نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے تصدیق کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق جرسی پر میزبان ملک پاکستان کا نام شامل کرے گی۔کھیلوں کی ویب سائٹ ’’کرک بز‘‘ کے مطابق سیکریٹری بی سی سی آئی نے واضح کیا کہ بھارت آئی سی سی کی تمام ہدایات پر مکمل عمل کرے گا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے برعکس، جن میں بھارت کی جانب سے جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ شامل کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، دیوجیت سیکیا نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری نے کہا کہ تمام ٹیمیں اپنی پلینگ اور ٹریننگ کٹس کو آئی سی سی سے منظور کروانے کی پابند ہیں اور بھارتی ٹیم بھی ان اصولوں پر عمل کرے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کی جرسیاں میزبان ملک انگلینڈ اور ویلز کے نام کے ساتھ تھیں، اور پاکستانی کھلاڑیوں نے حالیہ ورلڈکپ 2023 میں بھارتی لوگو کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے پاکستان میں ہوگا، جبکہ بھارتی ٹیم 20 فروری کو اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔
چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم نے جرسی پر پاکستان کا نام شامل کرنے کی تصدیق کر دی

Leave a Reply