لاہور،اسلام آباد،غزہ:اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی حراست میں لے لیا، زیر قبضہ کشتیوں کی تعداد 43 ہوگئی، اسرائیلی بربریت کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی پر بھی اسرائیلی فورسز نے زبردستی چڑھائی کر دی، پولینڈ کے جھنڈے والی ‘میرینیٹ’ کشتی پر 6 افراد موجود تھے ۔غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے قائم بین الاقوامی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ کئی گرفتار کارکنوں نے اپنی گرفتاری کے ساتھ ہی ‘غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال’ بھی شروع کر دی ہے ۔ بدھ سے اب تک اسرائیلی فوج 43 کشتیوں کو قبضے میں لے چکی ہے ، کشتیوں میں سوار تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں سے 200 سے زائد کارکنان کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔حراست میں لیے گئے افراد میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں تاہم ان کی جیل میں منتقلی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس نے 4 اطالوی شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے جبکہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل بقیہ کارکنوں کو بھی جلد ملک بدر کر دیا جائے گا۔اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے ، وزارت خارجہ نے گرفتار کیے گئے تمام 461 کارکنوں کے ‘محفوظ اور صحت مند’ حالت میں ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔دوسری جانب غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جانے والے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ پر اسرائیلی قبضے کے بعد ایک اور امدادی فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ ہوگیا،بین الاقوامی تنظیم فریڈم فلوٹیلا کولیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ 11 مزید جہاز اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کرنے کے لیے غزہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔تنظیم کے مطابق 2 کشتیاں اٹلی کے شہر اوترانتو سے 25 ستمبر کو روانہ ہوئیں، 30 ستمبر کو ‘کونشینس’ نامی جہاز بھی ان کے ساتھ شامل ہو گیا، اس جہاز پر صحافی اور طبی عملہ موجود ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جہاز چند گھنٹوں میں 8 کشتیوں پر مشتمل ایک قافلے ‘تھاؤزنڈ میڈلینز ٹو غزہ’ سے مل جائیں گے اور یوں مجموعی طور پر 11 جہازوں پر مشتمل یہ قافلہ غزہ کا رخ کرے گا۔فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق یہ فلوٹیلا اس وقت کِریٹ کے ساحل کے قریب موجود ہے اور اس پر تقریباً 100 افراد سوار ہیں۔صمودفلوٹیلا کو روکنے پر پاکستان کے مختلف شہروں میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، نصراللہ رندھاوا نے کہا امن معاہدے کے نام پر غزہ میں مظالم جاری رہے تو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ بھی نہیں رہے گااور نہ حمایت کرنے والوں کے محلات رہیں گے ،سینیٹر مشتاق احمد اور ان کے ساتھیوں کی رہائی کے لیے تمام سفارتی ذرائع کو استعمال کیا جائے ۔شمالی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی یومِ احتجاج منایا گیا، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اوردیگر نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ وسطی پنجاب کے تمام اضلاع لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چنیوٹ،جھنگ،گوجرانوالہ،نارووال، شیخوپورہ،ننکانہ،ساہیوال،پاک پتن میں بھی احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں۔جمعیت علما اسلام کی کال پر بھی ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔جے یو آئی لاہور کے زیراہتمام ریلی مسلم ٹاؤن موڑ سے شروع ہو کر لاہور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی، لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہاکہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے ،قوم گریٹر اسرائیل منصوبے کو تسلیم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی۔ جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام ملک بھر کی اہلحدیث مساجد میں گلوبل صمود فلوٹیلا سمندری قافلے پر اسرائیلی فوج کی بربریت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں ہے ۔حیدر آباد، سجاول، میر پور خاص، ملتان ،گوجرانوالہ، حب، ڈی آئی خان، بنوں میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔پاکستان کے علاوہ یورپ کے کئی شہروں کے ساتھ بیونس آئرس اور میکسیکو سٹی میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج ہوا۔ اٹلی میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے گزشتہ روز بھی ہڑتال جاری رکھی۔برطانیہ، فرانس، سپین، یونان، ارجنٹینا، کولمبیا ،یمن اور دیگر ممالک میں بھی فلسطین کے حامی مظاہرین سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر تے رہے ، مظاہروں کے دوران متعدد شہروں میں ٹریفک بند کر دی گئی جبکہ بعض مقامات پر مظاہرین نے دکانوں اور ریستورانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
Category: اہم خبریں
-

ٹرمپ کی ہدایات کے باوجود اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے، 107 فلسطینی شہید
غزہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واضح ہدایات کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں جاری صیہونی فورسز کے حملوں سے مزید 107 فلسطینی شہید اور 265 زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں بارودی مواد کے ذریعے متعدد عمارتیں تباہ کر دیں، صیہونی بربریت میں بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں۔غزہ شہر کے تفاح علاقے میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں 4 افراد شہید، متعدد زخمی ہوئے، خان یونس میں عارضی کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 2 بچوں سمیت متعدد شہید ہو گئے۔
-

سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ
کراچی:سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔صرافہ مارکیٹوں کے مطابق فی تولہ سونے کابھاؤ 2100 روپے اضافے سے 4 لاکھ 9ہزار 878 روپے ہوگیا ہے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1801 روپے بڑھ کر 3لاکھ 51 ہزار 404 روپے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں کے تاجروں کا کہنا تھا کہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 21 ڈالر اضافے سے 3886 ڈالر فی اونس ہے۔واضح رہے گزشتہ روز روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3 ہزار 865 ڈالر کی سطح پر مستحکم اور ملک بھر کی صرافہ بازاروں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 4 لاکھ 7 ہزار 778 روپے کی سطح پر برقرار رہی تھی ۔
-

سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی 10 سال سزا کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور: لاہور ہائیکورٹ افس نے سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی 10 سال سزا کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 7 اکتوبر کو سماعت کرے گا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس سزا سنائی، پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے، مقدمہ کے گواہان نے درخواست گزار کو جلاؤ گھیراؤ کرتے نہیں دیکھا۔درخواست گزار پر لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے حوالے سے شواہد موجود نہیں ہیں، درخواست گزار کا جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عدالت نے درخواست گزار کو دس سال قید کی سزا سنائی ہے جو کہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
-

الیکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب، پاکستان اور آزاد کشمیر کی جیت ہوئی: حکومتی رہنما
اسلام آباد: حکومتی کمیٹی نے کہا کہ عوامی الیکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہونے پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی جیت ہوئی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب قائم کردہ حکومتی کمیٹی نے مظفرآباد سے کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد پہنچ کر میڈیا سے خصوصی گفتگو کی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا امیر مقام ، طارق فضل چودھری،راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادکشمیرمیں عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔اُنہوں نے کہا کہ انتظامی ڈھانچے میں کمی، کوتاہی کو دور کیا جانا چاہیے، معاہدے سے پاکستان اور آزادکشمیر دونوں کی جیت ہوئی ہے جس کی کامیابی پر آزادکشمیر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔امیر مقاموفاقی وزیر برائے امورِ کشمیرو گلگت بلتستان امیر مقام کا کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر میں خونریزی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، مذاکرات کی کامیابی پر وزیراعظم شہبازشریف کے مشکور ہیں، دونوں فریقین کے درمیان خوش اسلوبی سے معاملات طے پاگئے ہیں۔
-

نچلی سطح پر اختیارات منتقل نہیں کرنے تو پھر صوبے بنائیں: مفتاح اسماعیل
لاہور: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی تک معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے، اگر نچلی سطح پر اختیارات منتقل نہیں کرنے تو پھر صوبے بنائیں۔انڈس کونکلیو کے دوسرے روز سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ پر پینل ڈسکشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چہرے بدلے لیکن ترقی نہیں ہوئی، لاہور کے مال روڈ پر ہر جگہ تصاویر ہی نظر آتی ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر گورننس ٹھیک نہیں تو پھر تبدیلی لانی پڑے گی، پاکستان بہت عرصے سے ٹھیک نہیں چل رہا، حکومت نے کبھی ڈلیور نہیں کیا، حکومت نے کبھی اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات نہیں دیں۔
-

خضدار: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک
خضدار:سکیورٹی فورسز نے خضدار کے علاقے زہری میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا، آپریشن کے دوران 14 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد علاقے میں پرامن شہریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم سکیورٹی فورسز نے وقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی تمام سازشیں ناکام بنا یں۔آپریشن کے بعد علاقے کے عوام نے پاک فوج کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کے حق میں نعرے گائے، مقامی شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی موجودگی نے علاقے میں امن و سکون کو یقینی بنایا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بار بار کی ناکامیوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور خضدار کا حالیہ آپریشن ان کے نیٹ ورک کیلئے کاری ضرب ثابت ہوا ہے۔سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
-

آئی ایل ٹی 20پلیئرز آکشن میں نسیم شاہ و حسن نواز بھی منتخب
دبئی :انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 پلیئرز آکشن میں پاکستان کے نسیم شاہ اور حسن نواز کو سائن کر لیا گیا۔ڈیزرٹ وائپرز نے نسیم شاہ کو 80 ہزار جبکہ حسن نواز کو 40 ہزار ڈالرز کے عوض سائن کیا ہے ۔ ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت اجازت نامے کے اجراء سے مشروط کی گئی ہے ۔
-

کرکٹرز کے این او سی ،کرکٹ آسٹریلیا کا پی سی بی سے رابطہ
لاہور:کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو رواں برس بھی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ٹوڈ گرین برگ نے پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے این او سی روکے جانے پر اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے کھلاڑیوں کے این او سی روکنے کے فیصلے پر بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے پی سی بی کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے کہ اس کا ہم کوئی حل نکال لیں گے ، بی بی ایل کا یہ شاندار سیزن ثابت ہوگا۔ٹوڈ گرین برگ کا کہنا تھا کہ ہم کھلاڑیوں کو بگ بیش لیگ میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بی بی ایل کے ویلیو میں اضافہ کریں گے ۔واضح رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی ہولڈ کر لئے ہیں۔اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ پی سی بی این او سی ان ہی کھلاڑیوں کو دے گا جو بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی کے معیار پر پورا اتریں گے ۔پاکستان کی طرف سے بابراعظم، شاہین آفریدی،حارث رؤف اور شاداب خان سمیت 7 پاکستانی بی بی ایل کا حصہ ہیں اور لیگ کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔
-

ڈینگی بے قابو،جڑواں شہروں میں مزید 69 کیسز رپورٹ
اسلام آباد،راولپنڈی: جڑواں شہروں میں ڈینگی کا پھیلاؤ بڑھنے لگا،اسلام آباد میں 40،راولپنڈی میں مزید29 کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں۔گزشتہ روز ڈی سی اسلام آباد کی زیر صدارت طبی ماہرین کا اہم اجلاس ہوا جس میں ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور گھر گھر انسداد ڈینگی فوگنگ یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دی گئیں ۔بتایا گیا گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 40 کیسز رپورٹ ہوئے ،گزشتہ ایک یوم میں شہر بھر میں 977 انسپکشنز کی گئیں اور 1 ہزار 742 مقامات پر فوگنگ کروائی گئی۔ ادھر راولپنڈی میں ڈینگی کے مزید 29کیسز سامنے آگئے ،14لاکھ سے زائد مقامات کی چیکنگ کی گئی جبکہ 22ہزار سے زائد جگہوں پر لاروا کی موجودگی پائی گئی ۔محکمہ صحت حکام کے مطابق ر اولپنڈی ضلع میں اب تک ڈینگی کے 709مریض کنفرم ہوئے ہیں جبکہ اس وقت ہسپتالوں میں 61 مریض زیرِ علاج ہیں، راولپنڈی میں ڈینگی سے کوئی موت نہیں ہوئی۔
