اسلام آباد: قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر چیئرمین اوگرا کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھنا مہنگا پڑگیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے خط لکھنے پر چیئرمین اوگرا مسرور خان کو ذاتی حثیت میں طلب کرلیا۔
بق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے عدالت کے متوازی اختیار کا معاملہ شدت اختیار کرگیا۔ ملازمین کی پروموشن کے کیس کی چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی اور اس دوران عدالت نے چیئرمین اوگرا کے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اوگرا کو بُلا کر خط سے متعلق پوچھ لیتے ہیں، کچھ تو عدالتی تقدس کا احترام ہونا چاہیے۔
چیئرمین اوگرا کے وکیل نے معاملے پر اظہار ندامت کردیا۔ خط میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات کی خواہش کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ مجھے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے چیف جسٹس عامر فاروق سے ملاقات کی ہدایت کی تھی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے اوگرا سے متعلق کیس میں پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے بارے میں اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معذرت کے ساتھ عجیب عجیب باتیں شروع ہوگئی ہیں، قائمہ کمیٹیاں عدالت کے متوازی اختیار استعمال کرنے لگ گئی ہیں، کمیٹیوں کا کام قانون سازی ہے اس کو دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو بھی کہا ہے کہ انہیں بتائیں کہ متوازی اختیار استعمال نہ کریں، کمیٹیوں کے ایسا کرنے سے تنازع کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
عدالت نے چیئرمین اوگرا کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے جولائی کے پہلے ہفتے تک سماعت ملتوی کردی۔

Leave a Reply