لاہور: زمان پارک میں مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی پر پولیس کے ممکنہ کریک ڈاؤن کا امکان ہے جبکہ نگراں وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
پنجاب کی نگراں حکومت کے وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے عمران خان کے اس دعوے کو سختی سے رد کیا ہے کہ پنجاب پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی گرفتاری کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے چیئرمین ہمیشہ کی طرح عوام کو اشتعال دلانے کے لیے جھوٹے دعوے کررہے ہیں۔
قبل ازیں پولیس نے مال روڈ سے زمان پارک آنے والی ٹریفک آمدو رفت کے لئے بند کی جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو اطراف دھرمپورہ پل، علامہ اقبال روڈ ، مال روڈ، گڑھی شاہو کینال روڈ پر تعینات کردیا۔
ڈنڈوں سے لیس بلٹ پروف جیکٹس پہنے پولیس کے جوان اپنی موبائل وینز کے ہمراہ موجود رہے۔ دھرمپورہ پل پر ٹریفک کا غیر معمولی رش، پولیس جوان سڑک کنارے الرٹ کھڑے ہیں۔

Leave a Reply