کراچی :مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچے اورنوجوان سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں پانی کے ٹینکر کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اورنگی ٹاؤن ایک نمبر پر تیز رفتار پانی کے ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر روند ڈالا۔حادثے کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جو موٹرسائیکل پر سوار تھا جبکہ بائیک چلانے والا شخص زخمی ہوا۔واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے پانی کے ٹینکر کے شیشے توڑے اور اُس کو آگ لگادی۔پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا جبکہ فائربریگیڈ حکام نے آگ پر قابو پایا۔پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کی شناخت 10 سالہ جاوید کے نام سے ہوئی۔علاوہ ازیں ملیر کینٹ کے علاقے چیک پوسٹ نمبر 5 صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ متوفی راہگیر تھا جسے سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کا ڈرائیور ٹکر مار کر فرار ہوگیا جبکہ فوری طور پر فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم عمر 18 سے 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ۔مزید برآں لیاری ایکسپریس وے پر شام کے وقت ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ عیسیٰ نگری لیاری ایکسپریس وے پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا جبکہ متوفی راہگیر بتایا جاتا ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی اور اس کی عمر 45 سال ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔
ہیوی ٹریفک بے قابو،10سالہ بچہ جاں بحق،واٹر ٹینکر نذر آتش حادثہ اورنگی میں پیش آیا،تیزرفتار ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار زخمی بھی ہوا،مشتعل افراد کا پتھراؤ،ڈرائیورفرارملیر کینٹ کے علاقے میں تیزرفتار گاڑی نے 18سالہ راہگیر کو کچل دیا،لیاری ایکسپریس پرزخمی ہونے والانوجوان چل بسا

Leave a Reply