اسلام آباد: ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ترک چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو کی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات ہوئی۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکی کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔وزیرِ دفاع نے بالخصوص مشکل اوقات میں ترک قیادت اور عوام کی مستقل حمایت اور اصولی مؤقف پر دلی شکریہ ادا کیا۔خواجہ محمد آصف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے، تحمل اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سلامتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا، جو سٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے۔
Category: اہم خبریں
-

ریکارڈ اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی
کراچی: قیمتی دھاتوں کی بلند اڑان رک گئی، سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 35 ہزار 5 سو روپے کمی سے 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونا 30 ہزار 435 روپے کی بڑی گراوٹ سے 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کا ہوگیا ہے۔اسی کے علاوہ 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 1106 روپے کمی سے 11 ہزار 69 روپے پر آگئی ہے۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 355 ڈالر سستا ہوکر 5150 ڈالر کا ہوگیا۔
-

بھارت نپاہ وائرس چھپا کر کھلاڑیوں کو خطرے میں ڈال رہا، ورلڈ کپ منتقلی کی آوازیں اٹھنے لگیں
نئی دہلی:بھارت نپاہ وائرس چھپا کر بین الاقوامی کھلاڑیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے، ورلڈ کپ کی سری لنکا منتقلی کی آوازیں اٹھنے لگیں۔بھارت میں نپاہ وائرس سے متعلق صورتحال پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں آزاد ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حکام وبا کی شدت کو کم ظاہر کر رہے ہیں، جس سے بین الاقوامی کھلاڑیوں اور عوامی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق 2026 آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل صورتحال کو قابو میں ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ بعض متاثرہ علاقوں کے قریب کرکٹ وینیوز بھی موجود ہیں۔سرکاری طور پر بھارتی حکام دسمبر 2025 کے بعد مغربی بنگال میں نپاہ وائرس کے صرف دو کیسز کی تصدیق کرتے ہیں، تاہم آزاد رپورٹس میں کولکتہ کے ہسپتالوں سے منسلک کم از کم پانچ انفیکشنز کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں نوسوکومیئل کلسٹرز کے باعث متاثر ہونے والے طبی عملے کے افراد بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق نپاہ وائرس کی شرحِ اموات 40 سے 75 فیصد تک ہو سکتی ہے، جو اسے نہایت خطرناک بناتی ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ وبا کے مکمل حقائق سامنے نہ لانے سے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین غیر ضروری خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں، خاص طور پر اس تناظر میں کہ کولکتہ کا ایڈن گارڈنز بھی ورلڈ کپ کے ممکنہ میزبان مقامات میں شامل ہے۔بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس کے دوران بھارت میں انتظامی مسائل کی مثالیں بھی سامنے آتی رہی ہیں، 2026 انڈیا اوپن سپر 750 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے دوران غیر ملکی کھلاڑیوں نے گندے ٹریننگ ہالز، پرندوں کی بیٹ، آوارہ جانوروں، شدید سردی اور زہریلی ہوا پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ بعض کھلاڑیوں نے حفاظتی خدشات کے باعث ایونٹ سے دستبرداری بھی اختیار کی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وبا سے متاثرہ علاقوں کے قریب کرکٹ میچز کا انعقاد اور ناقص صفائی کے حالات میں عالمی ایونٹس کی میزبانی غیر ذمہ دارانہ فیصلہ ہو سکتا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام میچز سری لنکا منتقل کرے، جہاں صحت کی نگرانی کے بہتر نظام اور محفوظ سہولیات موجود ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر بھارت میں میچز جاری رکھے گئے تو یہ تاثر جائے گا کہ آمدن اور ظاہری ساکھ کو عالمی سلامتی اور انسانی جانوں پر ترجیح دی جا رہی ہے جو کھیلوں کی دنیا کے لیے خطرناک مثال ثابت ہو سکتی ہے۔
-

حکومت اور ایف پی سی سی آئی میں معاشی اہداف کے حصول کیلئے ایم او یو پر دستخط
اسلام آباد: حکومت اور ایف پی سی سی آئی میں اُڑان پاکستان پروگرام کے تحت معاشی اہداف کے حصول کیلئے تعاون کے ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے ایم او یو پر دستخط کئے، معاہدے کی تقریب میں صدر اسلام آباد چیمبر سردار طاہر، نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارو جدون، چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین سمیت دیگر کی شرکت ایم او یو کے تحت 2047 تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی اکانومی بنانے کے حکومتی ویژن کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے مل کر کام کیا جائے گا، اُڑان پاکستان پروگرام کے تحت ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کیلئے حکومت اور انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔حکومتی معاشی ویژن پر عملدرآمد اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
-

بھارت میں طیارہ گر کر تباہ، نائب وزیراعلیٰ مہاراشٹرا سمیت 6 افراد ہلاک
مہاراشٹرا: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں طیارے کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے، طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارے کو حادثہ ضلع پونے کے علاقے بارہ متی میں پیش آیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار افراد میں سے کوئی زندہ نہیں بچ سکا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
-

وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ کیلئے ترجیحات کا تعین کر دیا
اسلام آباد: نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا، وفاقی حکومت نے نئے بجٹ 27-2026 کیلئے ترجیحات کا تعین کر دیا۔وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال کیلئے جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 5.1 فیصد ہے، نئے بجٹ میں مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے، نئے بجٹ میں گرین ٹیکس، نان ٹیکس ریونیو اورکلائمیٹ سبسڈیز پر خصوصی توجہ ہوگی۔تمام وزارتوں کو بجٹ میں ماحولیاتی اور موسمیاتی اخراجات کی نشاندہی کی ہدایت کر دی گئی، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آمدن اور اخراجات کی الگ ٹیگنگ لازمی قرار دی گئی۔بجٹ میں آفات سے نمٹنے کیلئے ڈیزاسٹربجٹنگ فریم ورک مزید مضبوط کیا جائے گا، یہ اقدامات گرین گروتھ اور ماحولیاتی تحفظ میں مدد دیں گے۔دستاویز کے مطابق نان ٹیکس آمدن کو ماحولیاتی اثرات کے لحاظ سے جانچا جائے گا، آلودگی پھیلانے والی سرگرمیوں پر لیویز کو کلائمیٹ اہداف سے جوڑا جائے گا، گرین ریونیو کیلئے توانائی، ٹرانسپورٹ، آلودگی کے مسائل سے نمٹنا ترجیح ہوگا، پاکستان میں قدرتی آفات کے پیش نظر ڈیزاسٹر اخراجات کی الگ نگرانی ہوگی۔قدرتی وسائل کی کیٹیگریز، سبسڈیز کو کلائمیٹ ایڈاپٹیشن اور مٹیگیشن میں تقسیم کیا جائے گا، زرعی انشورنس اور موسمیاتی انفراسٹرکچر ایڈاپٹیشن، صاف توانائی اور الیکٹرک وہیکلز مٹیگیشن سبسڈیز میں شامل ہیں، بجٹ میں شفافیت اور ماحولیاتی اہداف کے حصول پر زوردیا جائے گا۔
-

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پرگمراہ کن الزامات اور ساکھ متاثر کرنے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔عدالت نے عدم حاضری پر سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے، عدالت نے سہیل آفریدی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔سینئر سول جج عباس شاہ نے سہیل آفریدی کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت کی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
-

بے پناہ وسائل، لامحدود اختیارات کے باوجود دہشتگردی کیوں بڑھ رہی؟ فضل الرحمٰن
ریاستی مشینری امن کیلئے اپنی قربانیوں کا ذکر تو نہایت زور شور سے کرتی ہے لیکن عوامی دکھوں کا مداوا نہیں ہوتا ریاست عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے کا فرض کیوں نہیں نبھا سکتی:ڈیرہ حملہ میں شہید افراد کے اہل خانہ سے تعزیت
اسلام آباد :مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بے پناہ وسائل اور لامحدود اختیارات کے باوجود ملک میں دہشتگردی کیوں بڑ ھ رہی ہے ؟ ریاست عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ کرنے کا فرض کیوں نہیں نبھا سکتی۔ ریاستی مشینری امن کیلئے اپنی قربانیوں کا ذکر تو نہایت زور شور سے کرتی ہے لیکن عوامی دکھوں کا مداوا نہیں ہوتا۔ گزشتہ شب ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب پر خودکش حملہ میں شہید ہونے والے پانچوں افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہم اس المناک واقعہ کے متاثرین کے غم میں برابر ک ہیں، ایسے واقعات محض ایک سماجی تقریب پر حملہ نہیں ہوتے بلکہ پورے معاشرے کے اجتماعی احساسات پہ گہرا اثر ڈال جاتے ہیں جس سے سوسائٹی سسک کے رہ جاتی ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہماری ریاستی مشینری قیام امن کے لیے اپنی کوششوں اور قربانیوں کا ذکر تو نہایت زور شور سے کرتی ہے لیکن عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کے مصداق بدامنی اور تشدد کی لہریں بدستور بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔ شہری سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ بے پناہ وسائل اور لامحدود اختیارات کے باوجود دن بدن حکومتی رٹ محدود اور گورننس کا بحران کیوں بڑھ رہا ہے ؟۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ریاست عوام کے جان و مال اور عزت و ابرو کا تحفظ کرنے کا فرض کیوں نہیں نبھا سکتی، سکیورٹی کے نام پر شہریوں کی نقل و حمل کی آزادی محدود اور بنیادی انسانی حقوق سلب کر لینے کے باوجود دہشتگردی کیوں شہر کے دروازے پہ دستک دینے لگی ہے ۔
-

روس، یوکرین اور امریکہ کے مذاکرات کا دوسرا روز، امن منصوبے پر بات چیت
دبئی، ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی مذاکرات دوسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔مذاکرات کے دوران تینوں ممالک کے اعلیٰ مندوبین ایک ممکنہ امن منصوبے اور سیاسی حل کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات براہِ راست نوعیت کے ہیں، جن کا مقصد یوکرین تنازع میں کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کے امکانات اور مستقبل کے سفارتی فریم ورک پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔یو اے ای ان مذاکرات میں میزبان اور سہولت کار کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سفارتی حلقوں میں غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد مقام سمجھا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات میں انسانی بحران، علاقائی سلامتی، قیدیوں کے تبادلے اور ممکنہ سیاسی روڈ میپ جیسے نکات زیرِ غور آئے۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مکالمے کا تسلسل ہی پائیدار حل کی طرف واحد راستہ ہے، تاہم کسی حتمی اعلان یا معاہدے کا فوری امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔پاکستانی قارئین کے لیے اس خبر کی اہمیت اس تناظر میں ہے کہ عالمی طاقتوں کے درمیان یہ سفارتی عمل مشرقِ وسطیٰ میں ہو رہا ہے، جہاں پاکستان کے بھی مضبوط سفارتی، معاشی اور عوامی روابط موجود ہیں۔بین الاقوامی امن کی ایسی کوششیں عالمی سیاسی ماحول پر اثر انداز ہوتی ہیں، جس کے اثرات جنوبی ایشیا سمیت پوری دنیا میں محسوس کیے جاتے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ مذاکرات کسی مثبت پیش رفت کی طرف بڑھتے ہیں تو یہ نہ صرف یوکرین بحران بلکہ عالمی سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے بھی ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں اور متحدہ عرب امارات کی سفارتی حیثیت مزید مستحکم ہو گی۔
-

بھارت کو شکست سے گرین پاسپورٹ کی عزت بڑھی ،فیصل کنڈی
نوجوانوں کو حقوق ہم دینگے ، آ ئندہ پختونخوا کا وزیر اعلیٰ جیالا ہو گا ، ورکرزکنونشن سے خطابگورنر سے سیکر ٹری جنرل ہلال احمر پنجاب کی ملاقات ،متاثرین تیراہ کیلئے امدادی سامان دیا
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں نوجوانوں کو حقوق ہم دیں گے ،آئندہ جیالا وزیر اعلیٰ ہو گا۔ درگئی مالاکنڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کیے ، 13 سالہ حکومت نے صوبے کو برباد کیا، ایک بھی سٹیڈیم نہیں بنایا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دکھائے کہاں گھر، ڈیم اور دیگر منصوبے شروع ہوئے ۔ پاک فوج نے ہندوستان کو تاریخی شکست دی جس کے بعد گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا۔ پختونخواکی یونیورسٹیوں میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم ہونا چاہئیں ، پنجاب حکومت صوبے کو آٹے کے بحران سے نکالے ۔ علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا گل پلازہ واقعہ پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ،سیاسی جماعتوں میں بعض عناصر دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔دریں اثنا گورنرخیبرپختونخوا سے انجمن ہلال احمر پنجاب کے سیکرٹری جنرل محبوب قادر شاہ نے ملاقات کی ،اس موقع پر انہوں نے وادی تیراہ و کرم کے متاثرین کیلئے امدادی سامان حوا لے کیا جس میں آٹا، چاول، چینی، گھی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاکے 500 پیکٹ تھے ۔
