سری لنکن آف اسپنر مہیش ٹھیکشانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2025 کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔ یہ سیریز اس وقت سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ بدھ کو کھیلا گیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کو 37 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، اور نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 255 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن رویندرا نے 79 اور مارک چیپمین نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
مہیش ٹھیکشانا نے اس میچ میں اپنی زبردست بولنگ سے دھاک بٹھائی اور 35ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر اور ناتھن اسمتھ کو آؤٹ کیا۔ پھر 37ویں اوور کی پہلی گیند پر میٹ ہنری کو بھی پویلین واپس بھیج کر وہ ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے سری لنکن بولر بن گئے۔ یہ کارنامہ ان کے لیے ایک اہم سنگ میل تھا، کیونکہ وہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے سری لنکن بولر بنے ہیں۔
ٹھیکشانا نے اس میچ میں 8 اوورز میں 44 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 256 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم 31ویں اوور میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد نیوزی لینڈ نے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا آخری میچ 11 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply