راولپنڈی: نو مئی کے واقعات کے الزام میں پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن قرار دے کر گرفتار کیا جانے والا شخص مالشیا نکلا جس کا تحریک انصاف یا توڑ پھوڑ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
راولپنڈی کے تھانہ سٹی کی حدود لیاقت روڈ سے 9 مئی کے ہنگاموں توڑ پھوڑ گھیراؤ جلاؤ کیس میں گرفتار ’وزیر اعظم‘ تحریک انصاف کے سرگرم کارکن کی بجائے مالشیا نکلا،جو کال کرنے پر شہر کے ہوٹلوں میں جاکر سرسوں کے تیل سے تھکے ہارے افراد کی مالش کرتا تھا اور گرفتاری سے ایک ماہ قبل میلسی ڈسٹرکٹ وہاڑی سے مزدوری کے لیے راولپنڈی آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیاقت روڈ، لیاقت باغ ،چلڈرن پارک کمیٹی چوک اور مقامی ہوٹلوں میں وہاڑی کے مستقل رہائشی 4 مالشیوں نے بیان حلفی تحریر کر کے ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر کو پیش کر دئیے ہیں۔ ان چار مالشیوں محمد عمران، خضر عباس، محمد بشیر اور محمد عمران نے اپنے الگ الگ بیانات حلفی میں بتایا ہے کہ وہ گزشتہ ایک سے دو سال سے راولپنڈی میں مالش کا کام کر کے رزق حلال کماتے ہیں، وہ لیاقت باغ ، لیاقت روڈ پر واقع ہوٹلوں میں جاکر لوگوں کی مالش کرتے ہیں۔

Leave a Reply