اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی کشیدگی برقرار ہے، اور پیپلز پارٹی کے ارکان سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی واک آؤٹ کرگئے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا کہ میرا تعلق پنجاب سے ہے لیکن ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں،کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگا دے گا، ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ متنازعہ بیانات دینے کی آخر وجہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ پھر صوبائیت کی بدبو پھیلا دی جائے، ہم تو پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے لوگ ہیں،اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے ایوان بالا سے بھی واک آؤٹ کیا، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں، ہر مسئلے کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے، اس کے بعد سے دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدگی شروع ہوگئی، خصوصاً سندھ اور پنجاب کی حکومتیں آمنے سامنے ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کوئی بیان جاری کرتی ہیں، تو سندھ سے شرجیل میمن اور دیگر کی جانب سے جواب آ جاتا ہے، عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کا مناظرے کا چیلنج بھی قبول کرلیا ہے۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اس سیاسی کشیدگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو کراچی طلب کرلیا ہے، جہاں اس حوالے سے مشاورت کی جائےگی۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے صوبے کے حوالے سے کسی بھی بات کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
Category: اہم خبریں
-

غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کیلئے حماس، اسرائیل اور امریکا کے درمیان مذاکرات
قاہرہ:فلسطینی تنظیم حماس، اسرائیل اور امریکا کے وفود غزہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے مصر میں مذاکرات کے لیے آج جمع ہو رہے ہیں، تینوں فریقین کے نمائندے شرم الشیخ میں بات کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ پٹی میں تقریباً دو سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے جلدی کریں۔حماس اور اسرائیل دونوں نے لڑائی ختم کرنے اور غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی سے متعلق ٹرمپ کے روڈ میپ پر مثبت ردِعمل دیا ہے، اگرچہ تفصیلات طے ہونا باقی ہیں۔ایک سینئر حماس عہدے دار نے بتایا کہ تنظیم جنگ ختم کرنے کے معاہدے تک پہنچنے اور زمینی حالات کے مطابق قیدیوں کے فوری تبادلے کے عمل کے آغاز کے لیے بہت پرعزم ہے۔دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے کہا کہ انہیں امید ہے قیدیوں کی رہائی چند دنوں میں ممکن ہو جائے گی۔ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے حوالے سے حماس اور دیگر فریقوں کے ساتھ بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے، مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور مزید بتایا کہ پہلا مرحلہ اسی ہفتے مکمل ہو جانا چاہئے اور میں سب سے کہہ رہا ہوں کہ تیزی دکھائیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ہماری کچھ بہت اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں، دنیا کے ممالک، اسرائیل کے ارد گرد بہت سے ممالک واضح طور پر مسلم، عرب اور بہت سے دوسرے حماس کے ساتھ بہت اچھی ملاقاتیں کر چکے ہیں اور لگتا ہے کہ یہ طریقہ کام کر رہا ہے۔ٹرمپ نے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مدد کے لیے دو نمائندے بھیجے ہیں جن میں ان کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔حماس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اس کے مرکزی مذاکرات کار خلیل الحیہ اتوار کی شب وفد کی قیادت میں مصر پہنچے، نیتن یاہو کے مطابق اسرائیلی وفد آج مصر روانہ ہو گا۔امریکہ، مصر اور قطر کی مہینوں کی ثالثی کی ناکام کوششوں کے بعد متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں تازہ سفارتی پیش رفت پر امید ظاہر کرتے ہوئے مذاکرات کو ایک ’حقیقی موقع‘ قرار دیا ہے تاکہ پائیدار جنگ بندی ممکن ہو سکے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مذاکرات سے قبل اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ پر بمباری روک دے، آپ فضائی حملوں کے دوران یرغمالیوں کو رہا نہیں کرا سکتے۔ایک فلسطینی ذریعے جو حماس کے قریب ہے، کے مطابق عسکریت پسند اپنی عسکری کارروائیاں روکنے کے لیے تیار ہیں جب اسرائیل اپنی کارروائیاں روک دے گا۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب قیدیوں کا تبادلہ مکمل ہو جائے گا تو ہم اگلے مرحلے یعنی اسرائیلی فوج کے انخلا کے لیے حالات پیدا کریں گے، امریکی منصوبے کے تحت نہ صرف لڑائی روکنے کی بات گئی ہے، اس میں 72 گھنٹے کے اندر زندہ قیدیوں اور مردہ قیدیوں کی لاشوں کی حوالگی شامل ہے۔فلسطینی حریت پسندوں نے اپنے سات اکتوبر کے حملے میں 251 اسرائیلیوں کا قیدی بنایا جن میں سے 47 اب بھی غزہ میں ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے 25 جان سے جا چکے ہیں۔قیدیوں کے بدلے اسرائیل سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ عمر قید پانے والے 250 فلسطینی قیدیوں اور جنگ کے دوران گرفتار کیے گئے غزہ کے 1700 سے زیادہ قیدیوں کو رہا کرے گا۔
-

ملائیشیا کے ساتھ باہمی مفادات کے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں: شہباز شریف
کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، والہانہ استقبال پر ملائیشین صدر داتو سری اور وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادہ کے لئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔
-

اسرائیلی جارحیت کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی
وہاڑی :جماعت اسلا می کی جانب سے وہاڑی میں اسرائیلی جارحیت اور صمود فلوٹیلا پر حملے کیخلاف بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی چوہدری طارق محمود نے کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی برادری سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانیت کے خلاف کھلی جارحیت بھی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت اور وزیراعظم نیتن یاہو عالمی دہشت گرد ہیں جنہیں عالمی عدالت انصاف میں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ۔ریلی کے شرکا نے یرغمال بنائے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے اسرائیلی بربریت کے خلاف عملی اقدامات نہ اٹھائے تو دنیا کا امن مزید خطرے میں پڑ جائے گا۔
-

سموگ:سکولوں میں آؤٹ ڈورسر گرمیوں پر پابندی
ملتان:سموگ کی آمد، پنجاب بھر کے سکولوں میں ایمرجنسی نافذ، آوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی ہوگئی، آگاہی مہم چلائی جائے گی تفصیل کے مطابق پنجاب میں سموگ کے پیش نظر طلبہ کے تحفظ کیلئے محکمہ سکولزنے ہنگامی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔سکولوں میں آؤٹ ڈور سرگرمیاں اور کھیل سموگ کے دنوں میں معطل کرنے کی ہدایت جاری ، اساتذہ، والدین اور طلبہ کو سموگ سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا سکول سربراہان کو کلاس روم صاف اور وینٹی لیٹڈرکھنے کی ہدایت کی گئی ، سکولوں میں کچرا جلانے پر مکمل پابندی، ویسٹ ڈسپوزل کیلئے انتظامات لازمی قرار دیا گیا دمے اور دل کے مریض طلبہ کے طبی ریکارڈز محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ، ہر ضلع میں فوکل پرسن نامزد، محکمہ صحت کے ساتھ ہنگامی رابطے کا نظام فعال کردیاضلعی سطح پر روزانہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ اور سکولوں کو رہنمائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ، آگاہی مہم کے لنکس اور رپورٹ محکمہ تعلیم کو باقاعدگی سے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اس سلسلے میں رانا عبدالقیوم خان ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہاگیاہے کہ پنجاب میں سموگ کا دور قریب ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں شدت آنے کی توقع ہے ۔ یہ موسمی رجحان صحت کے لء خاص طور پر سکول جانے والے بچوں کے لیے اہم خطرات کا باعث بنتا ہے ۔ اس سلسلے میں، آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آپ اپنے دائرہ اختیار کے تمام اسکولوں میں احتیاطی اور تخفیف کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
-

ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروٖغ کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے ،رندھاوا
اسلام آباد:چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت شہر میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اسلام آباد میں کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ممبر فنانس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیش لیس اکانومی کے عمل کو تیز تر بنا رہے ہیں۔ ہر قسم کی ادائیگیوں اور وصولیوں کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم بشمول راست کیو آر کوڈ کو متعارف کرانے کو ضروری قرار دے دیا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں کیش لیس اکانومی اقدامات کے تحت شہر بھر میں ابتک 5000 سے زائد تاجر و دوکاندار راست کیو آر کوڈ سسٹم سے منسلک ہوچکے ہیں اور اس سلسلے میں سیکٹر H-9 اور سیکٹر G-6 میں واقع ہفتہ وار بازاروں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف ہوچکا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے ۔ سی ڈی اے اورانتظامیہ بطور معاون بینکوں، تاجر برادری اور کسٹمرز کے مابین ہم آہنگی پیدا کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں بینکس کی فیلڈ ٹیمیں تاجروں اور صارفین کو بہتر رہنمائی فراہم کریں۔
-

فیفا ورلڈکپ 2026کیلئے آفیشل میچ بال ٹریونڈا متعارف
لاہور:فیفا نے ورلڈکپ 2026 کیلئے آفیشل میچ بالTRIONDA ٹریونڈا لانچ کر دی۔فیفا کی جانب سے متعارف کرا ئی گئی بال جدید ٹیکنالوجی اور 3 میزبان ممالک ( امریکا، میکسیکو اور کینیڈا ) کی نمائندگی کرنے والے ڈیزائن پر مبنی ہے۔اس فٹبال کا نام TRIONDA رکھا گیا ہے ، جسے جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے ڈیزائن کیا ہے ۔TRIONDA ٹریونڈا نام 2 اسپینش الفاظ ملا کر بنایا گیا ہے ۔ Tri (تین) اور Onda کا مطلب(لہر) ہے ۔ یہ نام3 میزبان ممالک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا اور بال کے لہر نما ڈیزائن کی عکاسی کرتا ہے ۔ بال میں سرخ، نیلا اور سبز رنگ نمایاں ہے ، جن کے ساتھ ہر میزبان ملک کا علامتی نشان شامل ہے ۔کینیڈا کی نمائندگی کے لیے میپل کے پتے ، میکسیکو کیلئے عقاب اور امریکا کے لیے ستارے کا نشان بال پر ہے جبکہ بال پر موجود پیٹرن اتحاد کی علامت ہے ۔ ورلڈکپ کی آفیشل گیند میں اس بار جدید ٹیکنالوجی بھی نصب کی گئی جو ہرموومنٹ کا ڈیٹا فراہم کرے گی۔ پہلی بار گیند میں کنیکٹڈ بال ٹیکنالوجی شامل کی گئی ہے ، جس میں 500Hz موشن سینسر نصب ہے ۔ جس کی مدد سے ریفریز کو آف سائیڈ اور ہینڈ بال جیسے فیصلے فوری اور درست کرنے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ اگلے سال 11 جون سے 19 جولائی تک ہوگا۔
-

پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری
اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے حکام کا کہنا تھا کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے،دریائے جہلم،راوی، ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی موسلاد اور ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔اِسی طرح راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی ،حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ابیٹ آباد، بنوں، بونیر میں بھی بادل برسیں گے۔حکام نے مزید بتانا تھا کہ کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی بارش متوقع ہیں جب کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ کے واقعات کا خدشہ ہے، شہریوں کو اِس حوالے سے انتباہ جاری کردیا گیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے پلوسہ سر اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری ہونے سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
-

توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم
اسلام آباد،راولپنڈی :سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 6 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا ۔گزشتہ روز وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی،عدالت نے وکیل صفائی کی جانب سے التواء کی رخواست منظور کی، حالانکہ درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ منسلک نہیں تھا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ تاریخ پر بھی وکلاصفائی غیر حاضر رہے تھے اور ایسا لگتا ہے کہ دفاعی وکلا مقدمے کو طول دینا اہتے ہیں، عدالت نے تینوں وکلاء صفائی کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر لازمی پیش ہوں اور مزید التوا کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، عدالتی نے سماعت کے تحریری حکمنامہ میں کہا چونکہ کیس اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور دو ملزم جیل میں ہیں، اس لیے انصاف کا تقاضا ہے کہ جلد فیصلہ کیا جائے ، عدالت نے حکم دیا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک مقدمہ مکمل نہ ہو جائے ۔
-

گلے شکوے کا حل ریاست کیخلاف بندوق اٹھانا نہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ :وزیراعلی ٰبلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گلے شکوے کا حل ریاست کے خلاف بندوق اٹھانا نہیں ہے ، یہ وطن ہم سب کا ہے اور سب نے اس وطن کے لیے قربانیاں دی ہیں۔اپنے بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کی بہتری کے لئے اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں، بلوچستان میں 16 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ بھرتی کر کے بند 3 ہزار 200 سکول فعال کئے ۔انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں پہلی بار سرکاری سطح پر طبی سہولتیں فراہم کی گئیں، مند میں پہلی ڈاکٹر کی تعیناتی اور بیکڑ ہسپتال میں پہلے بچے کی پیدائش طبی سہولتوں کی فراہمی کا ثبوت ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے ضلع شیرانی میں دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بروقت اور مؤثر کارروائی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کی روشن دلیل ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان دشمن نیٹ ورکس اور بھارتی پراکسیز کو ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی شاندار صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے ۔
