اسلام آباد: ٹیکس وصولیوں میں کمی کے باوجود وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے اہداف پر عملدرآمد جاری ہے، ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کے لیے اضافی ٹیکس نہیں لگائیں گے۔عدالتوں میں زیر التواء ٹیکس کیسز کے فیصلوں کے بعد ریونیو شارٹ فال پورا ہو جائے گا۔ فی الحال کوئی اضافی ٹیکس اقدامات نہیں کیے جا رہے ، تاہم عدالتوں میں موجود مقدمات سے خاطر خواہ ٹیکس وصولیوں کی توقع ہے ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور مختلف سٹرکچرل بینچ مارکس پر بات چیت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو کو 11 فیصد تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا چین کے ساتھ پانڈا بانڈ کے اجرا پر بات چیت مکمل ہے اور نومبر کے آخر تک 25 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈ کا اجرا متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی کو ایف بی آر سے الگ کر دیا گیا ہے اور آئندہ بجٹ ٹیکس پالیسی آفس فنانس ڈویژن تیار کرے گا۔ ٹیکس پالیسی آفس کے لیے بھرتیاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں اور ایک ایڈوائزری بورڈ بھی تشکیل دیا جائے گا۔
ریونیو شارٹ فال کے باوجود اضافی ٹیکس نہیں لگائینگے : وزیر خزانہ

Leave a Reply