کراچی:مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کے بھاؤ میں شدیدمندی کا عنصر غالب رہا۔ٹیکسٹائل ملز نے محتاط خریداری کی جبکہ جنرز نے نیچے داموں پر روئی فروخت کرنا شروع کر دی گو کہ جنرز یہ بھی بات کر رہے ہیں کہ پھٹی کے بھاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے لیکن مارکیٹ میں روئی کی خریداری کم ہونے کی وجہ سے وہ کم داموں پر روئی فروخت کرنے لگے ۔ روئی کے بھاؤ میں کمی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے بھی بتائی جاتی ہے کہ 30 ستمبر کی کاٹن جنرزکی کپاس کی پیداواری رپورٹ میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت پیداوار میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ آئندہ 15 دنوں میں بھی روئی کی آمد نسبتاً زیادہ ہونے کی توقع ہے ۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے بھی روئی کے اسپاٹ ریٹ میں فی من 500 روپے کی کمی کر کے اسپاٹ ریٹ فی من 15100 روپے کر دیا ہے ۔ سندھ میں روئی کا بھاؤ کوالٹی کے حساب سے فی من 14800 تا 15300روپے رہا، پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 7000 تا 7600 روپے رہا ۔ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 14750 تا 15300 روپے رہا ،پھٹی کا بھاؤ 7000 تا 8200 روپے رہا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی روئی کے بھاؤ میں مندی غالب رہی ،نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ فی پاؤنڈ 63.84 تا 68.10 امریکن سینٹ کے درمیان رہا۔
روئی کے بھاؤ میں شدیدمندی، ملز کی محتاط خریداری سندھ و پنجاب میں بھاؤ15 ہزار300 روپے من رہا،کاٹن ایسوسی ایشن

Leave a Reply