لاہور: لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکیج تقسیم کر دیا۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق گزشتہ برس آنے والے ملک گیر سیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز ہی سے ونٹر پیکیج کی تقسیم کا آغاز کیا اور ترجیحاََ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی ونٹر پیکیج مہم میں اُنہیں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ممالک سے مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کا ساتھ بھی رہا اور اس کے ساتھ ساتھ الخدمت کے رضاکاروں نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی ونٹر پیکیج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانا بھی ہے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک اپن کی مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔

Leave a Reply