بھارتی جارحیت کا فوری ، فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آزاد فلسطینی ریاست کے ساتھ دو ریاستی حل کی حمایت کا اظہار روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ ،غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خطاب ،راولپنڈی:کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے واضح کیا کہ دہشتگردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے گٹھ جوڑ کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دینے کیلئے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا پاکستان آرمی روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق 272 ویں کورکمانڈر کانفرنس کا انعقاد جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوا ، کانفرنس کا آغازبھارتی دہشت گرد پراکسیوں کے ذریعے کئے گئے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی سے ہوا۔آرمی چیف نے غیر ملکی سپانسر شدہ دہشت گرد پراکسیوں کے خلاف جنگ میں اور سول انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر حالیہ سیلاب کے بعد وسیع پیمانے پر ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے ، حوصلے اور عزم کو سراہا ،کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرے کے نمونے اور آپریشنل تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ مسلح افواج تمام ڈومینز میں پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔ شرکا نے کہا کہ دہشت گردی، جرائم اور سیاسی سرپرستی کے باہمی گٹھ جوڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔فورم نے بھارتی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور بلا جواز اشتعال انگیز بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا اس طرح کی بیان بازی سیاسی فائدے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کے معروف بھارتی رجحان کے مطابق ہے ۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیر ضروری اشتعال انگیزی سے کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا۔فورم نے کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا فوری ، فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دینے کا عہد کیا تاکہ دشمن کے کسی بھی غلط فہمی پر مبنی تحفظ کے تصور کو توڑا جا سکے ، کسی بھی ‘خیالی نئے معمول’ کا جواب پاکستان کی جانب سے ‘فیصلہ کن اور فوری ردعمل’ کی نئی پالیسی کے تحت دیا جائے گا۔شرکا نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطح کی سفارتی مصروفیات کی اہمیت کو تسلیم کیا اور عالمی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم نے پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا، جس کا مقصد کسی بھی بیرونی جارحیت کا مشترکہ جواب دینے کے لیے سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانا اور ملٹی ڈومین تعاون کو بڑھانا ہے ۔ فورم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ فورم نے فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا اور جلد جنگ بندی اور غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی فراہمی کی امید ظاہر کی۔ فورم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا، 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو اس کے دارالحکومت کے طور پر قائم ایک آزاد فلسطینی ریاست کے ساتھ دو ریاستی حل کی حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، جدت اور ردعمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ فیلڈ مارشل نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی روایتی، غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔
دہشتگردی ،جرائم اور سیاسی سر پرستی کے گٹھ جوڑ کو برداشت نہیں کیا جائیگا:کور کمانڈرز کا نفرنس

Leave a Reply