اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز پمز کا دورہ کیا،وزیر داخلہ نے پمز میں آزاد کشمیر لاک ڈائون اور پرتشدد مظاہروں میں زخمی ہونے والے اسلام آباد اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیر داخلہ فرداً فردا ًہر زخمی اہلکار وں کے پاس گئے اور خیریت دریافت کی ، وزیر داخلہ نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر داخلہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کے جذبے اور بہادری کو سراہا ، وزیرداخلہ نے کہا کہ آپ نے شرپسندی کے باوجود تحمل سے کام لیا۔ وزیر داخلہ نے چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد کو آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ،وزیر داخلہ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ چند شر پسند دشمن کی ایما پر آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انکو مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نا ہونے دیں گے ،حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ، پمز میں اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج ہیں۔
Category: اہم خبریں
-

سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل کر دیا
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل کر دیا۔عدالت نے جامعہ کراچی کے سنڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کی سفارشات پر مزید کسی کارروائی سے بھی روک دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر عمران صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ انہیں ابھی حال ہی میں نوٹس ملا ہے، اس لئے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے کہا کہ فریقین کو جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیا جاسکتا ہے لیکن تب تک جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل ہونا چاہیے تاکہ ان کے مؤکل کو نقصان نہ پہنچے۔سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک شخص کی زندگی بھر کی کمائی کا معاملہ ہے، اس لئے عدالت کو انتہائی احتیاط سے فیصلہ کرنا ہوگا، اگر تیس 35 سال بعد کوئی درخواست دائر کی گئی ہے تو متاثرہ شخص کو ضرور بلایا جانا چاہیے، فریقین کو سنے بغیر کیا گیا کوئی بھی فیصلہ قانونی طور پر کمزور ہوتا ہے۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ذاتی مفاد کی بنیاد پر درخواست گزار کے خلاف کارروائی کی گئی ہو، جبکہ ایکس پارٹی ججمنٹ کو کبھی بھی اچھا فیصلہ نہیں سمجھا جاتا، عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر جامعہ کراچی نے درخواست گزار کو اس معاملے میں نوٹس نہیں دیا تو یہ فیصلہ قانون کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔رجسٹرار جامعہ کراچی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی تعیناتی نئی ہے اس لئے معاملے کی تفصیلات سے مکمل طور پر آگاہ نہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ آپ اگر عدالت میں آئے ہیں تو جواب دینا لازمی ہے۔عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کے لئے مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔
-

سائیکلون شکتی نے بحیرہ عرب میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، سندھ میں بھی ہائی الرٹ
اسلام آباد: سائیکلون شکتی نے بحیرہ عرب میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔کراچی سے صرف 360 کلومیٹر دور سمندر میں طاقتور طوفان مڈلا رہا ہے،محکمہ موسمیات نے شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کر دیا۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور اندرون سندھ کے کئی اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری ہواؤں کی رفتار 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے سختی سے روک دیا گیا، طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے ،موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا کہ 3سے 6 اکتوبر تک سمندری حالات نہایت خطرناک قرار دے دیے گئے ، تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
-

شیرانی: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گرد جہنم واصل
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے عناصر نشانہ بنے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
-

امریکی صدر نے غزہ کے امن کیلئے جو 20 نکات پیش کئے وہ ہمارے نہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ امن معاہدے کیلئے ٹرمپ نے جو 20 نکات پیش کئے وہ ہمارے نہیں، یہ وہ ڈرافٹ ہے جس میں تبدیلی کی گئی ہے، فلسطین کے حوالے سے قائد اعظم کی پالیسی پر ہی عمل پیرا ہیں۔قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں قوم کی بھرپور نمائندگی کی، کشمیر کے ساتھ فلسطین کا مسئلہ اٹھایا، عالمی معاملات پر گفتگو کی اور موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ اٹھایا، وہاں اسرائیل کا نام لے کر اس کی مذمت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی جانے سے پہلے ہماری بات ہوئی کہ اقوام متحدہ کا اجلاس تو ہر سال ہوتا ہے، اس بار 80 واں ہو رہا ہے لیکن اقوام متحدہ غزہ میں خونریزی رکوانے میں ناکام ہوچکا ہے، یورپی یونین ناکام ہو چکی ہے، عرب ممالک ناکام ہو چکے ہیں، ہماری کوشش تھی کہ کچھ ممالک کے ساتھ ملکر امریکا، جو آخری امید ہے اسے شامل کیا جائے اور معصوم جانوں کی روز ہونے والی خونریزی، بھوک سے اموات اور بے دخلی اور مغربی کنارے کو ہڑپ کرنے کے منصوبے کو روکا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں ایک منصوبہ تھا کہ کچھ ممالک مل کر امریکی صدر سے رابطہ کریں اور انہیں اس میں شامل کریں کہ اس وقت سب سے زیادہ تکلیف دہ مسئلہ ہے، جہاں 64 ہزار افراد شہید اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، اقوام متحدہ میں درجنوں قرار دادیں منظور ہوچکی ہیں، او آئی سی کی قرار دادیں منظور ہوچکی ہیں۔
-

ڈالر کی قدر میں کمی ،تولہ سونا3500روپے مزید مہنگا
کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم رہا،ادھرسونے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔جس کے نتیجے میں مقامی و بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین ترین سطح پر جاپہنچیں، چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالرایک پیسے کی کمی سے 281.31 روپے کا ہوگیا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 282.35 روپے پرمستحکم رہا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 35 ڈالر کے نمایاں اضافے سے پہلی بار 3890 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 3500 روپے کے ہوشربا اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 10 ہزار 278 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3001 روپے کے بڑے اضافے سے 3 لاکھ 51 ہزار 747 روپے ہوگئی۔
-

اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 146پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار اتارچڑھاؤ کا شکار رہا تاہم دن کے اختتام پر 100 انڈیکس مثبت زون میں بند ہوا۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی سیشن کے دوران زبردست خریداری دیکھنے میں آئی، 800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 66 ہزار 522 پوائنٹس پر جاپہنچا،بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں ایک موقع پر 100 انڈیکس 164,155.32 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 146 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 65 ہزار 640 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 اورآل شیئرز انڈیکس میں بھی تیزی رہی ۔گزشتہ روز 55 ارب 35 کروڑ روپے مالیت کے ایک ارب 38 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا۔ مجموعی طور پر 486 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 173 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،287میں کمی اور26میں استحکام رہا۔
-

انٹرنیشنل لیگ ٹی 20نیلامی میں فخر زمان توجہ کا مرکز
دبئی:انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے سیزن 4 کی تاریخ ساز نیلامی دبئی میں منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر سے تقریبا 300 کھلاڑی حصہ لیں گے ۔اس نیلامی میں پاکستان کے فخر زمان، بھارت کے روی چندرن ایشون، انگلینڈ کے جیسن رائے اور بنگلادیش کے شکیب الحسن نمایاں ناموں میں شامل ہیں۔نیلامی میں 80ہزار ڈالرز کے زمرے میں پاکستان کے فخر زمان، صائم ایوب، محمد نواز اور فاسٹ بولرز نسیم شاہ و فہیم اشرف شامل ہیں۔
-

عمران خان نے گنڈا پور اور علیمہ کو بیان بازی سے روک دیا
راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی نے علیمہ خان اور علی امین کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکو آج اڈیالہ جیل طلب کر لیا۔کوآرڈینٹرز کی تبدیلی قید تنہائی کے تناظر میں کی گئی ۔ پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے طویل گفتگو ہوئی ہے ، بانی نے ہدایت کی ہے کہ علی امین گنڈا پور ان سے آج ملنے آئیں،وزیر اعلٰی کے پی کو ہٹانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔بانی پی ٹی آئی نے کوآرڈینیٹرز کو تبدیل کرکے چار نئے کوآرڈینیرز مقرر کئے ہیں۔بانی نے کہاہے اگر انکو قید تنہائی میں رکھا جاتا ہے تو چار رکنی کوآرڈینیٹرز کی ٹیم قانونی معاملات دیکھے گی،ملاقاتوں کی فہرست بھی چار رکنی کوآرڈینیٹرز کی ٹیم تیار کرے گی۔بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کی بیان بازی ہر افسوس کا اظہار کیااور کہا پبلک میں اس طرح ایک دوسرے پر الزامات نہیں لگانے چاہئیں، ہمارے آپس کے اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہو رہا ہے اس میں میرا نقصان ہے ۔بانی نے کہا وزیر اعلٰی کا اختیار ہے وہ انتظامی معاملات میں جس کو چاہے تبدیل کرنا چاہے ۔ بیرسٹر علی ظفر نے رات گئے سماجی رابطے کی ایپ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا باقی کا پیغام انکی بہن نورین نیازی کے ذریعے قوم تک پہنچے گا،قبل ازیں یہ ذمہ داری علیمہ خان کے پاس تھی۔ ادھر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک بار پھر تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔این سی سی آئی اے نے 21 نکاتی سوال نامہ بانی کے حوالے کر دیا، ان سے تفتیش سوال نامے کے تحریری جواب کی روشنی میں کی جائے گی۔
-

پشاورہائیکورٹ:عمرایوب ،شبلی فراز چترالی کی نااہلی کیخلاف حکم امتناع واپس
پشاور:پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے عمر ایوب، شبلی فراز اور عبدالطیف چترالی کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر حکم امتناع واپس لے لیا۔عدالت نے عمر ایوب، شبلی فراز اور عبدالطیف چترالی کو متعلقہ فورم کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا درخواست گزار انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا یافتہ ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس صورتِ حال میں درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم نہیں کر سکتی۔
