چین کا ایک ممکنہ سکستھ جنریشن ائیرکرافٹ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جس میں ایک منفرد ڈیزائن والے طیارے کو پرواز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس طیارے کے ساتھ ایک چینی جے 20 اسٹیلتھ طیارہ بھی اڑ رہا تھا، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ طیارہ چین کے جدید جنگی طیاروں کے پروگرام کا حصہ ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ طیارہ غیر روایتی ڈیزائن کا حامل ہے اور اس میں جدید ترین اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس طیارے کو ریڈار پر دیکھنا تقریباً ناممکن ہو سکتا ہے۔ یہ خصوصیت اسے دشمن کی فضائی حدود میں گھسنے کے دوران بہت زیادہ فائدہ دے سکتی ہے۔
اگر یہ طیارہ چینی فضائیہ میں شامل ہوتا ہے تو بھارت کے لیے یہ ایک غیر معمولی خطرہ بن سکتا ہے، کیونکہ اس طیارے کی جدید ٹیکنالوجی اور اسٹیلتھ صلاحیت اسے دشمن کے دفاعی نظام سے بچ کر حملہ کرنے میں مدد دے گی۔
غیر ملکی ایوی ایشن ویب سائٹس کے مطابق، یہ طیارہ چین کے چینگڈو ائیرکرافٹ کارپوریشن سے تجرباتی پرواز کے لیے اڑا تھا۔ تاہم، اس طیارے کی شناخت کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طیارہ ممکنہ طور پر چین کا سکستھ جنریشن جنگی طیارہ ہو سکتا ہے، یا پھر یہ ایک ففتھ جنریشن بمبار طیارہ بھی ہو سکتا ہے۔
چین کی طرف سے اس نوعیت کے طیاروں کی تیاری میں غیر معمولی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، اور یہ طیارہ عالمی فضائی جنگی ٹیکنالوجی میں چین کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اگر یہ طیارہ چینی فضائیہ میں شامل ہوتا ہے، تو یہ نہ صرف چینی فوج کی طاقت میں اضافہ کرے گا بلکہ عالمی ایوی ایشن کی دنیا میں ایک نیا دور شروع کرے گا۔

Leave a Reply