لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹ میں فنانس بل کی بھرپور مخالفت کرے گی اور صدر عارف علوی فنانس بل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
زمان پارک لاہور سے قوم سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار صدر سے اس لیے ملے کہ صدر آرڈیننس پر دستخط کریں مگر انہوں نے انکار کیا اور اس معاملے پر ایوان کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سینیٹ میں فنانس بل کی بھرپور مخالفت کرے گی مگر صدر مملکت کو فنانس بل پر رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ منی بجٹ کی منظوری سے مہنگائی مزید بڑھے گی، سیلز ٹیکس سے تمام اشیا مہنگی ہوں گی جبکہ گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے بلوں میں بھی بڑا فرق آئے گا۔ اگر ہم آئی ایم ایف کی بات مان بھی لیں تو مزید دلدل میں دھنس جائیں گے، پاکستان کے ساتھ جو ہورہا ہے وہ ہونا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ، عارف علوی اور میری میٹنگ میں صرف انتخابات کے معاملے پر ہوئی تھی، میں نے اپنے دور حکومت میں سو فیصد سیکھا کہ کسی آرمی چیف کی ملازمت میں توسیع نہیں ہونی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عثمان بزدار کو زیر اعلی پنجاب بنانا ایک مشکل فیصلہ تھا، ہماری پارٹی میں کئی امیدوار تھے جبکہ باجوہ علیم خان کو وزیراعلیٰ لگانا چاہتے تھے۔

Leave a Reply