کوئٹہ:تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں لیویز فورس کے 5 اہلکاروں سمیت 7اہلکار زخمی ہوگئے ، ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے ۔بھاگ ناڑی شہر میں مسلح افراد نے دو تھانوں پر حملہ کرکے ایک تھانے کو آگ لگا دی ، فائرنگ کے تبادلہ میں ایس ایچ او شہید ہو گیا ۔پولیس حکا م کے مطابق دھماکا تربت پریس کلب روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر کا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ ایس ایس پی کیچ کیپٹن (ر)زوہیب محسن بلوچ نے بتایا کہ دھماکے میں 5 لیویز اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑا یا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی ۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔بلوچستان کے شہر بھاگ ناڑی میں مسلح افراد نے لیویز تھانے پر حملہ کر کے اُسے آگ لگا دی ، جبکہ تھانے میں موجود اہلکاروں کو بھی یرغمال بنا لیا ۔ایس ایس پی کچھی معادالرحمن کے مطابق مسلح شرپسندوں کی تعداد چالیس سے پچاس کے قریب تھی ۔ لیویز کے سابق تھانے سے شرپسند کچھ اسلحہ بھی لے گئے ،شرپسندوں نے تھانے کے ریکارڈ کے علاوہ ساتھ ملحق پٹوار خانے کے ریکارڈ کو بھی نقصان پہنچایا۔بینک پر تعینات پولیس اہلکاروں کی جوابی کاروائی سے حملہ آور بینک سے رقم لوٹنے میں کامیاب نہ ہوسکے ،پولیس کی کارروائی میں دو شرپسند ہلاک اور تین زخمی بھی ہوگئے ، شرپسند ایک لاش اور اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے ۔ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد کے تھانے پر حملے کے دوران اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں انسپکٹر لطف علی کھوسہ شہید اور ایک اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے قریب ہی قائم بینک میں بھی توڑ پھوڑ کی اور شہر میں گشت کیا۔ بتایا گیا ہے کہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا ۔
بلوچستان: ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے کے قریب دھماکا، 7 اہلکار زخمی، دو تھانوں پر حملہ، ایس ایچ او شہید قافلہ تربت پریس کلب روڈ سے گزر رہا تھا کہ دھماکا ہو گیا ،بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا ،ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے بھاگ ناڑی میں ایک تھانہ نذر آتش، عملے کو یرغمال بنا لیا ،اہلکاروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ،دو حملہ آور بھی ہلاک

Leave a Reply