Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
آزاد کشمیر:حکومتی نمائندوں اور ایکشن کمیٹی میں مذاکرات:شہباز شریف کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مظاہرین سے غیر ضروری سختی نہ برتنے کی ہدایت – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

آزاد کشمیر:حکومتی نمائندوں اور ایکشن کمیٹی میں مذاکرات:شہباز شریف کی قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مظاہرین سے غیر ضروری سختی نہ برتنے کی ہدایت

مظفر آباد ، اسلام آباد:آزاد کشمیر میں پر تشد د واقعات کے بعد حکومتی نمائندوں اور ایکشن کمیٹی میں مذاکرات شروع ہو گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین سے غیر ضروری سختی نہ برتیں ۔وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش اور سخت نوٹس لیتے ہوئے شہریوں سے پرامن رہنے کی زوردار اپیل کی اور کہا ہے کہ ان کا ہر جائز مطالبہ تسلیم کیا جائے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی وجمہوری حق ہے ، تاہم مظاہرین امن عامہ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قانو ن نافذ کرنے والے ادارے مظاہرین کیساتھ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ عوامی جذبات کا احترام یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری سختی سے اجتناب برتیں ۔ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہروقت تیار ہے ۔ وزیراعظم نے مظاہروں کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعظم نے احتجاجی مظاہروں سے متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے ۔ مزید براں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مذاکراتی کمیٹی مسائل کا فوری اور دیرپا حل نکالے ۔ وزیراعظم نے ایکشن کمیٹی کے اراکین اور قیادت سے اپیل کی کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے تعاون کیا جائے ، کمیٹی اپنی سفارشات اور مجوزہ حل بلا تاخیر وزیراعظم آفس کو بھجوائے گی تاکہ مسائل کے فوری تدارک کے لئے اقدامات کئے جاسکیں ۔وزیراعظم نے وطن واپسی پر مذاکرات کے عمل کی نگرانی کا اعلان کردیا ۔ادھر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی اور مظاہرین کی ایک بڑی تعداد مظفر آباد کے لال چوک میں اُن افراد کی میتوں کے ہمراہ موجود ہے جو ایکشن کمیٹی کے مطابق احتجاج کے دوران مبینہ طور پر سکیورٹی اداروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے ۔احتجاج کے چوتھے روز بھی کشمیر کے مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جبکہ پولیس نے کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ تب تک میتوں کی تدفین نہیں کریں گے جب تک اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کر لیے جاتے ۔اس سے قبل مظفر آباد میں کم از کم دو افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔دوسری جانب عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے مذاکرات کی غرض سے وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ مذاکراتی کمیٹی مظفر آباد پہنچ گئی ہے ۔ مذاکراتی کمیٹی اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے ۔طارق فضل چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی اعلٰی سطح کے وفد کے مظفرآباد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے باضابطہ مذاکرات شروع ہوگئے ۔حکومتی وفد میں شامل وفاقی وزرا میں امیر مقام، طارق فضل چودھری ، رانا ثنا اللہ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، سردار یوسف، احسن اقبال اور مسعود شامل ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نوٹس، عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج پر پیش رفت، آزاد کشمیر بھر میں تین روز سے کشیدہ حالات کے بعد ماحول پرسکون ہوگیا۔وفاقی وزراء اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، مذاکرات کا پہلا دور دو گھنٹے جاری رہا۔ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کے وفد کے ساتھ ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز آج دوپہر کو ہوگا۔مذاکرات کے دوسرے دور پر لائحہ عمل طے کر لیا جائے گا۔مظفر آباد روانگی پر پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگوں کے جائز مسائل کے حل کیلئے حکومت کردار ادا کرے گی، کچھ عناصرپاکستان کے داخلی امن میں خلل ڈالنے کیلئے فائدہ اٹھانا چاہیں گے ۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کے تمام جائز مطالبات و جذبات کی قدرکرتے ہیں، امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات فوراً پورے کیے جائیں، اس صورتحال سے جلد نکلنا ضروری ہے ، پاکستان اور کشمیر دشمنوں کے کئی عزائم ہوسکتے ہیں، مل بیٹھ کر گفت و شنید کے ذریعے جائز مطالبات کو حل کرنا چاہئے ۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تمام دوست یہاں موجود ہیں، تشدد سے معاملات الجھتے ہیں سلجھتے نہیں، ہمیں بیٹھ کر جائز مطالبات پر بات کرنا ہوگی، پورا یقین ہے عوامی ایکشن کمیٹی کے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر تمام غلط فہمیوں کو سلجھا لیں گے ۔امیر مقام نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کے جائز مطالبات حل ہوں، احتجاج اورتشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، مسائل بیٹھ کر بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔سردار یوسف نے کہا کہ ہر بڑے مسئلے کا حل بات چیت سے ہی ہوتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جائز مطالبات کو مانا جائے گا، عوامی ایکشن کمیٹی کے لوگ آزادکشمیر کی بہتری کیلئے بات چیت کریں گے ، امید ہے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پرتشدداحتجاج کسی معاملے کا حل نہیں، معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ کے ذریعے جائز مطالبات کو مانیں گے ، معاملات کا ڈائیلاگ کے ذریعے حل نکالنا چاہئے ، پہلے بھی مسائل ڈائیلاگ سے ہی حل ہوئے ، امید ہے وہ وزیراعظم کی کاوش کو غور سے سنیں گے اورہمارے ساتھ تعاون کریں گے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے کہا کہ آزادکشمیرکے عوام کوانتہائی ناخوشگوارصورتحال کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم شہبازشریف نے بیرون ملک ہوتے ہوئے بھی صورتحال کا نوٹس لیا، چاہتے ہیں احتجاج ختم ہو اور کشمیری عوام مشکل سے باہر نکل آئے ۔انوارالحق نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں جو تعطل آیا تھا اس کو دوبارہ بحال کرایا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چند شر پسند عناصر دشمن کی ایما پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے مذموم مقاصد کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ وہ جمعرات کو پمز ہسپتال میں آزاد کشمیر احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر داخلہ نے آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی ،وہ فردا ًفردا ًہر زخمی اہلکار کے پاس گئے اور خیریت دریافت کی ۔ محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *