اسلام آباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) نے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ NIH کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے سربراہ ڈاکٹر ممتاز خان نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ڈاکٹر ممتاز نے وضاحت کی کہ کورونا، فلو اور موسمی زکام کی علامات میں مماثلت عوام میں الجھن پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موسم سرما کے دوران سانس کی بیماریوں میں معمول کے مطابق اضافہ ہوتا ہے اور اس عرصے میں انفلوئنزا اور ایچ ون این ون کے کیسز سامنے آنا کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔NIH نے ملک گیر سطح پر بیماریوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا فوری جائزہ لیا جا سکے۔ ڈاکٹر ممتاز خان نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس، انفلوئنزا اور ایچ ون این ون کیسز سے متعلق تفصیلی رپورٹ قومی اسمبلی کو بھیج دی گئی ہے۔دوسری جانب، کراچی میں کھانسی اور زکام کی شکایات کے ساتھ مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ڈاؤ اسپتال کے ماہرِ متعدی امراض پروفیسر سعید خان کے مطابق، کراچی میں 25-30 فیصد مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جبکہ 10-12 فیصد افراد میں ایچ ون این ون پایا گیا ہے۔ بچوں میں سانس کی بیماریوں کے کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ماہرین صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اپنائیں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی مشورہ لیں۔
این آئی ایچ نے پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر کی خبروں کی تردید کر دی

Leave a Reply