Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 46 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • سندھ میں سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں کورونا ویکسین اور ٹیسٹنگ کیٹس ناپید

    کراچی: محکمہ صحت سندھ کے ماتحت اسپتالوں اور مراکز صحت میں کورونا ویکسین اور ٹیسٹنگ کیٹس ناپید ہوگئیں۔

    تٖفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کے تحت چلنے والے اسپتال، ہیلتھ کیئر سینٹرز، مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹرز سمیت دیگر مراکز صحت میں کورونا ویکسینیشن اور ٹیسٹنگ کیٹس کا بحران ہے، کراچی کے دو بڑے سرکاری اسپتالوں،جناح اسپتال اور سول اسپتال میں بھی کورونا ویکسینیشنز آخری بار گزشتہ سال جولائی تک مہیا کیں گئیں تھیں.

    کورونا ٹیسٹنگ کیٹس کی غیر موجودگی کے سبب ان اسپتالوں میں مہینوں پہلے ہی کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ بند کردیئے گئے تھے،اسپتال سربراہان اور انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آخری بار محکمہ صحت سندھ نے جولائی 2023 میں کورونا ویکسین اور ٹیسٹنگ کیٹس فراہم کیں تھیں،لیکن اب کورونا ویکسین اور ٹیسٹنگ کیٹس ختم ہوچکیں ہیں۔

    کورونا کے نئے ویرینئٹ کے کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ ایکسپینڈیڈ پروگرام آف ایمیونائزیشن (ای پی آئی) کے 11 جون 2023 تک کے ڈیٹا کے مطابق کراچی میں بارہ سال سے بڑی عمر کے افراد کی مجموعی تعداد 12243492 ہے،کراچی میں 12325342 افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے،جبکہ 12388952 افراد نے دوسری ڈوز بھی لگوائی ہے،کراچی میں 4172622 افراد کو کورونا کا پہلا بوسٹر ڈور لگایا گیا ہے،جبکہ 265558 افراد نے دوسرا بوسٹر ڈوز بھی لگوایا ہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر سہیل شیخ نے بتایا کہ یہ ڈیٹا بارہ سال سے بڑی عمر کے افراد کا ہے اور 11 جون 2023 تک کا ہے،اس ڈیٹا میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی کی آبادی سے بھی زیادہ ویکسینز لگیں ہیں کیونکہ کراچی کے باہر کے افراد بھی ویکسین لگوانے آرہے تھے،اس کے بعد بھی سرکاری سطح پر ویکسینیشن ہوئیں ہیں لیکن کیونکہ کورونا کیسز میں کمی آگئی تھی اس لیے لوگوں میں کورونا ویکسین کی ڈیمانڈ کم ہوگئی تھی اور ہم نے ڈیٹا جمع کرنا بھی روک دیا تھا۔

    جناح اسپتال کراچی کے جنرل فزیشن ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج کل موسم سرما کے سبب انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے،جبکہ کورونا جے این ون اور انفلوئنزا کی کچھ علامات ملتی جھلتی ہیں،جن میں نزلہ ،کھانسی اور سردرد شامل ہیں،ماضی میں بھی ایسا ہوا ہے کہ اکثر لوگ اپنے فلو کو کورونا سمجھ بیٹھتے تھے،جبکہ کچھ اپنے کورونا کو معمولی فلو سمجھ رہے تھے،اس لیئے ضروری ہے کہ حساسیت کو سمجھتے ہوئے ان علامات کے ظاہر ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔

  • شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق

    شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق

    شمالی وزیر ستان: خیبرپختونخوا کے علاقے میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں میں فائرنگ سے جاں بحق تین افراد میں حلقہ پی کے-104 سے انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت ملک کلیم اللہ ، مسرور اور محمد سخی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ملک کلیم اللہ ساتھیوں کے ہمراہ اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر فائرنگ کی گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میرانشاہ میں صوبائی اسمبلی کے مذکورہ حلقے میں انتخاب کے حوالے سے وضاحت جاری کردی کہ پی کے- 104 میرانشاہ میں امیدوار کے انتقال سے الیکشن عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، سکیشن 73 کے تحت انتخابی مہم کا حصہ بننے والے امیدوار کے انتقال سے الیکشن ملتوی ہوتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ فارم 33 میں شامل ہونے اور انتخابی نشان جاری ہونے کے بعد امیدوار انتخابی عمل کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    انتخابات میں سیکیورٹی کے حوالے سے نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کو 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے جس کے لیے وفاق کو آگاہ کردیا ہے، مالی مسائل کے باجود پولیس کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • سابق صوبائی وزیر بلوچستان اور لیگی امیدوار اسلم بلیدی پر قاتلانہ حملہ

    سابق صوبائی وزیر بلوچستان اور لیگی امیدوار اسلم بلیدی پر قاتلانہ حملہ

    بلوچستان کے علاقے کیچ میں سابق صوبائی وزیر، سینیٹر اور آئندہ عام انتخابات کیلیے حلقہ 258 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اسلم بلیدی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان کے مطابق اسلیم بلیدی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے تربت شہر میں مین روڈ پراندھا دھند فائرنگ کی جس میں وہ زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسلم بلیدی کو طبی امداد کیلیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کی تربت میں میر اسلم بلیدی پر ہونے والے حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی۔

    نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومگی نے ہدایت کی کہ انتخابی مہم اور امیدواروں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  • انتخابات کیلیے 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

    انتخابات کیلیے 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

    پشاور: نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات کیلیے 56 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے جس کے لیے وفاق کو آگاہ کردیا ہے۔

    پولیس لائنز کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، وفاق کی طرف سے ضم اضلاع کے شئیرز اور دیگر فنڈز پورے نہیں مل رہے۔

    سید ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ مالی مسائل کے باجود پولیس کو مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے 56 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔

    نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن اور عدالت کا فیصلہ حتمی ہوگا اور صوبائی حکومت اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    اُدھر پشاور ڈویژن کے پانچ اضلاع میں تین ہزار 201 پولنگ سٹیشنز میں سے ایک ہزار 293 پولنگ سٹیشنز کو انہتائی حساس اور ایک ہزار 234 کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔

    آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر پشاور محمد زبیر کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور،نوشہرہ،چارسدہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز،اسپیشل برانچ،انٹیلیجنس بیورو اور سی ٹی ڈی کے افسران نے شرکت کی۔

    پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اہلکاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلیے محکمہ صحت سے خواتین کی خدمات مانگنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے کمشنر پشاور نے محکمہ صحت کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کردیا۔

    کمشنر پشاور نے بتایا کہ پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں ایک ہزار 293 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی، 1234 کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں خواتین اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔

    اجلاس میں برف باری والے علاقوں میں الیکشن سے دو روز قبل برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے کے بھی احکامات جاری کیے۔

  • انٹربینک اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر تنزلی کا شکار

    انٹربینک اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر تنزلی کا شکار

    کراچی: ترسیلات زر میں اضافے اور ریکوڈک منصوبے میں ممکنہ سرمایہ کاری کے باعث بدھ کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ترسیلاتِ زر کی دسمبر میں آمد 5.4 فیصد بڑھ کر 2ارب 40کروڑ تک پہنچنے، ریکوڈک منصوبے میں سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری اور ایکسپورٹرز کی فارورڈ پر ڈالر کی فروخت کے باعث بدھ کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

    برآمدکنندگان کی جانب سے ڈالر کی فروخت، جاری معاشی اصلاحات کے نتیجے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جمعرات کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے 700ملین ڈالر کی قسط منظور کی توقعات اور سپلائی میں بہتری کے سبب کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10پیسے کمی سے 281 روپے 12پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
    اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں عمرہ زائرین بیرونی ملک پڑھنے والے طالبعلموں کی فیسوں اور طبی نوعیت کی ڈیمانڈ میں کمی سے طلب کی نسبت رسد بہتر ہونے سے ڈالر کی قدر 16پیسے کی کمی سے 282 روپے 18پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

  • نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل خارج

    نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل خارج

    لاہور: الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیلیں خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے فیصلہ سنایا۔ ترجمان الیکشن ٹربیونل کے مطابق نواز شریف کے حلقہ این اے 130 اور شہباز شریف کے حلقہ این اے 132 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل خارج کی گئیں۔

    الیکشن ٹربیونل نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے۔ خیال رہے کہ اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے نواز شریف کاغذات منظوری کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

  • دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ریاستی ردعمل اتنا شدید ہوگا، وزیراعظم

    دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ریاستی ردعمل اتنا شدید ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشتگرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے رد عمل میں اتنی ہی شدت آئے گی، دہشتگرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو شکست نہیں سکتے۔

    انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

    اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔

    انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں افواج پاکستان، پولیس، پولیو ورکرز اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔

    وفاقی کابینہ میں توثیق اور منظوریاں

    علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سے قبل سابق نگران وزیر داخلہ سرفراز احمدبگٹی کو اس کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی۔ اُن کے استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔

    وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ(LDDB) کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے پیش کی گئی سمری پر ہدایت دی کہ اس حوالے سے بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے فیصلوں کی روشنی میں لائیو سٹاک و ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کیا جائے تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کیا جا سکیں۔

    وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کو بھیج دیا. اس اتھارٹی کے تحت ملک میں cannabis کی کاشت ،ایکسٹریکشن، ریفائننگ اور طبی اور صنعتی استعمال کے حوالے سے ضروری ضوابط مرتب کئے جا سکیں گے۔

    وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13-12-2023، 15-12-2023 اور 20-12-2023کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

    وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائےحکومتی ملکیتی ادارہ جات (CCOSOEs) کے 28-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹوکیسز کے 22-12-2023 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

  • عالمگیر خان کی اپیل منظور، الیکشن لڑنے کی اجازت

    عالمگیر خان کی اپیل منظور، الیکشن لڑنے کی اجازت

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 236 سے پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان کی اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف درخواست منظور کرلی۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو حلقہ این اے 236 سے پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان کی اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کی درخواست منظور کرلی اور الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقہ این اے 236 سے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

    اپیلیٹ ٹربیونل نے عالمگیر کی اپیل مسترد کردی تھی، جس سے قبل ریٹرننگ افسر نے عالمگیر خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے تھے۔

  • ماضی میں سپریم کورٹ کے چھ اور ہائیکورٹس کے 10 ججز مستعفی ہوئے

    ماضی میں سپریم کورٹ کے چھ اور ہائیکورٹس کے 10 ججز مستعفی ہوئے

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی عہدے سے مستعفی ہونے والے سپریم کورٹ کے پہلے جج نہیں ہیں، قبل ازیں سپریم کورٹ کے 6 اور ہائی کورٹس کے 10 ججز نے مختلف ادوار میں مختلف وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔

    جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بطور جج سپریم کورٹ مستعفی ہونے والے ساتویں ہیں۔ 2016ء میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمان اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے، بطور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ان پر متنازع تعیناتیوں کا الزام تھا جو بعد میں سپریم کورٹ میں بھی گیا اور عدالتِ عظمیٰ نے ان تمام تعیناتیوں کو کالعدم بھی قرار دے دیا تھا تاہم متنازع تعیناتیوں میں نام نہ ہونے کے باجود وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

    سال 2001ء میں بے نظیر بھٹو کرپشن کیس میں جانب داری کے الزام پر جسٹس راشد عزیز نے استعفیٰ دیا۔ 3 نومبر 2007ء کو سابق صدر پرویز مشرف کے پی سی او حکم نامے کے تحت حلف اْٹھا نے پر سپریم کورٹ کے جسٹس فقیر محمد کھوکھر اور جسٹس ایم جاوید بٹر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد استعفی دیا۔

    سال 2001ء میں ہی لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس ملک محمد قیوم نے 1999ء میں بے نظیر بھٹو کرپشن کیس میں جانب دار ہونے کے الزام پر عہدہ چھوڑ دیا۔

    اپریل 2019ء میں لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان پاناما پیپرز میں نام سامنے آنے اور سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت ہونے پر مستعفی ہوئے۔

    فروری 2017ء میں لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس مظہر اقبال سندھو کرپشن الزامات کے بعد مستعفی ہوئے۔ جسٹس مظہر اقبال پر سپریم جوڈیشل کونسل میں کرپشن الزامات کے حوالے سے ریفرنس زیر سماعت تھا۔

    مئی 2015ء میں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد تسنیم ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ ہوئے۔ پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امان اللہ خان یاسین زئی جسٹس نادر خان ، جسٹس اختر زمان ملغانی، جسٹس احمد خان لاشاری او رجسٹس مہتہ کیلاش ناتھ سمیت مستعفی ہوئے۔

  • عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد؛ درخواستِ ضمانت مسترد

    عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد؛ درخواستِ ضمانت مسترد

    راولپنڈی: احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ رقم اور توشہ خانہ ریفرنسز میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرکے سماعت 11 جنوری تک کے لیے ملتوی کردی۔

    احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خان اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

    احتساب عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کرکے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی جب کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فردجرم کیلئے17 جنوری کی تاریخ مقررکردی گئی۔

    نیب حکام 11 جنوری کو توشہ خانہ ریفرنس کی ہونے والی سماعت میں 12 گواہان کو پیش کریں گے۔

    فیصلہ محفوظ کرنے سے قبل احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی اڈیالہ جیل کورٹ روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فر د جرم عائد کی گئی تھی۔

    جس پر ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

    توشہ خانہ ریفرنس

    نیب ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی جانب سے 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔ گزشتہ سال یکم اگست کو چیئرمین نیب نے توشہ خانہ ریفرنس پر تحقیقات شروع کرنے کے احکامات دیے اور پھر ڈی جی نیب نے گزشتہ سال 5 اگست کو شروع کیں۔

    ریفرنس کے مطابق رواں سال 14 جولائی کو توشہ خانہ کی تحقیقات تفتیش میں تبدیل ہوئیں، بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا، توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں۔

    نیب حکام نے ریفرنس میں بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کا سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایا گیا۔ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی، انہوں نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی۔

    نیب ریفرنس کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ 90 لاکھ روپے رقم کی ادائیگی کے عوض وصول کرلیا، توشہ خانہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ قیمت کا اندازہ لگانے والے پرائیویٹ فرد سے انتہائی کم قیمت لگوائی گئی بعد ازاں جیولری سیٹ کی اصل قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا۔