پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے 2 پولیس اسٹیشنزکو نشانہ بنایا جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خوجڑی پولیس چوکی پر دو ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد گاؤں کے لوگوں نے بھی چوکی کی حفاظت کے لیے خود کو مسلح کر لیا اور اعلان کیا کہ خوجڑی پولیس چوکی کی حفاظت علاقے کے مشران کریں گے۔پولیس کے مطابق بنوں کے بکاخیل پولیس اسٹیشن اور غوری والہ پولیس اسٹیشن پر بھی حملے کیے گئے جہاں فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے تین مختلف مقامات پر بیک وقت حملے کیے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس اور سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ عوام نے پولیس کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
Category: اہم خبریں
-

عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججوں کا تبادلہ چیلنج کر دیا
راولپنڈی :بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججوں کا تبادلہ چیلنج کر دیا۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین ججوں کا تبادلہ چیلنج کردیا گیا۔ درخواست میں وفاقی حکومت، لاہور، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے رجسٹرارکو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ تین ججوں کا اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت الجہاد ٹرسٹ کیس کے تناظر میں شفافیت یقینی بنانے کا حکم دے، عدالت قرار دے کہ آرٹیکل 200 کا استعمال مفصل مشاورت سے ہی ممکن ہے۔درخواست کے متن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے پہلےسے موجود ججز کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے مداخلت کے خلاف آواز اٹھائی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں نے میرے خلاف مقدمات میرٹ پرنمٹائے تھے۔بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ بغیر حلف اٹھائے ایک جج کو لا کر قائم مقام چیف جسٹس بنایا گیا، یہ سارے طریقےعدلیہ کی آزادی ختم کرنے کیلئے آزمائے جا رہے ہیں۔
-

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف وفد کو آج افطار ڈنر دیں گے
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمداورنگزیب آئی ایم ایف وفد کو آج افطار ڈنر دیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد سے کل اقتصادی جائزہ مذاکرات کا آخری دور ہو گا، مذاکرات ختم ہونے سے پہلے وزیرخزانہ کیساتھ یہ انفارمل سیشن ہو گا۔وفد کیساتھ افطار ڈنر پر وزارت خزانہ سے افسران بھی شریک ہوں گے، آئی ایم ایف وفد کو شام 6 بجے نجی ہوٹل میں افطار ڈنر دیا جائے گا۔
-

سویلینز کا ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلوں پر سماعت عید کے بعد تک ملتوی
اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔ وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث جواب الجواب دلائل مکمل نہ کر سکے۔ دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ آرمی ایکٹ کی سیکشن ٹو ڈی ون کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ میرے نزدیک آئین سپریم ہے، پارلیمنٹ بھی آئین کے تابع ہے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ کے سیکشن 2 ڈی ون سے سویلینز کے فوجی ٹرائل کی کھڑکی کھولی گئی مگر یہ آئین میں درج نہیں، وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ جب آرمی ایکٹ کے سیکشن 2 ڈی ون میں سویلینز آ گئے تو وہ آرٹیکل 8(3) کے دائرہ کار میں بھی آئیں گے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جب میں ایف بی علی کیس باربارپڑھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ججز کا دل چاہتا تھا کہ وہ ٹرائل کالعدم قرار دیں، ایسا لگتا ہے ججز نے ایف بی علی کیس میں ففٹی ففٹی فیصلہ کیا، ایسا کیسےہوسکتا ہے کہ جج کہیں کہ سویلینز کا فوجی ٹرائل آرٹیکل 8(3) میں بھی نہیں آتا اوربنیادی حقوق بھی مل رہے ہیں۔خواجہ حارث نے کہا کہ ایف بی علی کیس میں نہ کوئی بنیادی حقوق لیے گئے نہ دیئے گئے، اگراپیل کا آزادانہ فورم ہو یا کورٹ مارشل عدالتوں کے ماتحت آئے تو اسکی اساس ختم ہو جائے گی۔ وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ سویلین کا فیلڈ کورٹ مارشل کرنا فوج کا انا کا مسئلہ نہیں ہے، کورٹ مارشل کرنے کا مقصد دفاع پاکستان اورملکی سیکیورٹی ہے، محض افواہوں پر عدالت کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی۔سلمان اکرم راجہ عدالت سے استدعا کی کہ خواجہ حارث صاحب کےجواب الجواب کے بعد مجھے ایک دن دیں، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ جواب الجواب کے بعد آپکو وقت نہیں دیں گے، ہماری کوشش ہوگی سماعت مکمل کرنےکےبعد فوری شارٹ آرڈر جاری کریں۔ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ چلیں میں پھر تحریری معروضات جمع کرا دوں گا۔
-

پی ٹی آئی کے لوگ اقتدار کی جنگ کرسکتے ہیں مگرپاکستان کی سلامتی اور بقا کی نہیں، وزیر دفاع
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ اقتدارکی جنگ کرسکتے ہیں مگرپاکستان کی سلامتی اور بقا کی جنگ نہیں۔قومی اسمبلی میں وزیر دفاع نے کہا کہ جعفرایکسپریس واقعہ میں ہماری افواج کی کارروائی قابل تحسین اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک سنگ میل ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ اقتدار کی جنگ کرسکتے ہیں مگر پاکستان کی سلامتی اور بقا کی جنگ نہیں کر سکتے، انہوں نے کہا کہ قانون کے ماخذ میں روایات کواہمیت حاصل ہے اور تقدس کے ساتھ ان کی پاسداری بھی کی جاتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں ہونے والے واقعات، نہتے مسافروں کوقومیت کی بنیاد پر علیحدہ کرنا قابل مذمت و افسوس ہے مگر اس سے زیادہ قابل افسوس رویہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹس سے کہاگیا کہ سکیورٹی فورسز نے نہیں بلکہ دہشت گردوں نے مسافروں کوچھوڑاہے۔وزیردفاع نے کہاکہ کل لیڈرآف دی اپوزیشن نے اس ایوان میں ہمیں فارم 47 کا طعنہ دیا ہے یہ طعنہ اس شخص نے دیاہے جس کے دادا نے نے ملک میں پہلا مارشل لا لگایا، ہمارا ایک مارشل لاحکومت سے رابطہ رہا جس پرمیں نے کئی بار معذرت کی ہے، مگران لوگوں نے اپنے ماضی پرکوئی معافی نہیں مانگی ہے۔جمہوریت کا درس وہ دیں جو جمہوریت کیلئے قربانیاں دیتے ہیں، جب تک سیاستدان 76 سالہ غلطیوں کااعتراف نہیں کریں گے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ وزیردفاع نے کہاکہ اپوزیشن نے مختلف لوگوں کومختلف کاموں کیلئے مقررکیا گیا ہے، ایک گالیاں دیتاہے، دوسرا تقریر کرتا اور تیسرا معذرت کر لیتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان پران لوگوں نے جو راگ الاپا ہے اس کا جواب دینا ضروری ہے، میں ایک شہید کے جنازے پرگیا جس کی شادی کو28 دن ہوگئے تھے ان کی والدہ نے مجھے بتایا کہ ان کے بیٹے نے ان سے کہا تھا کہ ماں میرے لئے شہادت کی دعا کرنا، یہ لوگ ان شہیدوں کے خلاف بھی بات کر رہے ہیں۔یہ لوگ اقتدارکی جنگ کرسکتے ہیں، اسلام آباد پرآئے روز حملے کرسکتے ہیں مگرپاکستان کی سلامتی اوربقاکی جنگ نہیں کرسکتے، یہ لوگ کہتے ہیں کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں ہے، ان لوگوں نے قرآن پر حلف اٹھا کر جھوٹ بولے ہیں۔
-

پاک فوج ملک کیلئے قربانیاں دے رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کیلئے قربانیاں دے رہی ہے۔بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہتے ہیں، دہشتگردوں نے بولان میں شہریوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بولان آپریشن کامیابی سے مکمل کیا،انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں رولز کی پاسداری ہونی چاہیے۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ آئین و قانون میں سب کچھ واضح ہے، ہمیں ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہو گا، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ماضی بھول کر آگے بڑھنے کی کوشش کی لیکن کچھ نہیں ہوا۔
-

میو ہسپتال واقعہ ، پنجاب بھر میں نجی کمپنی کے انجکشن کا استعمال روکنے کا حکم
لاہور: میو اسپتال لاہور میں انجکشن سے ری ایکشن کے واقعے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول نے پنجاب بھر میں نجی کمپنی کے انجکشن کا استعمال فوری روکنے کا حکم دے دیا۔صوبے بھر کی فارمیسیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انجکشن کا استعمال مشتبہ طور پر صحت کے لیے خطرہ ہے ،انجکشن “ویکسا” اورمحلول “نیوٹرولائن” کا استعمال روک دیا جائے، انجکشن کے مخصوص بیچ استعمال سے روکے جائیں۔ ڈائریکٹوریٹ ڈرگ کنٹرول کے مطابق ادویات کے ٹیسٹوں کی رپورٹس آنے تک استعمال روکا جائے، فیصلہ مریضوں کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز میو اسپتال کے چیسٹ وارڈ میں ٹیکے کے مبینہ ری ایکشن سے دو مریض جاں بحق ہو گئے تھے۔
-

کدھر ہیں محسن نقوی؟ وہ تو ادھر آتے ہی نہیں: عمر ایوب
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کدھر ہیں محسن نقوی؟ وہ تو ادھر آتے ہی نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کے عہدے کی مدت جنوری میں ختم ہو چکی ہے، نئے ناموں کے لیے ہم خط بھی لکھ چکے ہیں لیکن حکومت بات چیت نہیں کر رہی۔عمر ایوب کا کہنا ہے کہ نومبر 26 کو ہم پر گولیاں کیوں چلائی گئیں؟ اسلام آباد میں گملا بھی نہیں ٹوٹا لیکن ہم پر گولیاں چلائی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے آئی جی لیگل کے سامنے پیش ہونے کا سمن ملا ہے، کہا گیا ہے کہ آپ نے ریاست کے خلاف ٹوئٹس کیے ہیں، آپ ہوتے کون ہیں سمن کرنے والے؟
-

دہشتگردوں کا جعفر ایکسپریس پر حملہ، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری، 4 دہشتگرد ہلاک
سبی: بلوچستان کے علاقے بولان پاس میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو حملے کا نشانہ بنایا جس میں تین کمسن بچے شہید ہو گئے ہیں ،سیکیورٹی فورسز نے یرغمال بنائے گئے مسافروں کو بازیاب کروانے کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیاہے جس میں اب تک 4 دہشتگرد مارے گئے ہیں ۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں جبکہ دہشت گرد بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ سے تین کمسن بچے شہید ہو گئے ہیں ۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا دین اسلام، پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔ فورسز کی جانب سے یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرانے کے لیے بھرپور کارروائی جاری ہے۔ جعفرایکسپریس پرنامعلوم مسلح افراد کی جانب سےفائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ فائرنگ سے ٹرین میں موجودمسافر بھی زخمی ہوئے،جبکہ ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے،جعفرایکسپریس کی 9 بوگیوں میں 450 کے قریب مسافر سوار ہیں‘ مسافروں اور عملے سے کوئی رابطہ نہیں ہوپا رہا،ٹرین صبح نو بجے روانہ ہوئی تھی۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہدرندکاکہنا ہےکہ سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذکردی گئی ہے، ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئی ہیں،پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث جائے وقوعہ تک رسائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں،محکمہ ریلوے کی جانب سے امدادی ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہے۔واقعےکی نوعیت اورممکنہ دہشت گردی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے،ابتدائی اطلاعات کےمطابق واقعہ دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے،تحقیقات جاری ہیں،حکومت بلوچستان کی جانب سےہنگامی اقدامات کی ہدایت،تمام ادارے متحرک ہیں،عوام سے پرامن رہنے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل ہے۔
-

گرینڈ اپوزیشن الائنس ، تحریک انصاف نے جے یو آئی سے ٹی او آرز مانگ لئے
پشاور: پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قیادت کے درمیان گزشتہ رات ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جے یو آئی سے اتحاد کے لئے ٹی او آرز مانگ لئے، جمعیت علمائے اسلام کے ٹی او آرز پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیعت علمائے اسلام نے ٹی او آرز پر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جے یو آئی (ف) سے اتحاد انتخابی نہیں بلکہ سیاسی ہو گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان چاہتے ہیں ملکی صورتحال پر مولانا گرینڈ اپوزیشن الائنس کا حصہ بنیں۔
