اسلام آ باد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے اسرائیلی اشتعال انگیزی کے خلاف امت مسلمہ کے متحد ہونے پر زور دیا۔پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کا ہنگامی دورہ کیا، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے، قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان اور صومالیہ کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ثالث ملک قطر کو نشانہ بنانا امن مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، پاکستان اور قطر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم نے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں مختلف دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے مزید بتایا کہ خودمختار ریاستوں پر اسرائیل کے بار بار حملے تشویشناک ہیں اور اسی پس منظر میں عرب اسلامک سمٹ کا اجلاس دوحہ میں بلایا گیا ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے 10 ستمبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کی انسدادِ دہشت گردی سے متعلق ذیلی تنظیم کی صدارت سنبھال لی ہے اور علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر انسدادِ دہشت گردی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیری حریت رہنما شبیر احمد شاہ کو کینسر کے باوجود ضمانت نہ دینے کی بھی مذمت کی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین بھرپور تعلقات ہیں جن میں دفاعی تعاون بھی شامل ہے، ترک وزیر دفاع کا حالیہ دورہ اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، صدر مملکت آصف زرداری کے دورۂ چین سے متعلق سوال پر وضاحت کی کہ یہ دورہ ہنگامی نوعیت کا نہیں تھا بلکہ پہلے سے طے شدہ تھا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے حالیہ سیلابوں سے متعلق پیشگی اطلاع دی مگر ماضی کی طرح تفصیلی معلومات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی انڈس واٹر کمشنر فورم سے آگاہ کیا گیا۔علی امین گنڈاپور کے معطل پاسپورٹ سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ وضاحت دے سکتی ہے جبکہ بیرونی ممالک سے مذاکرات اور بات چیت وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب کے پس منظر میں بین الاقوامی مدد کی اپیل کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے، وفاقی حکومت جب مناسب سمجھے گی اپیل کرے گی۔
Category: اہم خبریں
-

ڈینگی کے اسلام آباد میں 18نئے مریض ،پنڈی میں 46زیر علاج
اسلام آباد،راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں ڈینگی کے 18نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ، 12مریض ہسپتالوں میں داخل، 6دیہی، 12مریضوں کی شہری علاقوں میں تصدیق ہوئی ہے۔ ،1066 مقامات کا معائنہ میں 56 مثبت ہاٹ سپاٹس کی تصدیق ہوئی ہے ,39 ہزار سے زائد انسدادی سرگرمیاں انجام دی گئیں ،سپرے ،70مقامات پر بڑے پیمانے پر فوگنگ آپریشن کیا گیا ہے ، اس وقت ضلع راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ 46 مریض داخل ہیں۔ لاروا کی افزائش کی جانچ پڑتال کے لیے 12سو 90 ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔
-

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر فوجی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب ،شہدا کو خراج عقیدت
اسلام آباد:پاکستان کے 60ویں یومِ دفاع کے موقع پر قوم کی ثابت قدمی اور افواجِ پاکستان کی بہادری کو خراجِ عقیدت اور سلامِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار اور شاندار تقریب فوجی فاؤنڈیشن کی جانب سے فاؤنڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوئی ۔فوجی فاؤنڈیشن کے ایم ڈی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ہلالِ امتیاز (ملٹری) (ریٹائرڈ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء، شہداء کے بچے ، سابق فوجی اور فلاحی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔مہمانِ خصوصی نے خطاب میں افواجِ پاکستان کے اس عزم کو سراہا کہ وہ ہر قیمت پر وطن عزیز کا دفاع کریں گی۔
-

کوئی خو ش فہمی نہ رہے، آج غزہ کل سب کی باری : خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کوئی ملک خوش فہمی میں نہ رہے آج غزہ تو کل سب کی باری آئے گی۔ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ غزہ کے فلسطینیوں اور وہاں کے بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میرا یقین ہے کہ مسلم ممالک غزہ کی مدد ضرور کریں گے، دشمن سامنے آئے تو جذبہ ایمانی ہونا چاہئے اور پاکستان نے یہ ثابت کیا،پاکستان نے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، ہمیں امریکا یا کسی اور کی حفاظت پرنہیں اللہ پر یقین تھا۔ عرب ممالک ہمارے دوست بھائی ہیں ہم ان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔ دوسری طر ف نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے قطر کی برادر ریاست پر اسرائیل کی بلا اشتعال اور غیر قانونی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے ۔ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوحہ پر فضائی حملے کو قطر کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیدیا جبکہ او آئی سی نے بھی قطری دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس معاملہ پرہونیوالا اجلاس قطرکی درخواست پر آج جمعرات تک ملتوی کردیا تاکہ قطر کے وزیر اعظم اجلاس میں شرکت کر سکیں۔امریکی تھنک ٹینک کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حماس کا آخری ٹھکانہ ترکیہ ہے جو اسرائیل کا اگلا نشانہ ہو سکتا ہے ۔امریکی تھنک ٹینک انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو مائیکل روبن کے مطابق ترکیہ کی نیٹو رکنیت اسے اسرائیلی حملے سے تحفظ فراہم نہیں کریگی ۔قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے کہ دوحہ میں حماس پر اسرائیلی حملے نے غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کی امید کو ختم کر دیا ہے ،قطر کے وزیراعظم نے بنجمن نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ۔نیتن یاہو نے قطر پر حملے کو پاکستان میں اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے کے امریکی آپریشن سے تشبیہ دیدی۔انہوں نے ویڈیو بیان میں کہاکہ یہ کارروائی بالکل اسی طرح کی گئی جیسے امریکا نے افغانستان میں القاعدہ کے جنگجوؤں اور پاکستان میں اسامہ بن لادن کو قتل کرنے کیلئے کی تھی۔
-

سپر ٹیکس کیس، آسانیاں پیدا کرینگے تو کام چلیں گے، حوصلہ شکنی نہ کریں : سپریم کورٹ
اسلام آباد:سپریم کورٹ آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس میں ایف بی آر وکیل کے دلائل مکمل نہ ہو سکے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے سیمنٹ کی بوری ہو یا ایل این جی، بوجھ عام آدمی پر ہی آتا ہے، لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں گے تو کام چلیں گے۔جسٹس جمال مندوخیل بولے ٹیکس دینے والوں کی حوصلہ شکنی نہ کریں لوگ پھر بیرون ملک جاتے ہیں۔سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نجی کمپنی کے وکیل مخدوم علی خان نے موقف اختیار کیا کہ دیکھنا یہ ہے کیا انکم ٹیکس قانون کی شقیں آئین کے مطابق ہیں، عدالت انکم ٹیکس قانون کو آئین کے تناظر میں دیکھے ۔ ایف بی آر کی وکیل عاصمہ حامد نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا ایف بی آر کیلئے سب سے بڑی مشکل مختلف ہائیکورٹس کے مختلف فیصلے ہیں، ایک ہی معاملے پر ہائیکورٹس کے مختلف فیصلے موجود ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے اس کیس میں ہائیکورٹس کیخلاف اپیلیں ہی سن رہے ہیں، ہائیکورٹس کے فیصلوں کو مدنظر رکھ کر ہی اپنا فیصلہ دیں گے۔وکیل ایف بی آر نے کہا سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سابقہ دو فیصلوں کی بنیاد پر دیا۔ جسٹس جمال مندو خیل نے استفسار کیا پارلیمان نے ٹیکس پیئر میں تفریق کیوں رکھی؟ وکیل عاصمہ حامد نے کہا سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے کوئی ڈیٹا نہیں مانگا۔ جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے ٹیکس لگانے کا واحد مقصد تو حکومتی آمدن کو بڑھانا ہوتا ہے، ایسے اقدامات سے ٹیکس پیئر کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے ٹیکس کا سارا بوجھ آخرکار صارف اور عوام پر آتا ہے ۔ وکیل ایف بی آر نے کہا حکومت نے سپر ٹیکس صرف خاص حد کی آمدن والے پر لگایا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے سیمنٹ کی بوری ہو یا ایک ایل این جی، بوجھ عام آدمی پر ہی آتا ہے ، لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے تو کام چلیں گے ۔ وکیل ایف بی آر نے کہا انکم ٹیکس اور سپر ٹیکس کی تعریف میں فرق ہے ، سپر ٹیکس 300 ملین کی آمدن سے زائد پر لگایاجاتا ہے ۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے مقدمہ صرف اتنا ہے کہ ٹیکس پیئر میں تفریق کیوں کی گئی۔ جسٹس جمال مندو خیل نے کہا نہ فیصلوں میں وجوہات ہیں نہ ٹیکس میں تفریق کی وجوہات بتائی گئیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے بجٹ تقریر کے علاؤہ کوئی اور دستاویز کیس میں ضروری نہیں، دیگر ٹیکسز کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ٹیکس لگایا گیا؟ وکیل ایف بی آر نے موقف اپنایا سپر ٹیکس ایک خاص آمدن سے اوپر والے 15 سیکٹرز پر لگایا گیا، کسی کمپنی کے وکیل نے ٹیکس ادائیگی کی استطاعت نہ ہونے کا موقف نہیں اپنایا۔ بعدازاں عدالت نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔
-

عراقی ایئرفورس کے کمانڈر کی ایئر ہیڈکوارٹرز میں ایئر چیف مارشل سے ملاقات
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عراقی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل غالب محمد رادی کی ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے عراقی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل غالب محمد رادی نے ملاقات کی، ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔پاکستان اورعراق کے درمیان تعاون کےمختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، باہمی تربیت، استعدادکار اور ایوی ایشن صنعت میں ترقی پر زور دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایئرچیف نے پاک عراق تاریخی و دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا، ایئرچیف نے عراقی فضائیہ کی تربیت میں بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں فضائیہ کے سربراہان نے مشترکہ مشقیں اور تربیتی اقدامات پر اتفاق کیا۔
-

ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کیلئے پُرعزم ہیں: ہیڈ کوچ مائیک ہیسن
دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں سے سخت محنت کی، ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کے لیے پُرعزم ہیں۔دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کافی پُراعتماد دکھائی دی ہے، پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان بیٹنگ اور بولنگ کا سخت مقابلہ ہو گا۔مائیک ہیسن نے کہا کہ دبئی کی پچ شارجہ سے کچھ مختلف ہے، معائنہ کرنا گیم کا حصہ ہے، ہمارے پاس ملٹی سکلز کھلاڑی موجود ہیں۔پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ دبئی کی پچ بیٹنگ کے لیے بہتر لگ رہی ہے، پاکستانی بیٹنگ حالیہ دنوں میں بہتر ہوئی ہے، شارجہ کی مشکل پچ پر بھی پاکستانی بیٹرز نے کمال بیٹنگ کی تھی۔
-

نائن الیون کو24برس بیت گئے، امریکی بارود سے تباہ عراق اور افغانستان کے زخم تازہ
واشنگٹن: امریکا میں ہونے والے سانحہ نائن الیون کو 24 برس بیت گئے۔11 ستمبر2001ء کو دہشتگردی نے دنیا کا منظرنامہ بدل دیا، ورلڈ ٹریڈ سینٹر، پینٹاگون، پنسلوینیا میں طیاروں سے حملے کئے گئے تھے، حملوں میں 77 ممالک سے تعلق رکھنے والے 3000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔صدربش نے واقعہ کے بعد دہشتگردی کیخلاف جنگ کااعلان کیا تھا، امریکا نے اُسی سال القاعدہ کو ذمہ دار قراردے کر افغانستان پر حملہ کردیا تھا جس کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان میں آپریشن اینڈیورنگ فریڈم کے نام سے کیا گیا۔نائن الیون حملوں کے بعد دنیا بھر میں پاکستان امریکا کا سب سے اہم اور دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اتحادی بن کر سامنے آیا تھا، سابق صدر پرویز مشرف نے جہاں افغان طالبان کے خلاف امریکی و نیٹو سپلائی کیلئے پاکستانی سرحدیں کھول دیں، وہیں قوم کو بتائے بغیر کئی پاکستانی ہوائی اڈے اور دیگر عسکری سہولیات بھی امریکا کو دے دی تھیں۔ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹوئن ٹاورز کے ملبے کو وہاں سے اٹھانے میں آٹھ ماہ لگے تھے، گراؤنڈ زیرو پر ایک میوزیم بن چکا ہے اور اس کے اردگرد مختلف ڈیزائن کی عمارتیں کھڑی ہو چکی ہیں۔اب ٹوئن ٹاور کی جگہ ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر یا فریڈم ٹاور تعمیر ہو چکا ہے جس کی اونچائی 1,776 فٹ ہے اور یہ تباہ ہونے والے شمالی ٹاور جس کی اونچائی 1368 فٹ تھی سے 408 فٹ بلند ہے۔پینٹاگون کی تعمیر نو میں ایک سال سے بھی کم وقت لگا اور اگست 2002 میں پینٹاگون کا عملہ واپس اسی جگہ واپس پہنچ چکا تھا۔امریکا میں ہلاک افراد کی یاد میں آج شمعیں روشن کی جائیں گی، مرنے والوں کی یاد میں امریکی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔
-

پنجاب: سیلابی ریلے نے جلالپور پیروالا کو گھیر لیا، ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کا انخلاء
لاہور، ملتان، بہاولپور: پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دریائے چناب کے بپھرنے سے ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کو چاروں جانب سے بڑے سیلابی ریلے نے گھیر لیا، ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کا انخلاء جاری ہے۔تازہ واقعات میں سیلاب متاثرین کی کشتیاں الٹ گئی ہیں جس سے کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 9 لاپتہ ہو گئے، ملتان سے نوجوان کی لاش برآمد ہو گئی، 21 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ پر فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے جلال پور پیروالا کو بچانے کیلئے بنائے گئے عارضی بند پر پانی کا دباؤ مسلسل برقرار ہے، شہر سے تیزی سے آبادی کو نکالا جا رہا ہے۔صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے کہ جلال پور پیروالا کے چاروں اطراف پانی ہے، تحصیل جلالپور کے 90 فیصد نواحی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔جلالپور پیر والا کے 138 موضع جات زیر آب آ چکے ہیں۔ادھر اوچ شریف کے علاقہ بھکری کے قریب پرائیویٹ کشتی سیلابی پانی میں الٹ گئی ، کشتی میں سوار 4 افراد سیلابی پانی میں ڈوب گئے جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت بچا لیا۔بہاولنگر کی دریائی پٹی میں 145 دیہات زیر آب دریائے ستلج میں بھکاں پتن کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب سے پانی راجیکا، بہادرکا شرقی اور قاسمکا کے قریب بند ٹوٹنے سے پانی مزید آبادیوں میں داخل ہو گیا۔دریائی پٹی کے 150 کلومیٹر کے علاقے میں 145 موضع جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، ایک لاکھ بیس ہزار ایکڑ سے زائد کھڑی فصلیں ڈوب گئیں، متعدد سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا بہاولنگر سے زمینی راستہ منقطع ہے، دریائی بیلٹ میں 34 سکول غیر معینہ مدت کیلئے بند ہیں ۔متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء، ادویہ اور جانوروں کے لیے چارے کی قلت کا سامنا ہے۔ادھر ملتان کے موضع گردیز پور میں سیلابی پانی سے لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت 25 سالہ محمد جعفر کے نام سے ہوئی ہے، جعفر دو روز قبل جانوروں کو بچاتے ہوئے سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔
-

شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت، امن کیلئے اتحاد کا عزم
دوحہ: قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کا ایک روزہ دورہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ رشتوں کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے ذمہ دارانہ و تعمیری ثالثی کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کی ایسی کارروائیوں کا مقصد واضح طور پر علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور جاری سفارتی اور انسانی کوششوں کو خطرہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت پر بات کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔شہباز شریف نے 15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا، وزیر اعظم نے رواں سال کے آغاز میں ہندوستان کی پاکستان پر بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے لئے قطر کی بھرپور حمایت پر امیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔قطر کے امیر نے اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ کا دورہ کرنے کے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔دورے میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اپنا ایک روزہ دورہ قطر مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
