Deprecated: Creation of dynamic property EPS_Redirects_Plugin::$settings is deprecated in /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php on line 55

Warning: Cannot modify header information - headers already sent by (output started at /home2/sangemee/public_html/wp-content/plugins/eps-301-redirects/plugin.php:55) in /home2/sangemee/public_html/wp-content/themes/twentytwentyfive/functions.php on line 296
اہم خبریں – Page 101 – Sange Meel News: Latest news, breaking news, Pakistan

Category: اہم خبریں

  • سیکیورٹی فورسزکا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں آپریشن، 6 خارجی ہلاک

    سیکیورٹی فورسزکا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں آپریشن، 6 خارجی ہلاک

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں آپریشن،6خارجی ہلاک کردیئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارودبرآمد، ہلاک خارجی سیکیورٹی فورسز کیخلاف متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ہلاک خارجی معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن ہو رہاہے، سیکیورٹی فورسزدہشتگردی کےخاتمےکےلیے پرعزم ہیں۔صدر مملکت کا شمالی وزیرستان میں6 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔وزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں خارجیوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کی پذیرائی اورسیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری ر کھیں گے، قوم دہشتگردوں کے مذموم عزائم کوناکام بنانےکیلئےسیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

  • مولانا حامد الحق کو اپنے والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپرد خاک‘ جنازے میں بڑی تعداد کی شرکت

    مولانا حامد الحق کو اپنے والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپرد خاک‘ جنازے میں بڑی تعداد کی شرکت

    نوشہرہ: جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کو ان کے والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ان کی نماز جنازہ میں سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سابق گورنر خیبرپختونخوا غلام علی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔جے یو آئی (س) کے سربراہ کے جنازے میں مذہبی رہنما، علماء اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے خود کش دھماکے میں مولانا حامد الحق حقانی سمیت سات افراد شہید ہوگئے تھے۔

  • وزیراعظم نے 20 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اجراء کر دیا‘40لاکھ خاندان مستفید ہوں گے

    وزیراعظم نے 20 ارب روپے کے رمضان پیکج کا اجراء کر دیا‘40لاکھ خاندان مستفید ہوں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 20 ارب روپے کے رمضان رمضان پیکیج 2025 کا افتتاح کر دیا جس سے 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ر مضان پیکیج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقم براہ راست مستحق افراد تک پہنچے گی،انہوں نے کہاکہ رمضان ریلیف پیکج سے 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5ہزارروپے فی خاندان دیے جائیں گے،گزشتہ سال کے 7ارب روپے کے رمضان پیکج کے مقابلے میں اس بار3گنا بڑھادیا ہے،2کروڑافرادرمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں سفید پوش لوگوں کی مدد کرنی ہے،رمضان ریلیف پیکج کے لیے 20 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ رمضان پیکج پورے پاکستان کے لیے بلاتفریق متعارف کروایا گیا ہے، کراچی سے گلگت تک تمام شہروں کے مستحق خاندانوں کو اس میں شامل کیا گیا ہے، اسے شفاف بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک، نادرا، ٹیک اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس بار رمضان پیکج کو انتہائی آسان بنایا ہے، اب عوام کو لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا۔

  • IPSOS سروے: پاکستان کی معاشی سمت درست، عوامی اعتماد 6 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    IPSOS سروے: پاکستان کی معاشی سمت درست، عوامی اعتماد 6 سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

    اسلام آباد: آئی پی ایس او ایس (IPSOS) کے تازہ ترین کنزیومر کنفیڈنس سروے 2025 ء نے پاکستان کی معاشی سمت کو درست قرار دیدیا ہے ۔سروے کے مطابق ملک کی اقتصادی سمت کے بارے میں عوام کے پرامید ہونے کی شرح 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے،ملک کی مجموعی سمت کے حوالے سے عوام کی پرامید رہنے کی شرح 2023ء کے مقابلے میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، پاکستان میں 31 فیصد عوام کااعتماد ہے کہ ملک صحیح سمت پر گامزن ہے، پراعتمادی کی یہ شرح اگست 2024ء میں 11 فیصد جبکہ ستمبر 2023ء میں سب سے کم 2 فیصد تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ شہری اور دیہی علاقوں میں معاشی بہتری دیکھی گئی ہے،رواں سال عوام میں معاشی خدشات کے حوالے سے نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
    سروے رپورٹ کے مطابق معاشی خدشات میں کمی کے حوالے سے 2025ء حوصلہ افزا ء رہا ہے، افراط زر کی شرح میں 18 فیصدکی کمی ہوئی جو4 سالوں میں سب سے کم ہے، پاکستانی عوام کی جانب سے ملکی معیشت کو مضبوط قرار دیئے جانے کی شرح میں 500فیصد اضافہ دیکھا گیا، معاشی حالات میں بہتری آنے کے بعد ایک سال کے دوران گھریلو خریداری میں سکون کی شرح 3 گناہ بڑھ گئی ہے، عوام کی جانب سے مقامی معاشی حالات میں پرامیدی کی شرح میں 2025ء میں 31 فیصد کی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، پاکستانی صارفین کے اعتماد کو جاننے والے سروے میں اب تک اعتماد کی شرح بلند ترین سطح پر ہے، اگست 2024 کے بعد سے ذاتی مالی حالات کے بارے میں بھی عوامی امید مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    ہر پانچ میں سے ایک پاکستانی اگلے 6 ماہ میں بہتری کی توقع کر رہا ہے، جو مئی 2024 کے بعد سب سے زیادہ ہے، ملازمت کی سکیورٹی کے حوالے سے اعتماد میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے، پاکستان کی عالمی کنزیومر کنفیڈنس انڈیکس میں درجہ بندی میں مثبت تبدیلی کے ساتھ 2.7 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، معاشی ترقی کے حوالے سے بھارت، ترکی اور برازیل کی منفی تبدیلیوں کے برعکس پاکستان اور جنوبی افریقہ میں مثبت مشاہدہ دیکھنے میں آیا، امید اور اعتماد کے حوالے سے پاکستان کی عالمی اوسط 37 فیصد کے بہت قریب پہنچ چکی ہے، یہ نتائج عالمی سطح پر ممکنہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک مضبوط معاشی پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام بھیجتے ہیں، پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک امید افزا اور قابل اعتماد ملک کے طور دیکھا جا رہا ہے۔

  • روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں: وزیراعظم

    روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔روس کے اول نائب وزیر برائے توانائی پاول سوروکن ( Mr Pavel Sorokin) نے 6 رکنی وفد کے ساتھ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، روس کے صدر ولادی میر پوتن سے آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات نہایت مفید رہی۔

    Islamabad: Russian First Deputy Minister for Energy H.E. Pavel Sorokin calls on Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif on February 28, 2025.

    شہباز شریف نے روسی صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔روسی اول نائب وزیر توانائی نے توانائی نے شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

    ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس احمد لغاری موجود تھے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر محمد علی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • وفاق کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی توسیع متوقع

    وفاق کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی توسیع متوقع

    لاہور: وفاقی کابینہ کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی 2ماہ کے دوران توسیع متوقع ہے اس سلسلےمیں نواز شریف سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ میں 10 وزرا کااضافہ ہوگا،کابینہ میں شامل ہونے والوں میں اکثریت جنوبی پنجاب سے ہوگی،نواز شریف اور مریم نواز ڈویژنل سطح پر نام شارٹ لسٹ کریں گے۔یاد رہے گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر توسیع کی گئی، ایوان صدر میں ہونیوالی تقریب میں نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا۔

  • وزیراعظم سے نئے کابینہ ممبران کی ملاقات، معاشی و سیاسی صورتحال پر گفتگووشنید

    وزیراعظم سے نئے کابینہ ممبران کی ملاقات، معاشی و سیاسی صورتحال پر گفتگووشنید

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے نئے وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیروں سے سمیت وفاقی کابینہ کے ممبران و اراکین نے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کے نئے ارکان کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا گیا تھا، ملاقات کےدوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نئے کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ سب کا انتخاب آپ کی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ہم سب اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت میں جواب دہ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال کے عرصے میں مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ہوئی، زر مبادلہ کے ذخائر اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، معاشی اعشاریے آئندہ سالوں میں مزید بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھیں گے۔شہباز شریف کا مزید کہناتھا کہ تمام وفاقی وزراء اور کابینہ کے دیگر ارکان کی کارکردگی کا باقاعدہ اور متواتر جائزہ میں خود لوں گا، عوامی نمائندوں کے طور پر آپ سب کی خدمات لائق تحسین ہیں۔وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملکی ترقی اور اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، شرکاء نے حالیہ معاشی ترقی پر وزیراعظم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

  • 9 مئی جوڈیشل کمیشن تشکیل کیس: پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کاحکم

    9 مئی جوڈیشل کمیشن تشکیل کیس: پی ٹی آئی کو مزید دستاویزات جمع کرانے کاحکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سانحہ 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر تحریک انصاف کوحکم دیتے ہوئے مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دے دی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل حامد خان نے 9 مئی واقعے پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے متعلق دلائل دیئے۔دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ آپ کی اس درخواست میں استدعا کیا ہے؟ جس پر وکیل حامد خان نے کہا کہ 9 مئی واقعے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی بات کی ہے اور دوسری استدعا سویلین کا ملٹری ٹرائل نہ کیا جائے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ سویلینز کے ملٹری ٹرائل سے متعلق استدعا تو آپ کی غیر مؤثر ہو چکی ہے، وہ تو الگ سے کیس چل رہا ہے، کیا 184 کی شق 3 میں ہم جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا معاملہ دیکھ سکتے ہیں۔عمران خان کے وکیل حامد خان نے کہا کہ 9 مئی ایک قومی واقعہ ہے لیکن اس کی جوڈیشل انکوائری نہیں ہوئی۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ 9 مئی واقعے میں درجنوں شہری جاں بحق ہوئے، کیا آپ نے 9 مئی کو جاں بحق ہونے والے کسی شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ لگایا ہے؟ کوئی ایک سرٹیفکیٹ تو ہمیں دکھا دیتے۔جسٹس امین الدین خان نے سوال اٹھایا کہ شہری ہلاکتوں کی کہیں کوئی پرائیویٹ شکایت درج ہوئی؟ کوئی ایک آدھ ایف آئی آر کرائی ہو وہی دکھا دیں، جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ 9 مئی واقعے میں ہلاک ہوئے والے شہریوں سے متعلق کوئی میڈیا رپورٹس ہی لگا دیتے۔بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے تحریک انصاف کو مزید دستاویزات جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

  • چکوال: ڈرائیور کی غفلت سے موٹروے پر مسافر بس کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    چکوال: ڈرائیور کی غفلت سے موٹروے پر مسافر بس کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 15 زخمی

    چکوال: موٹروے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی سے سوات جانیوالی مسافر بس نیلہ دولہ کے کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہو گئے جن میں سے 3 زخمی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو چکوال شفٹ کردیا گیا ہے، احتیاطی تدابیر کیساتھ موقع کو محفوظ کرلیا گیا جبکہ بس کو کرین کی مدد سے سیدھا کرلیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کی جانب سے مزید بتایا ہے کہ بس میں 43 مسافر سوار تھے، حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

  • دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکا، مولانا حامد الحق سمیت 8 نمازی شہید

    دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکا، مولانا حامد الحق سمیت 8 نمازی شہید

    پشاور: نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں مولانا حامدالحق سمیت 8 نمازی شہید ہو گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق دھماکا نمازِ جمعہ کے بعد مسجد کی اگلی صفوں میں ہوا ہے۔خیبر پختون خوا کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی پولیس ذوالفقار حمیدنے دھماکے میں مولانا حامد الحق کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔مولانا سمیع الحق کے بیٹے حامد الحق شہید دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم تھے۔قاضی میڈیکل اسپتال نوشہرہ میں 8 لاشیں اور 20 زخمی لائے گئے۔ڈی پی او عبدالرشید کے مطابق دھماکا خودکش تھا، مولانا حامدالحق مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے اور جے یو آئی س کے سربراہ تھے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں، جو زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر رہی ہیں۔آئی جی خیبر پختون خوا ذوالفقار حمید کے مطابق جامعہ حقانیہ کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے بعد مبینہ خود کش حملہ کیا گیا۔آئی جی خیبر پختون خوا نے بتایا ہے کہ مولانا حامد الحق حقانی حملے کا ہدف تھے۔انہوں نے بتایا ہے کہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے وقت 25 پولیس اہلکار تعینات تھے۔آئی جی کے پی نے بتایا کہ مولانا حامد الحق کی سیکیورٹی پر 6 پولیس اہلکار تعیات تھے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، بم ڈسپوزل یونٹ اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھماکا مسجد کے اس خارجی راستے پر کیا گیا جس سے مولانا حامدالحق نماز کے بعد گھر جاتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکا اس وقت کیا گیا جب مولانا حامدالحق رہائش گاہ کے لیے جا رہے تھے، دھماکے میں مولانا حامدالحق کو نشانہ بنایا گیا۔اکوڑہ خٹک دھماکے کے بعد پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق انتظامیہ اور طبی عملے کو زخمیوں کے علاج کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اسپتال میں ہائی الرٹ ہے۔