کراچی :آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو)کی استعداد کار اور کارکردگی میں مزید بہتری سے متعلق جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آر آر ایف نے کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ کے قیام، اغراض و مقاصد، اہمیت، کارکردگی، تربیت، آلات کے استعمال اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سندھ میں 2023 سے قبل احتجاجی مظاہروں، ہنگامہ آرائی اور مشتعل ہجوم پر قابو پانے کیلئے کوئی باقاعدہ فورس موجود نہیں تھی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ کو واٹر کینن، اینٹی رائٹ، موب کنٹرول اور دیگر حفاظتی آلات سے لیس کیا گیا ہے ۔ کراچی میں اس کے دو مقامات جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں ایک ایک مقام پر یونٹ کی نفری تعینات ہے ۔ یونٹ میں بھرتی اور نئے آلات کی فراہمی کا عمل جاری ہے جس کے بعدسی ایم یو کی افرادی قوت اور استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ کی آپریشنل اور نان آپریشنل سرگرمیوں کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں کمیٹی ڈی آئی جیز آر آر ایف اور ٹریننگ پر مشتمل ہوگی جو جامع ایس او پیز تیار کرے گی۔آئی جی نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں یونٹ کی کمانڈ، ذمہ داری، نقل و حرکت، قیام اور آلات کی حفاظت کے حوالے سے واضح قواعد وضع کیے جائیں۔

Leave a Reply