راولپنڈی :بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاجبکہ تیسری کارروائی میں خواتین کے لباس میں فرار ہونے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق کوئٹہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے ۔ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع کیچ میں کی، جہاں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ دونوں آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے بھی نشانہ بنائے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے خضدار میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی، دورانِ آپریشن، چار دہشت گردوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ خواتین کا لباس پہن کر علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے ، گرفتار شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کی گرفتاری سے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا لگا ہے ، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے ، ترجمان کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے خاتمے اور ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا، اور دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک : 4 خواتین کے لباس میں فرار ہوتے گرفتار

Leave a Reply