بھمبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دانش سکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکول کا قیام خوشی کا باعث ہے اور یہ سکول دور دراز علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول کا تصور نواز شریف کی قیادت میں پیش کیا گیا تھا اور یہ تعلیمی ادارے علم کا گہوارہ ہیں، جہاں بچوں کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دانش سکولوں کے بیشتر طلبہ اعلیٰ گریڈ حاصل کرتے ہیں اور ملک کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ آزاد کشمیر میں بھی دانش سکولوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی شہیدوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہے اور کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا اور یقین دلایا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے معیشت میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود کم ہونے کی توقع ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ قرضوں میں کمی آ رہی ہے۔قبل ازیں وزیراعظم نے بھمبر میں دانش سکول کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا، جہاں بچوں اور بچیوں کے لیے الگ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم پاکستان کا دورہ آزادکشمیر‘ بھمبر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Leave a Reply