وفاقی وزیر حنیف عباسی کا لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ، صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اچانک لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈویژنل میڈیکل افسر صائمہ ممتاز کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر ریلوے نےاسٹیشن پر ملازمین کی غیر حاضری کا بھی سخت نوٹس لیا اور سٹیشن ماسٹر لاہور کی سرزنش کی۔ انہوں نے صوبائی فوڈ اتھارٹیز کو ریلوے سٹیشنوں پر چھاپہ مارنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت فوڈ اتھارٹیز ریلوےسٹیشنوں پر بغیر کسی پیشگی اطلاع کے کھانے کا معیار چیک کر سکیں گی۔محمد حنیف عباسی نے سٹیشن سے پیدل واشنگ لائن تک کا دورہ کیا اور وہاں ملازمین کی کم تعداد دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریلوے کے گھروں سے تمام ملازمین کو فوری طور پر واپس بلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی موجودہ حالت من پسند بھرتیوں کا نتیجہ ہے اور اب نرم مزاجی نہیں دکھائی جائے گی، بلکہ سختی سے کام لیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے ریلوے میں بدعنوانی کے تمام کیسز وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اپنے دورے کے دوران، محمد حنیف عباسی نے مزار بی بی پاک دامن پر بھی حاضری دی اور وہاں چادر چڑھائی۔