Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
Qamar Abbas – Page 1708 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Author: Qamar Abbas

  • آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، ترسیلات 286 ملین ڈالرتک پہنچ گئی

    آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، ترسیلات 286 ملین ڈالرتک پہنچ گئی

    (سنگ میل نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مالی سال کے پہلے ماہ میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرتک پہنچ گئی ہیں۔

    گزشتہ روز وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں آئی ٹی بر آمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، آئی ٹی برآمدات میں گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ مالی سال جولائی میں آئی ٹی برآمد ات 214 ملین ڈالرز رہیں، موجودہ حکومت آئی ٹی بر آمدات کے اضافہ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر مرکوز ہے۔

     

    وزیراعظم کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

  • وزیراعظم کی اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں یونین کا صدر بننے پر مبارکباد

    وزیراعظم کی اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں یونین کا صدر بننے پر مبارکباد

    (سنگ میل نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں آکسفورڈ یونین کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

    وزیراعظم سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پر تپاک استقبال کیا اور اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان ایسے ہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔

     

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا ہے جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

    اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت دے دی, اسرار خان کاکڑ نے وزیر اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طرح کی خدمات کیلئے تیار ہیں۔

  • عمران خان اوربشریٰ بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر

    عمران خان اوربشریٰ بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر

    (سنگ میل نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کردیا۔

     

    نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا، نیب کی جانب سے دائر نیا توشہ خانہ ریفرنس 2 والیمز پر مشتمل ہے،نیب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 13 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا، بانی پی ٹی ائی اور بشر بی بی تفتیش کی غرض سے مجموعی طور پر 37 دن نیب کی تحویل میں رہے۔

     

    تفتیش کے دوران عمران خان، بشریٰ بی بی کو نیب کی جانب سے سوال نامہ بھی فراہم کیا گیا تھا، دونوں ملزموں نے سوال نامے کے جوابات نیب کو جمع کروا دیئے تھے، تفتیش مکمل ہونے پر گزشتہ روز سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

     

    احتساب عدالت کے رجسٹرار نیب کی جانب سے دائر کردہ توشہ خانہ ٹو ریفرنس کا جائزہ لیں گے، اعتراضات دور کرنے کے بعد ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹیو جج کو بھجوایا جائے گا۔

     

    ایڈمنسٹریٹیو جج ریفرنس پر خود سماعت یا کسی دوسری احتساب عدالت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے،ایڈمنسٹریٹیو جج احتساب عدالت ناصر جاوید رانا پہلے ہی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کر رہے ہیں۔

     

    13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے،وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا، نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا،اس میں بتایا گیا کہ امن امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔

  • عمران خان کی سہولتکاری کا الزام، اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین گرفتار

    عمران خان کی سہولتکاری کا الزام، اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین گرفتار

    (سنگ میل نیوز)راولپنڈی اڈیالاجیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ سہولتکاری کے معاملے پر جیل کے مزید 6 ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے جیل ملازمین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن میں ایک خاتون سوئپر، 2 لیڈی وارڈنز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کرنے والے 3 اہلکار شامل ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا  کہنا ہے کہ خواتین سٹاف جیل میں بشریٰ بی بی اوربانی پی ٹی آئی کے درمیان پیغام رسانی کرتا تھا جبکہ حراست میں لئے گئے ملازمین کے موبائل فون بھی قبضے میں لےلئے گئے ہیں، جیل میں نگرانی کیلئے افرادی قوت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سکیورٹی اداروں نے عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو بھی حراست میں لیا تھا جبکہ  اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

  • توشہ خانہ کا نیا ریفرنس؛ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیاگیا

    توشہ خانہ کا نیا ریفرنس؛ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیاگیا

    (سنگ میل نیوز)توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔

    اڈیالہ جیل میں نیب کے ریفرنس توشہ خانہ 2کی سماعت ہوئی، جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس کی سماعت کی،نیب کی جانب سے بتایا گیاکہ بانی پی ٹی آئی شامل تفتیش ہو گئے،تحریری بیان دیا ہے،بشریٰ بی بی کا تحریری بیان بھی تفتیشی ٹیم کو دیا گیا ہے۔

    نیب کی جانب سے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیااور دونوں ملزمان کو 2ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کاحکم دیدیا۔

  • 81سال کی عمرمیں بھی کام کیوں کررہاہوں؟ امیتابھ بچن نے خود ہی بتادیا

    81سال کی عمرمیں بھی کام کیوں کررہاہوں؟ امیتابھ بچن نے خود ہی بتادیا

    (سنگ میل نیوز ) بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن81 برس کی عمرمیں بھی نہ صرف  فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ مقبول بھارتی شو”کون بنے گا کروڑ پتی” کی میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہے ہیں،ان سے اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ وہ اتنے امیر ہونے کے باوجود بھی 81 سال کی عمرمیں کام کیوں کررہے ہیں؟اپنے حالیہ بلاگ میں”بگ بی”نے اس کاجواب دے دیاہے۔

     

    سینئراداکار امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں لکھاہے کہ لوگ مجھ سے کام کے سیٹ پر میرے کام کی وجہ پوچھتے رہتے ہیں اور میرے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے سوائے اس جواب کے کہ میرے پاس کام کرنے کا ایک اور موقع ہے، یہی وجہ ہے کہ میں اس عمرمیں بھی کام کررہا ہوں۔

     

     

    امیتابھ بچن نے مزیدلکھا کہ لوگ اپنی طرف سے اندازے لگا لیتے ہیں، میری نظر سے دیکھیں اور اصل وجہ جانیں، ہوسکتا ہے کہ میرے کام کرنے سے متعلق آپ جو سوچ رہے ہیں وہ صحیح ہو اور شاید نہ بھی ہو، آپ کو اپنے نتائج اخذ کرنے کی آزادی ہے اور مجھے اپنا کام کرنے کی، جو کام مجھے دیا گیا ہے، اگر یہی کام آپ کو ملتا تو آپ کیا کرتے؟ اگر کسی کو میرے کام کرنے سے مسئلہ ہے تو اسے چاہیے کہ وہ سیٹ پر جائے اور وجہ معلوم کرلے۔

     

    امیتابھ بچن نے مزید لکھا کہ آپ نے جو کہا وہ میں نے سُن لیا، میں نے آپ کو کام کرنے کی وجہ بتا دی ہے، یہ وجہ میری ہے، بات ختم۔

  • پنجاب اور بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    پنجاب اور بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    (سنگ میل نیوز)صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب اور بلوچستان کے مطابق بارشوں کا سسٹم ابھی موجود ہے اور مزید بارشوں کا امکان ہے جب کہ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ابھی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ 

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ24گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے جب کہ بارشوں سے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کاخدشہ ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ رواں سال مون سون بارشوں میں 84  شہری جاں بحق اور 224 زخمی ہوئے،  245 گھرمتاثرہوئے، 84 افراد کی اموات آسمانی بجلی،کرنٹ لگنے،کچےگھر اور بوسیدہ عمارتوں کےگرنے سے ہوئیں، مون سون بارشوں کے دوران 44 مویشی بھی ہلاک ہوئے جب کہ 100گھر مکمل اور145 گھر جزوی طور پرمتاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا،کالاباغ اور چشمہ کے مقام پرنچلے درجے کا سیلاب ہے، تونسہ میں درمیانے درجے کا سیلاب، دریائے چناب ،راوی، ستلج، جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پرہے جب کہ ڈیرہ غازی خان روڈکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجےکی سیلابی صورتحال ہے، منگلاڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد،تربیلا میں 99 فیصد، ستلج، بیاس اور راوی پرقائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 54 فیصد تک ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا کا بتانا ہے کہ کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کومانیٹرکیاجارہاہے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان کے کنٹرول روم کے مطابق طاقتور مون سون سسٹم کا دوسرا اسپیل شمال مشرقی بلوچستان میں موجود ہے۔

    کنٹرول روم کا بتانا ہے کہ  قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، مسلم باغ ،لورالائی، شیرانی، ہرنائی، بولان اور دکی میں سیلابی ریلوں سے نقصانات ہوئے ہیں جب کہ توبہ اچکزئی کے بالائی پہاڑی علاقوں میں مختلف ندی نالوں میں اونچےدرجےکے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔

    کنٹرول روم کے مطابق ضلع چمن میں توبہ اچکزئی کے علاقے تاش رباط، زیمل، غبرگ،کرتو اور بینہ میں رابطےسڑکیں بند ہیں، قلعہ عبداللہ کے علاقوں ماچکہ، آرمبی میں سیلابی ریلوں میں سڑکیں بہہ گئی ہیں جب کہ  آرمبی میں سیلابی ریلےمیں بچہ بہہ کرجاں بحق ہوگیا جس کی لاش نکال لی گئی۔کنٹرول روم حکام کا کہنا ہے کہ قلعہ عبداللہ ماچکہ ندی میں ٹریکٹر بہہ گیا مگر ڈرائیور محفوظ رہا، کولک ندی سیلابی ریلے میں کار سوار خواتین اور بچے پھنس گئے جنہیں مقامی ایکسیویٹر ڈرائیور نے سیلابی ریلےسے کارکونکال لیا۔پشین شاہراہ توت اڈا کےمقام پربہہ جانےسےٹریفک معطل ہوگئی ہے جب کہ توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی کے تمام ڈیمز محفوظ ہیں۔

  • عرس داتا گنج بخشؒ، 26 اگست کو مقامی عدالتوں میں چھٹی ہو گی

    عرس داتا گنج بخشؒ، 26 اگست کو مقامی عدالتوں میں چھٹی ہو گی

    (سنگ میل نیوز )لاہورہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ،سیشن اور سول کورٹس میں 26اگست کو چھٹی ہوگی۔

    26اگست کو حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے سلسلہ میں عدالتوں میں مقامی چھٹی ہوگی،قائم مقام چیف جسٹس ہائیکورٹ عابدعزیزشیخ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

  • اگر معاہدے پر عمل نہ ہوا تو ہر جگہ سے لانگ مارچ نکلے گا:حافظ نعیم

    اگر معاہدے پر عمل نہ ہوا تو ہر جگہ سے لانگ مارچ نکلے گا:حافظ نعیم

    (سنگ میل نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاہدے کے 34 روز باقی ہیں کل کوئٹہ جاؤں گا، اگر معاہدے پر عمل نہ ہوا تو ہر جگہ سے لانگ مارچ نکلے گا۔

    کراچی میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی پاکستان  نے کہا کہ ہمارے ساتھ کراچی کے ٹاؤن چیئرمین موجود ہیں ، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے آخر وقت تک کوشش کی کہ بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، ہمارے پاس  9ٹاؤن ہیں مگر بلدیاتی اداروں پر قبضہ کرلیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سب کے لیے یہ شہر روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے، پاکستان کی معیشت میں آدھا حصہ اس شہر کا ہے ، صوبائی حکومت کا 97 فیصد ریونیو کراچی سے جمع ہوتا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کو سوا سال ہوگیا، ترقی یافتہ ممالک میں امن امان سمیت تمام اختیار بلدیاتی حکومتوں کے پاس ہوتا ہے، پنجاب میں ابھی تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، سندھ میں بھی پیپلز پارٹی نے دھاندلی کر کے قبضہ کرلیا ، پورے ملک میں بلدیاتی نظام کو حکومتیں مانتی ہی نہیں، انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی نے جتنے وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔

    انہوں نے  کہا کہ شہر کے جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین کو منتخب ہوئے ڈیڑھ سال ہونےکو ہے لیکن اختیار نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات پر شب خون مار کر قبضہ کرلیا، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کراچی کا انچارج میئر انچارچ ہوتا ہے لیکن صفائی ستھرائی نہیں اور کوئی توجہ نہیں ہے، واٹر بورڈ اور سیوریج پر کوئی اختیار نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں جو اختیار بلدیاتی حکومتوں کو دیا گیا وہ نہیں دیا جا رہا ہے، بجٹ کے 62 فیصد صوبوں جو ملتا ہے لیکن صوبائی حکومت اس میں سے بلدیاتی حکومتوں کو حصہ نہیں دیتی۔

    امیر جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی کار کردگی سندھ میں بارشوں سے نظر آتی ہے، پیپلز پارٹی کرپشن کر رہی ہے اربوں روپے قرضے لے رہے ہیں بتائیں وہ پیسے کہاں جاتے ہیں؟ شہر پر قبضہ کر کے بیڑہ غرق کیا ہوا ہے ۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نواز شریف بادشاہ سلامت نے اپنی صاحبزادی کو ساتھ بٹھایا ہے، یہ بادشاہت نہیں چلے گی، آئی پی پیپز کو انہوں نے مسلط کیا ہے، ہم ان آئی پی پیپز کا بوجھ نہیں اٹھائیں گے ہمیں ٹیرف میں کمی چاہیے، صنعتکار کہہ رہے ہیں ہماری صنعتیں بند ہورہی ہیں، کیپسٹی پیمنٹ وصول نہیں ہونی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکومتی معاہدے کا تعاقب کرے گی ، عوام مسترد شدہ لوگوں کو جانتے ہیں۔

  • ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے، محسن نقوی

    ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے، محسن نقوی

    (سنگ میل نیوز )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ابھی ہمارا کوئی سٹیڈیم انٹرنیشنل معیار کا نہیں ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، میچز کی تاریخیں آگے پیچھے ہوسکتی ہیں، پی سی بی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ چار پانچ ماہ مشکل ہوں گے کیوں کہ گراونڈز بن رہے ہیں لیکن چیمپئنز ٹرافی سے پہلے کام مکمل کرلیا جائے گا، چیمپئنز ٹرافی سے پہلے ابتدائی کام مکمل کیا جائے گا، بقیہ کام چیمپینز ٹرافی کے بعد مکمل کرلیا جائے گا۔

    محسن نقوی کے مطابق خیبرپختونخوا کی حکومت سے بات چل رہی ہے، اگر وہ ہمیں اسٹیڈیم دیں تو اس میں بھی کام کریں گے، نیو یارک کا اسٹیڈیم بھی آخری دس دن میں مکمل ہوا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ کنسکٹرکشن کا کام دن رات جاری ہے،اسٹیڈیمز کی رینوویشن بہت بڑا چیلنچ ہے، دنیا کے اسٹیڈیمز کے برعکس پاکستان کے اسٹیڈیمز غیر معیاری ہیں، ہمارے اسٹیڈیم دنیا کے مقابلے میں بہت پیچھے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا، پشاور اسٹیڈیم کے انتظامات کے لیے خیبر پختونخوا حکومت سے بات چل رہی ہے، ہم گراؤنڈز کی رینوویشن کے حوالے سے آئی سی سی سے رابطے میں ہے، چمپئینز ٹرافی کے لیے آئی سی سی وفد کے آنے سے پہلے رینوویشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

    قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔

    یاد رہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں چمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ترقیاتی کام جاری ہے، اسٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ کی تعمیر نو کی جائے گی، عمران خان انکلیوژر اور فضل محمود انکلیوژرز کی بھی رینوویشن کی جائے گی، چئیرمین پی سی بی نے اسی سال ترقیاتی کام مکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

    15 اگست کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اسٹیڈیم کی تزین وآرائش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئی بھی میچ نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    پی سی بی کے پاس صرف 3 اسٹیڈیمز کا مکمل اختیار ہے، جن میں کراچی، لاہور اور ملتان اسٹیڈیمز شامل ہیں، جبکہ پی سی بی کے پاس راولپنڈی اسٹیڈیم کا صرف ایڈمنیسٹریشن کنٹرول ہے۔