کراچی: پاکستان سپرلیگ سیزن الیون کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی کراچی کنگز کو جیت کے لیے247 رنز کا ہدف دے دیا۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔پشاور زلمی کے کوشال مینڈس نے 52 گیندوں پر 4 چھکوں اور 14 چوکوں کی بدولت 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51گیندوں پر 87رنز سکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔زلمی کے عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ مائیکل بریس ویل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Category: اہم خبریں
-

بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
کراچی: بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے جارح مزاج بیٹر کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ سنگ میل پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے پی ایس ایل 11 میں کراچی کنگز کیخلاف میچ میں عبور کیا۔پاکستانی سٹار بیٹر نے 338 اننگز میں 12 ہزار ٹی رنز مکمل کیے اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کا ریکارڈ توڑا۔کرس گیل نے 343 اننگز میں 12 ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ اس فہرست میں 360 اننگز میں سنگ میل عبور کرکے ویرات کوہلی تیسرے اور ڈیوڈ وارنر 368 اننگز میں 12 ہزار رنز بنا کر فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔علم میں رہے ک بابر اعظم 12 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں، ان سے قبل شعیب ملک یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں، ان کے رنز کی تعداد 13,571 ہے۔
-

لبنانی وزیراعظم نے پاکستان سے اسرائیلی حملوں کیخلاف تعاون مانگ لیا
اسلام آباد: لبنان نے اسرائیل کے حملوں کو فوری ختم کروانے پر پاکستان سے تعاون مانگ لیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور لبنان میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
-

ایران سے پاکستانیوں کی واپسی، تعداد 10 ہزار سے متجاوز
کوئٹہ: مشرقی وسطیٰ کی سنگین صورتحال کے باعث ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان ایف آئی اے محمد بہرام خان کے مطابق ایران کی صورتحال کے پیش نظر ایف آئی اے نے تفتان بارڈر پر امیگریشن اور بارڈر مینجمنٹ کے انتظامات مؤثر اور فعال رکھے ہیں۔محمد بہرام خان کے مطابق تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مکمل سکیورٹی بھی دی جا رہی ہے، 28 فروری سےاب تک تفتان بارڈر پر 10 ہزار 619 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں میں پاکستانی شہری، طلباء، زائرین اور دیگر افراد شامل ہیں۔محمد بہرام خان کے مطابق پاکستان واپس آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث تفتان بارڈر پہنچی، ایف آئی اے امیگریشن عملہ تفتان بارڈر پر چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسافروں کی بروقت امیگریشن، کلیئرنس اور دستاویزات کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے، تفتان بارڈر پر مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کا وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے، مسافروں کی آمد و رفت کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
-

امریکا ایران جنگ بندی پر اقوام عالم کا پاکستان سے اظہار تشکر
لاہور: عالمی سطح پر امریکا ایران جنگ بندی میں مؤثر اور نتیجہ خیز سفارتکاری پر پاکستان کی بھرپور پذیرائی کی جا رہی ہے،مختلف ممالک کی اہم شخصیات کی جانب سے مثبت ردعمل میں پاکستانی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی بھرپور تعریف کی جارہی ہے۔چین نے ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھر پور انداز میں سراہا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے جنگی بندی میں پاکستان کے احسن کردار پر شکریہ ادا کیا۔آسٹرین چانسلر کرسچن سٹوکر نے کہا کہ شدید بحران اور تباہ کن اثرات رکھنے والی جنگ کو رکوانےپر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جبکہ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھی پاکستان کے بطور ثالث شاندار کردار پر شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب نے امن و امان کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے احسن کردار کو سراہا ہے اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ جنگ بندی کیلئے پاکستان کی بطور ثالث انتھک محنت پر شکر گزار ہیں۔نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بھرپور کردار کو بھی سراہتا ہے۔یورپین کونسل اور یورپی یونین کمیشن کی صدور نے بھی ایران امریکا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا ہے۔یوکے ، فرانس ، اٹلی ، جرمنی ، کینیڈا ، ڈنمارک ، نیدر لینڈ، اسپین اور جاپان نے بھی مشترکہ بیان میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا، قازقستان ، ملائیشیا کے صدور اور ناروے ، سویڈن کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کی بہترین سفارتکاری کو خوب سراہا۔قطر،عمان، پرتگال، رومانیہ سمیت متعدد ممالک نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو قابل ِتحسین قرار دیا۔عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق شدید جنگی حالات میں امن کا راستہ نکالنا پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی کا واضح ثبوت ہے، جنگ بندی کے بعد بطور ذمہ دار ریاست پاکستان کے اعتماد اور وقار میں عالمی سطح پر بھرپور اضافہ ہوا ہے۔ماہرین کے مطابق پاکستان نے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کیا۔
-

سیاسی و عسکری قیادت کا اسلام آباد مذاکرات کامیاب بنانے کا عزم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے جنگ بندی مذاکرات کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، مذاکرات کامیاب بنانے کے لیے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔اجلاس کے شرکاء نے اسلام آباد مذاکرات کو کامیاب بنانے کا عزم کیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ جنگ بندی پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے، امن کا یہ موقع ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔
-

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کیلئے کردار کی تعریف
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ایرانی سفارتخانہ کے مطابق عباس عراقچی نے خطے میں جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔عباس عراقچی نے امن و سلامتی کے فروغ اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے مسلسل اور مؤثر کردار کی تعریف کی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے ایران پر بڑے حملے کی ڈیڈ لائن میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی۔ایران بھی پاکستان کی تجویز مانتے ہوئے عارضی جنگ بندی پر رضا مند ہوگیا، ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکی جنگ بندی معاہدے کے بعد تمام فوجی یونٹس کو رُک جانے کا حکم دے دیا، تاہم واضح کیا ہے کہ یہ جنگ کا خاتمہ نہیں بلکہ عارضی وقفہ ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے کے ذریعے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام عسکری شاخیں سپریم لیڈر کے حکم پر فوری طور پر جنگ بندی پر عمل کریں، مگر ملک مکمل طور پر الرٹ رہے گا۔
-

بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران18 افراد جاں بحق ہوئے: پی ڈی ایم اے
کوئٹہ:محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18 ہو گئی،جاں بحق ہو نے والوں میں7 مرد اور11بچے بھی شامل ہیں، مو سلا دھار بارشوں کے باعث 17افراد زخمی بھی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 11 بچے، 4 خاتون اور 2 مرد شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مو سلادھار بارشوں اور سیلاب کے باعث 65 مو یشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں، سیلابی صورتِ حال پیدا ہو نے سے تباہ ہونے والے گھروں کی تعداد 162ہو گئی، جس میں سے35 گھر مکمل جب کہ127 گھروں کو جزوری طور پر نقصان پہنچا ہے۔اِسی طرح مو سلادھار بارشوں کے باعث کیچ، کوہلو، لورالائی اور جعفر آباد میں جانی نقصانات رپورٹ ہوئے، مو سلادھار بارشوں کے باعث کچھی، ژوب، دکی اور قلعہ عبداللہ میں بھی جانی نقصانات ہوئے ہیں، اِسی طرح نصیر آباد، چمن، کوئٹہ، حب اور آواران کے ضلع بھی ہوئے۔پی ڈی ایم اے کے اعدادوشمار میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ لسبیلہ، کیچ، پشین، کوہلو، ہرنائی، قلعہ عبد اللہ، کچھی اور ژوب میں بھی نقصانات رپورٹ ہوئے، بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سر گرمیاں جاری ہیں۔
-

اسرائیلی جارحیت سے 10 بچوں سمیت 34 ایرانی شہید، جوابی حملے میں 25 امریکی فوجی ہلاک
تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 97ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور ملحقہ علاقوں میں متعدد امریکی و اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسرائیلی امریکی حملوں میں آج 10 بچوں سمیت 34 ایرانی شہید ہو گئے۔پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت کی گئی اس کارروائی کو ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق کویت میں محمد الاحمد بحری اڈے کے قریب ایک مقام پر موجود امریکی کمانڈرز اور افسران کے اجتماع کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد میں آمد و رفت بھاری جانی نقصان کی نشاندہی کرتی ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ کے چینل میں موجود کنگ ڈاؤ سٹار نامی ایک اسرائیلی جہاز کو قدر نیول کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، متحدہ امارات میں 25 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے تحت گزشتہ روز سے اب تک کئی جہازوں کو بغیر اجازت آمد و رفت سے روکا گیا اور انہیں آبنائے ہرمز کے مشرقی اور مغربی اینکریج کی جانب منتقل کیا گیا، جبکہ اسرائیلی شہر بئر السبع میں بھی صہیونی فوج سے منسلک صنعتی علاقے کو ایرو سپیس فورس نے نشانہ بنایا۔
-

محسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز آمد، غیرملکی اکابرین سے ملاقات، تعاون کی یقین دہانی
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں غیر ملکی وفود سے ملاقات کی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر سے ملاقات کی، بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے بھی ملاقات کی۔محسن نقوی نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی گراں قدر خدمات کو سراہا، غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وزارت داخلہ کے بے پایاں تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی ایشو نہیں ہوا۔غیر ملکی اکابرین نے وفاقی وزیر داخلہ کو بتایا کہ ہم سب کو آپ کی وجہ سے بہت زیادہ سہولت ملی، خدا آپ کو انسانیت کی خدمت کی مزید توفیق دے۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔محسن نقوی نے یقین دلایا کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، رواں سال بھی ائیر پورٹس پر سپیشل کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کیلئے سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور ثواب کا کام ہے، دین اسلام کی تبلیغ میں تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد۔ شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سر بلندی کے لئے دعا کی گئی، پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
