جہاں آپریشن کیا جا رہا ہے وہاں برف باری کے باعث جانور بھی زندہ نہیں رہ سکتے اتوار کو پورے خیبر میں بسنے والی اقوام کا جرگہ بلا رہا ہوں:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا وادی تیراہ کے لوگوں کومجبور کیا گیا کہ برف باری کے موسم میں اپنے گھر بار خالی کریں، جب 22 بڑے اور 14 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سے بدامنی ختم نہیں ہو سکی تو ہمیں کوئی سمجھائے کہ دوبارہ آپریشن کے فائدہ مند نتائج کیا ہوں گے ۔ جہاں آپریشن کیا جا رہا ہے وہاں برف باری کے باعث جانور بھی زندہ نہیں رہ سکتے ،اب نقل مکانی کرنے والے بزرگوں ، بچوں اور خواتین کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور برف باری کی وجہ سے آپریشن بھی نہیں ہو پا رہا۔سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا وادی تیراہ پر آج ایک بار پھر سخت ترین حالات مسلط کیے گئے ہیں، عمران خان کی منتخب جمہوری حکومت کو رجیم چینج آپریشن کے ذریعے گرایا گیا، رجیم چینج کے بعد جب دہشت گرد دوبارہ آباد ہو رہے تھے تو خیبر سے ہزارہ اور ملاکنڈ سے لے کر ڈی آئی خان اور وزیرستان تک ہم نے جرگے اور امن پاسون منعقد کیے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خبردار کیا کہ پختون قوم کے سروں کا سودا ہو رہا ہے اور ہم پر دہشت گردی دوبارہ مسلط کی جا رہی ہے ، اس وقت پی ڈی ایم کی ناجائز حکومت کہتی تھی کہ ہم جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اس وقت پختون قوم بڑی تعداد میں باہر نکلے اور بند کمروں کے فیصلوں کو مسترد کیا۔ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں نے عمران خان کی منتخب جمہوری حکومت کو گرایا جس کے نتیجے میں بدامنی بھی لوٹی اور معیشت بھی تباہ ہوئی ۔سہیل آفریدی نے مزید کہا اتوار کو 2 بجے پورے خیبر میں بسنے والی اقوام کا جرگہ جمرود فٹ بال سٹیڈیم میں بلا رہا ہوں۔
تیراہ ، برفباری میں گھر خالی کرنے پر مجبور کیاگیا:سہیل آفریدی

Leave a Reply