خون کے نمونے اور فنگر پرنٹس لے لیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک کے لیے بھیجا جائے گا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ،پاکستان دشمن قوتوں کی مایوسی ان کی ناکامی اور انجامِ بد کی علامت ہے ،قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی پاکستان کے امن اور استحکام پر حملہ ہے ،قوم اپنے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے ،خوارج اور ان کے سرپرستوں کا انجام عبرت ناک ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ،پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے ۔حکومت، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم ملک سے دہشتگردی اور فتنہ الہندوستان کے جڑ سے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔روس نے بھی واقعے کی مذمت کی، روسی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں،دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔بیان میں متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔دریں اثنا خضدار میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے زہری میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنا پر آپریشن کیا، زہری کے ملحقہ پہاڑوں میں فتنہ الہندوستان کی موجودگی اور نقل و حرکت کی خفیہ اطلاعات تھیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے مقامی لوگوں کو ہراساں کرنے کا عمل بھی جاری رکھا ہوا تھا۔ آپریشن میں بڑی تعداد میں گراؤنڈ فورسز اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی کیا گیا، آپریشن کے نتیجے میں اب تک فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں اور 10 دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے عوامی رابطہ پل دھماکے سے اڑا دیا۔
کوئٹہ: خودکش دھماکا، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 شہید، 32 زخمی، تمام 6 حملہ آور ہلاک : خضدار آپریشن 7 دہشتگرد مارے گئے

Leave a Reply