اسلام آباد: پاکستان نے قطر پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قطر کی برادر ریاست پر اسرائیل کی بلا اشتعال اور غیر قانونی جارحیت کے پیشِ نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے اور سلامتی کونسل کو فوری طور پر اس پر غور کرنا چاہیے، پاکستان قطر کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔قبل ازیں گزشتہ روز اسرائیلی حملے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اس اقدام کی مذمت کی تھی اور امیر قطر سے فون پر رابطہ کرکے مکمل یک جہتی کا اظہار کیا تھا۔
Category: اہم خبریں
-

صدر مملکت سے بحرین کے وزیر داخلہ کی ملاقات، ویزا فری معاہدے کو سراہا
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری سے بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ کی ملاقات ہوئی، صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان ویزا فری معاہدے سمیت موجودہ تعاون کو سراہا۔ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، بحرین میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کی خوشحالی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی، امیگریشن، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات میں مزید تعاون پر زور دیا، صدر نے بحرین میں پاکستانی پروفیشنلز اور ورک فورس کی خدمات کو سراہا۔آصف علی زرداری نے ویزا سسٹمز کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل سہولتیں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے بحرین کے وزارت داخلہ کے افسران کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی۔جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے صدر کو بحرین کی قیادت اور عوام کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چودھری اور سینیٹر ندیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔
-

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ کیلئے معاہدہ
ہانگ کانگ: پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔وزارتِ قانون و انصاف اور ہانگ کانگ کے محکمہ انصاف کے درمیان دسویں بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ کے موقع پر تعاون کی مفاہمتی یادداشتِ پر دستخط کیے گئے۔ہانگ کانگ میں منعقدہ تقریب میں ہونے والے اس معاہدے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری وزارتِ قانون و انصاف راجا نعیم اکبر اور ہانگ کانگ کے سیکریٹری برائے انصاف پال ٹی کیلام نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت دونوں فریق قانونی امور میں تعاون کو فروغ دیں گے اور قانونی معاملات میں افراد کی تربیت و صلاحیت سازی کے لیے اقدامات کریں گے، معاہدے کے تحت ہانگ کانگ پاکستان کو کاروباری تنازعات کے حل کے لیے ثالثی اور متبادل حل کے نظام کو فروغ دینے کے لیے تربیت اور تعاون کرے گا۔علاوہ ازیں ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ ڈیجیٹل گورننس اور ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن میں بھی تعاون کریں گے۔بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راجا نعیم اکبر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے قانونی شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کروانے ، ادارہ جاتی اصلاحات اور علم کے تبادلے میں معاون ثابت ہو گا۔
-

کراچی: بارش سے تھڈو ڈیم اوورفلو، ندیاں بپھر گئیں، پانی آبادیوں میں داخل، فوج طلب
کراچی: کراچی میں وقفے وقفے سے طوفانی بارش کے بعد اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، شدید بارشوں کے باعث تھڈو ڈیم اوور فلو کر گیا، ملیر اور لیاری کی ندیاں دریاؤں میں تبدیل ہوگئیں، جس سے پانی اطراف کی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل بارش کے باعث کراچی کے ڈیم اوور فلو ہوگئے، جس کے باعث پانی سعدی ٹاؤن سمیت سکیم 33 کے متعدد رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، ملیر، ایم نائن، سہراب گوٹھ، خمیسو گوٹھ، لیاری ندی، ملیر ندی، مچھر کالونی سمیت دیگر علاقے ڈوب گئے۔ملیر اور لیاری کی ندی میں پانی کی سطح بلند ترین ہوگئی، قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہونے سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پاک فوج اور پاکستان رینجرز کے اہلکاروں نے بھی ریسکو آپریشن میں حصہ لیا۔حکمہ موسمیات کی جانب سے آج مزید موسلا دھار اور تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، سسٹم 8 سے 9 گھنٹے میں ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا، جو 11 ستمبر کو بلوچستان کے ساحل پر پہنچ کر ختم ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم اب تک ڈپریشن کی شدت کے ساتھ سندھ پر اثر انداز ہے، تیز بارش برسانے والے بادل کراچی کے شمال میں موجود ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات بھر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ہے، انہوں نے ملیر ندی میں پانی کے بہاؤ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہاں اتنا پریشر پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا، آج کا دن ایک چیلنج ہے، انتظامیہ گراؤنڈ پر موجود ہوگی۔
-

شہباز شریف ایس سی او اجلاس میں شرکت کے بعد بذریعہ بلٹ ٹرین بیجنگ پہنچ گئے
بیجنگ(انٹرنیشنل ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کونسل کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد تیانجن سے بذریعہ بلٹ ٹرین بیجنگ پہنچ گئے۔ بیجنگ کے جنوبی ریلوے سٹیشن پر نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کی رکن وینگ ہانگ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ساتھ تھے۔بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔وزیر اعظم کی چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ، چینی وزیر اعظم عزت مآب کی کیانگ اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز چین-پاکستان بزنس تو بزنس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
-

اسحاق ڈار کا افغان وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس
اسلام آباد(سنگ میل نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ، افغانستان میں آنے والےہولناک زلزلے میں سیکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں آنیوالے تباہ کن زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغان عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔خیال رہے کہ افغانستان میں گذشتہ رات آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 2700 سے زائد زخمی ہوگئے، صرف صوبہ کنڑ میں 800 افراد جاں بحق ہوئے اور کئی گاؤں مٹی تلے دب گئے، صوبہ ننگرہار اور لغمان میں بھی جانی نقصان ہوا۔
-

جعفر ایکسپریس ، خضدار میں اسکول بس پر حملے ، پہلگام واقعہ قابل مذمت ہے ،ایس سی او اعلامیہ
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)شنگھائی تعاون تنظیم نے دہشتگردی سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح اور دو ٹوک رہا ہے جسے دنیا نے تسلیم کیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دہشتگردی کی تمام اقسام کو قابل مذمت قرار دینا پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دہرے معیار کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔اعلامیے کے مطابق جعفر ایکسپریس اور خضدار میں بچوں کے اسکول بس پر حملے اور پہلگام واقعے کی مذمت کی گئی ،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے وسیع شرکت کے ساتھ حکومت قائم کی جائے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ہر قوم کو آزادی سے سیاسی، سماجی اور اقتصادی راستے کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے، دہشتگرد گروہوں کو سیاسی یا کرائے کے مقاصد کیلئے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان سرحد پار دہشتگردی کی سہولت کاری کے شواہد دنیا کے سامنے پیش کرتا آیا ہے، جعفر ایکسپریس اور خضدار میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارتی کردار کو شواہد کے ساتھ ثابت کیا گیا، 24 اپریل کو پاکستان نے پہلگام واقعے پر آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس کا جواب بھار ت نے نہیں دیا۔
-

490 افراد خیبرپختونخوا میں سیلاب کی نذر ہوئے، متاثرین کا ازالہ کررہے ہیں:علی امین گنڈ اپور
پشاور(سنگ میل نیوز) وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 490 افراد خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے۔خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بارشوں سے ہمارے کئی شہروں میں نقصانات ہوئے، بنیر، شانگلہ ، صوابی اور سوات بہت متاثر ہو۔انہوں نے کہا کہ 12 اور 14 فٹ کا ریلا آیا جس نے گھروں کو زمین بوس کردیا،ہمارے تمام ادارے متحرک ہوئے اور کام کیا، 24 گھنٹوں میں تمام لوگوں تک پہنچ کر ریسکیو کیا،اب تک شہید ہونے والے تمام افراد کو نکالا گیا ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ 490 افراد خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے، ہم متاثرین کا ازالہ کررہے ہیں، مرنے والوں کیلئے 20 ،20 لاکھ روپے دیے گئے ہیں ،50 فی صد زخمیوں کو رقم مل گئی۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے پاس زخمیوں کو دینے کے لیے چیک بکس کم پڑ گئے، چیک بک نہ ہونے کہ وجہ سے 100 فی صد زخمیوں کو پیسے دینے سے قاصر رہے۔ان کا کہنا تھا کہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کو 10 لاکھ روپے دئیے جارہے ہیں، سرکاری املاک پر بھی کام جاری ہے، تاریخ میں اتنی تیزی سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کام نہیں ہوا جتنا ہم نے کیا، اگر ہم نے وقت پر ڈیم بنائے ہوتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ 10 لاکھ پر کسی کا گھر نہیں بن سکتا صرف یہ ایک سپورٹ دے رہے ہیں، اگر ہماری پلاننگ ہوتی تو جتنے پیسے دیے ہیں اتنے نہ لگتے، بدقسمتی سے ہم نے ماضی میں کچھ نہیں کیا۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 2022ءکے سیلاب کا ڈیرہ اسماعیل خان کا تجربہ تھا، ہم نے کچھ نئے ڈیم شروع کئے ہیں۔
-

پنجاب میں بدترین سیلابی صورتحال، ہزاروں بستیاں ڈوب گئیں، لاکھوں لوگ متاثر
لاہور(بیورورپورٹس) پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے سے صوبے میں بدترین سیلابی صورتحال برقرار ہے، سیلابی ریلوں کی وجہ سے ہزاروں بستیاں ڈوب گئیں جبکہ لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے تینوں دریاؤں میں بدترین سیلابی صورتحال برقرار ہے جس کے سبب اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور مختلف حادثات میں 33 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔بھارت نے بغیر پیشگی اطلاع دیئے دریائے چناب میں پانی چھوڑ کر ایک بار پھر آبی جارحیت کا مظاہرہ کر دیا جس کے باعث ہیڈ تریموں پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 79 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر بھی پانی کی آمد میں اضا فہ ہوا ہے مگر صورتحال معمول پر ہے، دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادرآباد پر پانی کی سطح کم ہوئی ہے اور اب درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔محکمہ آبپاشی کے ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیئے ہیں جس سے دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا پاکستان پہنچے گا، کچھ روز قبل بھی بھارت نے 9 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا تھا مگر اس وقت دریا معمول کے مطابق بہہ رہا تھا، بھارت کی جانب سے سلال ڈیم سے پانی چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اس وقت دریائےچناب میں تریموں کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، تریموں کے مقام پر سیلاب کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 79 ہزار 743 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے چناب کا سیلابی ریلا سیالکوٹ، وزیرآباد اور چنیوٹ سے گزرتے ہوئے جھنگ میں داخل ہو چکا ہے جہاں تقریباً 200 دیہات زیر آب آ گئے اور سینکڑوں گھر پانی میں ڈوب گئے۔ادھر دریائے ستلج کی غضب ناک لہریں بورے والا کی حدود میں تباہی مچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، سیلاب کے نتیجے میں ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ اس وقت بورے والا سے گزر رہا ہے جو ہر طرف تباہی کی علامت بن چکا ہے۔سیلاب سے بچاؤ کے لیے بنائے گئے متعدد بند ٹوٹ چکے ہیں جس کی وجہ سے سیلابی پانی ساہوکا تک پہنچ چکا ہے، ہزاروں ایکٹر پر کاشت کی گئی فصلیں، بشمول کپاس، دھان، مکئی اور تل مکمل طور پر دریا برد ہو گئی ہیں۔اس سیلابی ریلے نے کھیتوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور فصلوں کی تباہی نے کسانوں کے لیے ایک بڑا المیہ کھڑا کر دیا ہے۔
-

پاک فوج کے ایم آئی17 ہیلی کاپٹر کو چلاس کے قریب حادثہ، میجرز سمیت 5 اہلکار شہید
راولپنڈی (سنگ میل نیوز) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 میجر سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران ہُڈور گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، ہیلی کاپٹر تھکداس کنٹونمنٹ سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر کریش لینڈنگ کے بعد تباہ ہوا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود تمام عملہ جامِ شہادت نوش کر گیا، شہید ہونے والوں میں پائلٹ ان کمانڈر میجر عاطف، کوپائلٹ میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول، کریو چیف حوالدار جہانگیر اور کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ فنی خرابی پیدا ہوئی، آرمی ایوی ایشن کی تربیتی پروازیں معمول کا حصہ ہیں تاکہ آپریشنل تیاری کو ہر وقت یقینی بنایا جا سکے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ تربیت دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی امدادی و بحالی کے مشنز کے لئے بھی ناگزیر ہے، ملک کے دفاع اور عوامی خدمت کے ہر پہلو میں بھرپور تیاری یقینی بنائی جائے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر نے دیامر میں ہیلی کاپٹر گرنے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔قبل ازیں گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا تھا کہ ’ہمارا ایک ہیلی کاپٹر چلاس میں گر کر تباہ ہو گیا ہے‘، جس میں 2 پائلٹ اور 3 ٹیکنیکل سٹاف سوار تھے۔
