کراچی :سندھ ہائیکورٹ میں کراچی ائرپورٹ کے قریب خود کش دھماکے کی مبینہ سہولت کار ملزمہ گل نساء کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آئندہ سماعت پر استغاثہ سے دلائل طلب کرلیے۔ استغاثہ کے مطابق گل نساء پر الزام ہے کہ انہوں نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے خود کش حملے میں سہولت کاری کی تھی۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی شوکت حیات ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ گل نساء پر عائد تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور تاحال کوئی ثبوت ان کے خلاف پیش نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں ملزمہ کا نام یا حلیہ تک درج نہیں، نہ ہی اس کی شناختی پریڈ کرائی گئی اور نہ ہی کوئی اقبالی بیان موجود ہے ۔ شوکت حیات ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ کیس میں پیش کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی غیر واضح ہے جس سے ملزمہ کی شناخت ممکن نہیں۔ وکیل صفائی نے دلائل دیے کہ نہ تو گل نساء کا خود کش حملہ آور سے کوئی تعلق ثابت ہوا اور نہ ہی کسی کالعدم تنظیم سے کوئی ربط سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ استغاثہ یہ بھی واضح نہیں کر سکا کہ چینی شہریوں کے ایئرپورٹ پہنچنے کی اطلاع کس نے فراہم کی تھی۔
ائرپورٹ حملے میں سہولت کاری، ملزمہ کی درخواستِ ضمانت پردلائل طلب

Leave a Reply