Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Gulraiz Ruhani – Page 564 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Gulraiz Ruhani

  • ڈالر کی لمبی چھلانگ، قیمت میں یک دم 24 روپے کا اضافہ

    ڈالر کی لمبی چھلانگ، قیمت میں یک دم 24 روپے کا اضافہ

    کراچی: ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کو آزاد کرکے مارکیٹ فورسز پر چھوڑنے کے فیصلے سے ڈالر کی قدر میں یک دم بڑا اضافہ ہوگیا۔

    کرنسی کی دونوں مارکیٹوں میں امریکی کرنسی نے اونچی اڑان بھرلی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے لمبی چھلانگ لگائی اور ڈالر کی قدر 12 روپے کے اضافے سے 255روپے کی سطح پر آگئی۔

    انٹربینک میں بھی ڈالر کی قدر 24.39 روپے کے اضافے سے 255.28 روپےکی سطح پر آگئی۔

    مارکیٹ میں ڈالر کی رسد نہ ہونے کی وجہ سے اس بات کا پہلے ہی امکان تھا کہ ڈالر کے اوپن ریٹ 250 روپے کی سطح سے اوپر چلے جائیں گے۔

    زرمبادلہ بحران کے سبب جولائی سے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ پر مستقل دباؤ کا شکار ہے۔ جس پر قابو پانے کی غرض سے ایکس چینج کمپنیوں نے ازخود ڈالر کی قدر کو منجمد کرتے ہوئے معمولی نوعیت کا اضافہ کرتے رہے لیکن اس کیپ کے نتیجے میں گرے مارکیٹ وجود میں آئی جہاں ڈالر وافر مقدار میں تو دستیاب تھے لیکن اس مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت قانونی اوپن مارکیٹ کی نسبت 15 سے 20روپے زائد ہوگئی تھی۔

    ڈالر کے نہ صرف طلبگاروں بلکہ فروخت کنندگان نے بھی زائد قیمت حاصل کرنے کے لیے اسی گرے مارکیٹ کا رخ کرلیا تھا جس نے اوپن کرنسی مارکیٹ کی سرگرمیوں کو متاثر کیا جہاں ڈالر کے طلبگاروں کی جانب سے ڈیمانڈ تو نظر آرہی تھی لیکن فروخت کنندگان اوپن مارکیٹ کا رخ نہیں کررہے تھے۔

    اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکس چینج کمپنیوں نے گزشتہ شب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کو آذاد کرتے ہوئے فری مارکیٹ میکینزم پالیسی اختیار کرلی۔

    ذرائع کا کہناہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی رسد نہ ہونے کی وجہ سے اوپن ریٹ بتدریج بڑھنے کے امکانات ہیں۔ اس ضمن میں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین ملک بوستان نے ایکسپریس کے استفسار پر بتایا کہ ڈالر کی عدم دستیابی کے سبب ایکسچینج کمپنیوں نے بدستور ڈالر کی قدر کو آزاد رکھا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ڈالر کی سپلائی نہیں ہے لہذا ہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان روکنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ایکس چینج کمپنیوں کے توسط سے آنے والی ترسیلات ذر کا 20فیصد حصہ فراہم کرے جو فی الوقت معطل ہے اور اسی طرح کمرشل بینکس بھی ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے ایکسپورٹ ہونے والی مختلف کرنسیوں کے عوض درآمد شدہ ڈالرز بھی فراہم نہیں کررہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے صرف خریدار ہی ہیں جبکہ فروخت کنندگان غائب ہیں ان حالات میں ایکس چینج کمپنیاں کہاں سے ڈالر حاصل کرکے اپنے صارفین کو فراہم کریں۔

  • خیبر پختونخوا پولیس کا آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لینے کا فیصلہ

    خیبر پختونخوا پولیس کا آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: خیبر پختونخوا پولیس نے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لینے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔

    سپریم کورٹ میں خیبر پختونخوا پولیس کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز عملدرآمد کیس کی سماعت ہوئی۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لینے کے لیے کیس کابینہ کو بھیج دیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپسی کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ پراسس مکمل کرنےکےلیے ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔

    سپریم کورٹ نے پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز عملدرآمد کیس پر خیبر پختونخوا سے 6 ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی.سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں کو پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پرموشنز کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ پنجاب اور دیگر صوبے پہلے ہی پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لے چکے ہیں۔

  • نہیں چاہتے پاک بھارت کشیدگی سے دونوں جانب لاشیں گریں، حنا ربانی

    نہیں چاہتے پاک بھارت کشیدگی سے دونوں جانب لاشیں گریں، حنا ربانی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کا کہنا ہے کہ ہم سرحدوں پر کشیدگی کے حق میں ہرگز نہیں اور نہیں چاہتے کہ سرحدوں پر کشیدگی سے دونوں سائیڈ پر لاشیں گریں۔

    سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم خطے میں خون نہیں بہانا چاہتے کیونکہ ہماری پالیسی بہت واضح ہے کہ ہم خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔ ہمیں سیاست کے بجائے ریاستی پالیسی کو اپنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی تحفظ حاصل ہے لیکن بھارت میں اقلیتیوں کے ساتھ بہت برا سلوک ہو رہا ہے۔

    حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت کے منفی رویے کے باوجود پاکستان امن کی راہ پر چلتا رہے گا، ایل او سی پر پاکستان بھارت کے مابین کشیدگی میں کمی آئی ہے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ مودی سے متعلق بی بی سی کی ڈاکومینٹری ثبوت ہے۔

  • صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی درخواستوں پر سیکرٹریز قانون و اطلاعات طلب

    صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی درخواستوں پر سیکرٹریز قانون و اطلاعات طلب

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری قانون اور سیکرٹری اطلاعات کو 6 فروری کو طلب کر لیا۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پی ایف یو جے اور ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    چیف جسٹس نے پوچھا کہ چیئرمین آئی ٹی این ای کوشش کر رہے ہیں قانون سازی کے لیے، کیا کوئی پراگریس ہوئی ہے؟۔

    ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وکیل عمر اعجاز گیلانی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ہم نے وزارت اطلاعات کو ترمیمی بل کا مجوزہ ڈرافٹ تیار کر بھجوا دیا ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چیئرمین آئی ٹی این ای نے بھی ڈرافٹ تیار کر رکھا ہے، نیوز پیپر ایمپلائیز کے لیے آئی ٹی این ای کا ایک فورم کام کر رہا ہے، قانون سازی کے بعد الیکٹرانک میڈیا کو بھی شامل کر کے اس کا دائرہ اختیار بڑھایا جا سکتا ہے، ویسے معذرت کے ساتھ کہتا ہوں کہ مجھے نیوزپیپر والا قانون بھی آج تک سمجھ نہیں آیا کہ وہ ہے کیا ؟۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی آئی ٹی این ای میں ممبرز اور بینچز کا تصور بھی دیا جا رہا ہے، مسئلہ نیت کا ہے، کسی کو اس کام کے لیے رٹ پٹیشن میں آنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے، حکومت کو خود احساس کرکے ان چیزوں کو کرنا چاہیے، بہتر ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی ہو جائے، حامد میر صاحب بھی آئے ہوئے ہیں، وہ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ ہیں، بہتر بتا سکتے ہیں۔

    وکیل نے بتایا کہ زیر التوا کیس پر کمنٹ کرنے کے باعث کچھ صحافیوں کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ ہے۔

    چیف جسٹس نے حامد میر سے کہا کہ جب عدالتی فیصلہ آ جائے تو وہ پبلک ڈومین میں آ جاتا ہے، تبصرے کے لیے الفاظ کا چناؤ درست ہونا چاہئے، کیا آپ الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کے حقوق کے لیے قانون سازی کے حق میں ہیں۔

    حامد میر نے جواب دیا کہ میں الیکٹرانک میڈیا کی قانون سازی کے حق میں ہوں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا بھی ایشو ہے؟ ڈیڑھ دو لاکھ روپے کے بقایا جات کے لیے صحافی سالوں تک ٹریبونل چکر لگاتے ہیں، جب یہ چیزوں آگے بڑھیں گی تو کیا اس میں کسی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی ہو سکتا ہے؟ کیا موجودہ حکومت کی مرضی اور خواہش ہے کہ وہ یہ کام کرے گی؟ ویسے تو یہ کوئی سیاسی معاملہ نہیں، کسی حکومت کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، اگر موجودہ حکومت یہ کرنا چاہتی ہے تو اسے چاہئے کہ وہ یہ کام کر گزرے۔

    عدالت نے سیکرٹری قانون اور سیکرٹری اطلاعات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

  • خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ تشکیل، 12 وزرا اور 3 مشیر شامل

    خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ تشکیل، 12 وزرا اور 3 مشیر شامل

    پشاور: خیبر پختون خوا کے نگراں وزیراعلیٰ محمدا عظم خان کی نگراں کابینہ تشکیل دے دی گئی، جس میں 12 وزرا اور 3 مشیر شامل ہیں۔

    نگراں وزیراعلیٰ کی جانب سے مشاورت کے بعد کابینہ میں حاجی غفران، خوش دل خان، حامد شاہ، ایڈووکیٹ ساول نذیر، فضل الٰہی، عدنان جلیل، تاج محمد آفریدی، محمد علی شاہ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر، ڈاکٹر ریاض انور شامل ہیں۔

    نگراں کابینہ کے مشیروں میں رحمت سلام خٹک، شاکر اللہ اور حمایت اللہ خان شامل ہیں۔ رحمت سلام خٹک کا تعلق جے یو آئی اور حمایت اللہ خان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ کابینہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما نجم الدین کا بیٹا شاکر اللہ بھی شامل ہے۔

  • گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالرتک جاپہنچا

    گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالرتک جاپہنچا

    ترک تجارتی وفد پاکستانیوں سے ملاقاتوں کیلیے کوشاں،طارق یوسف، تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

    کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ گزشتہ دہائی میں پاک ترکیہ تجارتی حجم 10 بلین ڈالر تک پہنچ چکا۔

    ترکیہ کی وزارت تجارت کے تعاون سے کراچی میں پاک۔ترک ٹریڈ ڈیلیگیشن کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ترکی اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    ترکی کی 30 بڑی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات سندھ کے دورے پر ہیں۔اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

    تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر برائے صنعت و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ گزشتہ دہائی میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم دس بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ میں ترکی کے سرمایہ کاروں سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں سرمایہ کاری کریں۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے اگست 2022 میں معاہدہ ہوا۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان متعدد شعبوں میں بہتر تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ حکومت سندھ سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر ترکی کی حکومت اور عوام کی ممنون ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان مسلم امہ کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔

    اس موقع پر کراچی میں تعینات ترک قونصل جنرل جمال سانگو کا کہنا تھا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی آپس میں روابط کو مضبوط بنائے اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔

    صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری طارق یوسف نے کہا کہ ٹیکسٹائل، فرنیچر، کیمیکلز، ایگری مشینری وغیرہ سے متعلق 40 مندوبین اور 30کمپنیوں پر مشتمل ترک تجارتی وفد پاکستانی تاجروں/کمپنیوں سے B2B ملاقاتوں کے لیے کوشاں ہے۔

  • شاہین صلاحیتوں کی مزید دھاک بٹھانے کے خواہاں

    شاہین صلاحیتوں کی مزید دھاک بٹھانے کے خواہاں

    لاہور: شاہین شاہ آفریدی آل راؤنڈ صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے کے خواہاں ہیں۔

    پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکو خصوصی انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے باہر بیٹھ کر میچز دیکھنا بہت مشکل وقت تھا جو گزر چکا ہے، اب مکمل فٹ اور کھیلنے کیلیے بیتاب ہوں، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب پلان کے تحت ٹریننگ سے فٹنس بحال ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ میں نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بہتری کیلیے بھی پریکٹس کی تاکہ ضرورت پڑنے پر پاور ہٹنگ کرسکوں، موجودہ کرکٹ میں انسان کو ہرشعبے میں پرفارم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،میری کوشش ہے کہ بطور آل راؤنڈر خود کو منواؤں۔

    لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے پریکٹس میچز کھیل کر میچ فٹنس بھی حاصل کرلوں گا، لیگ میں پرفارم کرنا ہمیشہ ہی بہت اچھا لگتا ہے،اس بار بھی کوشش ہوگی کہ لاہور قلندرز کے پرستاروں کی توقعات پر پورا اتروں۔

    شاہین آفریدی نے بتایا کہ بھائی ریاض آفریدی میرے آئیڈیل اور وہ اب بھی رہنمائی کرتے رہتے ہیں،میں ان کے مشوروں پر عمل کرکے خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دیتا ہوں، فاسٹ بولنگ میں ہر دن اور میچ میں ایک نیا چیلنج ہوتا ہے، سیکھنے کا عمل ہروقت جاری رہتا ہے۔

    شاہد آفریدی کی بیٹی کے ساتھ نکاح کے متعلق سوال پر شاہین نے کہا کہ یہ بھی ایک ضروری فریضہ ہے جس کا وقت اب آرہا ہے۔

  • راولپنڈی؛ گیس لیکیج دھماکے میں 2 بچے جاں بحق، ماں سمیت 3 افراد جھلس گئے

    راولپنڈی؛ گیس لیکیج دھماکے میں 2 بچے جاں بحق، ماں سمیت 3 افراد جھلس گئے

    اسلام آباد: ٹیکسلا کے علاقے میں گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے میں 2 بچے جاں بحق ہو گئے، جب کہ واقعے میں ماں سمیت تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

    علاقے میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث والو کھلا رہ جانے سے کمرے میں گیس بھر گئی۔ اہل خانہ کے ماچس جلانے پر اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔

    امدادی ٹیم کے مطابق گیس لیکیج سے ہونے والے دھماکے میں 5 سالہ سودیس اور 4 سالہ اویس جھلس کر جاں بحق ہو گئے جب کہ بچوں کی والدہ ، سب سے چھوٹا بچہ اور ایک بزرگ بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے۔
    ابتدائی امدادی کارروائی کے بعد جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • مہوش حیات، کبری خان کی درخواستوں پر پی ٹی اے اور ایف آئی سے پیش رفت رپورٹ طلب

    مہوش حیات، کبری خان کی درخواستوں پر پی ٹی اے اور ایف آئی سے پیش رفت رپورٹ طلب

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے شوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق معروف اداکارہ مہوش حیات، کبری خان کی درخواستوں پر پی ٹی اے، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

    جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے سے متعلق اداکارہ مہوش حیات، کبری خان کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

    پی ٹی اے، وفاقی حکومت، ایف آئی اے نے جواب جمع کرا دیئے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر مواد ہٹانے کی ہدایت دی تھی، کیا مواد ہٹا دیا گیا؟

    جس پر سرکاری وکیل نے مؤقف دیا کہ مہوش حیات کا بیان لے لیا گیا ہے تاہم کبری خان کا بیان لینا باقی ہے۔ تفتیشی افسر سائبر کرائم نے بتایا کہ پی ٹی اے کو مواد ہٹانے کا کہہ دیا گیا ہے۔ متعلقہ مواد جلد ہی ہٹا دیا جائے گا۔

    پی ٹی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ قابل اعتراض مواد جو خود ہٹا سکتے تھے وہ ہٹا دیا گیا۔ جس مواد کو بیرون ملک سے ہٹایا جانا ہے اس کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا ہے۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایف آئی اے نے شکایت نمبرز جاری کرکے تحقیقات شروع کردیں ہیں جلد ہی مواد ہٹا دیا جائے گا اور تحقیقات کرلی جائیں گی۔

    عدالت نے پی ٹی اے، وفاقی حکومت، ایف آئی اے سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ مہوش حیات اور کبریٰ خان نے عادل راجا کے بیان کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ دائر درخواستوں میں موقف اپنایا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر من گھڑت، بے ہودہ الزامات سے ساکھ کو نقصان پہنچا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے تمام مواد ہٹایا جائے۔

  • بھارت کے یوم جموریہ پرمقبوضہ کشمیرمیں  یوم سیاہ، مکمل ہڑتال

    بھارت کے یوم جموریہ پرمقبوضہ کشمیرمیں یوم سیاہ، مکمل ہڑتال

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنایا جا رہا ہے۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرا دئیے۔

    میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ موجود نہیں۔
    بھارت نے یوم سیاہ پراحتجاجی ریلیوں کو روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں اضافی فوجی دستے تعینات کردئیے ہیں۔ مختلف گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ متعدد علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

    کشمیری عوام نے بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں کے محاصرے اورناکہ بندی کے باوجود قابض بھارت کے مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔