بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل نے اہلیہ دھناشری ورما سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ چند روز قبل دونوں کی علیحدگی کی خبریں اس وقت پھیلیں جب دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا اور چہل نے دھناشری کی تصاویر ڈیلیٹ کر دیں، تاہم دھناشری نے اپنے شوہر کی تصاویر نہیں ہٹائیں۔ اس کے بعد کرکٹر نے انسٹاگرام پر ذو معنی اسٹوریز بھی شیئر کیں، جس سے افواہیں مزید بڑھ گئیں۔
بدھ کے روز دھناشری ورما نے اس معاملے پر خاموشی توڑی اور اب یوزویندر چہل نے بھی اپنے مداحوں سے براہ راست بات کی۔ چہل نے انسٹاگرام پر ایک طویل پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے شکر گزار ہیں جن کی حمایت کی بدولت وہ یہاں تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ایک کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بیٹا، بھائی اور دوست بھی ہیں، اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بے بنیاد قیاس آرائیوں میں ملوث نہ ہوں۔
چہل نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر جو افواہیں گردش کر رہی ہیں، وہ درست بھی ہو سکتی ہیں اور نہیں بھی، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ مداح ان قیاس آرائیوں سے بچیں اور ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا اور وہ اپنے کیریئر کے ساتھ اپنی اقدار پر بھی قائم ہیں۔

Leave a Reply