پنجاب میں آٹھ سال بعد لیپ ٹاپ اسکیم کا دوبارہ آغاز، وزیراعلیٰ مریم نواز کا نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کا تحفہ

لاہور: پنجاب میں آٹھ سال کے وقفے کے بعد لیپ ٹاپ اسکیم کا باقاعدہ دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کی تاریخی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) میں اسکیم کے پہلے فیز کا افتتاح کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے درمیان بیٹھ کر لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور ان کے خیرمقدمی نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔پہلی مرتبہ طلبہ کو جدید ترین 13ویں جنریشن کے کور آئی 7 لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لیپ ٹاپ اسکیم کے ساتھ ساتھ ہونہار اسکالرشپ فیز 2 کا بھی آغاز کر دیا، جس کے تحت دو سے پانچ سال اور تیسرے سے آٹھویں سمسٹر کے طلبہ کو 20 ہزار اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔لاہور ڈویژن کی 13 سرکاری یونیورسٹیوں، 6 میڈیکل کالجز اور 27 اعلیٰ تعلیمی اداروں کے 3,121 طلبہ کے لیے 12 کروڑ روپے سے زائد کی اسکالرشپس مختص کی گئی ہیں۔ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لاہور ڈویژن کے 14 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر دیگر صوبوں کے 5,000 طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے 3,136، بلوچستان کے 938، آزاد جموں و کشمیر کے 517، اور گلگت بلتستان کے 410 طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ ملیں گے۔ اس حوالے سے ای پورٹل کھول دیا گیا ہے تاکہ طلبہ آسانی سے رجسٹریشن کرا سکیں۔خصوصی تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ کوئین میری کالج کی طالبات کے دستے نے بھی خصوصی اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کی جانب سے اسکیم پر خصوصی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی، جب کہ یو ای ٹی کے طلبہ نے ملی نغمے گا کر محفل کو چار چاند لگا دیے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب کے اختتام پر کہا:”جب پاکستان کے نوجوان کہہ رہے ہیں ’’قدم قدم آباد رہے‘ تو ان شاءاللہ یہ دھرتی تا ابد آباد رہے گی۔‘‘