کراچی: میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ ملک اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر رہا، چھوٹے صوبے بنانے سے مسائل حل کرنے میں آسانی ہو گی۔ایپ سپ کے زیر اہتمام ملک گیر آگاہی مہم “2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں” کے سلسلے میں آئی او بی ایم کورنگی کریک میں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ملک سے پیار ہے، پاکستان ہمارا گھر ہے، اللہ نے مسلمانوں کو ایک الگ ملک دیا، وقت کے ساتھ ہمارے حالات بھی بہتر ہوئے ہیں۔میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ اس خطے میں چین، بھارت، ویتنام اور تھائی لینڈ ہے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ساتھ والے ممالک کتنی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، ملک اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر رہا، ہمارے ہمسائے ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔چیئرمین دنیا میڈیا گروپ نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ گزشتہ 80 سال میں اچھے لیڈر نہیں آئے، کوئی اپنا وہ فرض ادا نہیں کرسکا جو اس کو ادا کرنا چاہیے تھا، پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے 4 فیڈریٹنگ یونٹس ہیں، پاکستان دنیا کی واحد فیڈریشن ہے جس کا ایک فیڈریٹنگ یونٹ باقی تینوں سے بڑا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا 52 فیصد ہے، باقی تین صوبوں کو ملائیں تو وہ پاکستان کا 48 فیصد بنتے ہیں، پنجاب 13 کروڑ آبادی کا صوبہ ہے، سندھ کی آبادی ساڑھے 5 کروڑ ہے، ہم کراچی کی آبادی کا اب تک فیصلہ نہیں کر سکے، کوئی کراچی کی آبادی 2 کروڑ کہتا ہے اور کوئی کہتا ہے کہ 3 کروڑ ہے۔
ملک ترقی نہیں کر رہا، چھوٹے صوبوں میں مسائل حل کرنا آسان ہوگا: میاں عامر محمود

Leave a Reply