اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے 76 ویں قومی دن پرچینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی اور عوام کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی آزمودہ دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔پاکستان کے عوام چین کی خوشیوں میں شریک ہیں۔صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت چین کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے گئی ہے ،میرے حالیہ دوروں سے ، تجارت اور بنیادی ڈھانچے کے روابط کے فروغ کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک اور سکیورٹی تعاون کے عزم کو مزید تقویت ملی۔ صدر نے چین کے عوام کی خوشحالی اور صدر شی جن پنگ کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات پر فخر کرتا ہے ۔ اس مبارک دن پر وہ چینی عوام کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں،صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے ترقی اور خوشحالی کے ایسے سنگِ میل عبور کیے ہیں جو دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے ، علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری خطے میں توازن اور ترقی کی بنیاد ہے ۔ چین کی معاشی، سماجی اور عسکری میدان میں غیر معمولی کامیابیاں خطے کیلئے ترقی و استحکام کا باعث ہیں،چینی قوم کی مزید ترقی، کامرانی اور عروج کیلئے دعا گو ہیں، پاک چین دوستی زندہ باد۔
پاک چین دوستی مزید مضبوط تعلقات پر فخر : صدر، وزیراعظم

Leave a Reply