لاہور،اسلام آباد:جماعت اسلامی اور جمعیت علما اسلام نے فلسطین سے اظہار یکجہتی، ٹرمپ کے غزہ امن معاہدہ اور فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ کے خلاف آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ امن معاہدہ کو نوآبادیاتی نظام کی بحالی کا اعلان قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان پر واضح کیا ہے کہ اس کے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کے کسی مذموم ارادے کی ہر سطح پر اس طرح مزاحمت ہوگی کہ حکمران طبقہ عبرت کا نشان بن جائے گا۔ آزاد کشمیر میں مظاہرین کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، حکومت دانش مندی سے معاملہ حل کرے ۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور واضح اعلان کرے کہ پاکستان واحد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے ۔ ملک میں جو کوئی بھی قائداعظم اور پچیس کروڑ عوام کے اصولی موقف کے خلاف جائے گا وہ مظلوموں کے خون کا سودا کرے گا اور اسرائیل کا ہمدرد تسلیم کیا جائے گا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات شکیل ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی نیوی کے حملہ اور امدادی کارکنوں کو یرغمال بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فلسطین سے اظہار یکجہتی، ٹرمپ کے غزہ امن معاہدہ اور فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ کے خلاف آج جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا۔ جماعت اسلامی ہفتہ چار اکتوبر کو لاہور اور پانچ اکتوبر کو کراچی میں فلسطین ملین مارچ کا انعقاد کرے گی، سات اکتوبر کو اسلام آباد میں مارچ اور ملک گیر احتجاج ہوگا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ٹرمپ منصوبہ پیش کیے جانے سے قبل ہی اس کی حمایت کا اعلان خوشامد اور چاپلوسی کی نئی مثال ہے ۔ حکمران ابراہم اکارڈ کی جانب پیش رفت کرنے سے گریز کریں اور قائدین اسلامیان برصغیر علامہ اقبال، قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر کے فلسطین اور اسرائیل سے متعلق سو سالہ موقف کے خلاف جانے کی جرأت نہ کریں۔دریں اثنا جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا 20 نکاتی فارمولا مسترد کرتے ہیں فلسطینیوں کے خلاف کوئی بھی ظالمانہ اقدام قابل قبول نہیں ہے ،آج بروز جمعہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مظاہرے کئے جائیں، مظاہروں میں صمود فلوٹیلا پرحملے کے خلاف بھرپوراحتجاج کیا جائے ،سیکرٹری جنرل بدالغفورحیدری نے کہا کہ خطباء اورائمہ خطبات جمعہ میں ٹرمپ کے بدنام زمانہ نکات کے خلاف قراردادیں پاس کروائیں ۔ اہل وطن مظاہروں میں شرکت سے اپنی دینی غیرت و حمیت کا ثبوت دیں ۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا صمود فلوٹیلا پر حملہ انسایت کے لئے شرمناک ہے ، بے بس فلسطینیوں کی طرف امداد لے جانے والے قافلے پر حملہ انسانی تاریخ کے بڑے مظالم میں شمار کیا جائے گا ۔عالم اسلام اور امت مسلمہ کے ہر ہر فرد کو صہیونیت کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ہوگا ،مسلمان حکمران خواب غفلت میں ہیں ، عوام ان حکمرانوں کو خواب غفلت سے جگائیں ۔ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں امدادی قافلے والوں کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قافلے میں شامل پاکستان کے نمائندوں نے پوری قوم کی طرف سے فرض کفایہ ادا کیا ہے ،جے یو آئی فلسطینیوں کے لئے کی جانے والی ہر جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔
جماعت اسلامی،جمعیت علما ا سلام کا فلسطینیوں کے حق میں آج مظاہروں کا ا علان

Leave a Reply