اسلام آباد: حکومت نے 23 مارچ 2026ء کو ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ اور تقریبات منسوخ کر دیں۔وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق خلیجی تیل بحران اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی۔تاہم اس دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائے گا، یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کیا جا رہا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی، استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے۔اعلامیہ کے مطابق تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور پُروقار طریقے سے منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام برقرار رکھا جا سکے۔
Category: اہم خبریں
-

پاکستان باضابطہ رابطہ کرے تو سستا تیل فراہم کر سکتے ہیں: روسی سفیر
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان روس سے باضابطہ رابطہ کرے تو اسے سستا تیل فراہم کیا جا سکتا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ روس پاکستان کو تیل فروخت کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور موجودہ حالات میں پاکستان اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔البرٹ پی خوریف نے مزید کہا کہ ان کے علم کے مطابق پاکستان نے تاحال تیل کی خریداری کے لیے روس سے کوئی رابطہ نہیں کیا، تاہم جیسے ہی پاکستان رابطہ کرے گا، روس اسے رعایتی نرخوں پر تیل فراہم کرے گا۔روس کے سفیر کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں نہایت اہم حیثیت رکھتا ہے۔روسی سفیر نے کہا کہ ایران کے ساتھ روس کے کئی دہائیوں پر محیط فوجی اور تکنیکی تعلقات موجود ہیں، اور ایران کا ردعمل ان امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف تھا جو خلیجی آبناؤں میں موجود ہیں۔البرٹ پی خوریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر مزید تبصرہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ حالات غیر یقینی ہیں۔روسی سفیر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فوجی پالیسیوں پر دنیا حیران ہے اور یہ کہنا مشکل ہے کہ موجودہ کشیدگی کب اور کیسے ختم ہوگی، کیونکہ حالات کافی پیچیدہ ہیں۔انہوں نے ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں 170 بچوں کی ہلاکت انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔البرٹ پی خوریف نے کہا کہ تمام فریقین کو چاہیے کہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مسائل کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سیاسی اور سفارتی طریقے سے حل کریں۔روسی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال نے خطے میں بحران کو مزید شدت دی ہے اور یہ ممالک ایران کی قیادت کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی دنیا میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
-

آبنائے ہرمز دشمنوں کیلئے بند رہے گی، امریکا سے بات چیت میں دلچسپی نہیں: عباس عراقچی
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کیلئے بند رہے گی امریکا سے بات چیت میں دلچسپی نہیں۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے جنگ بندی کی کوئی درخواست نہیں کی، امریکا کو کوئی پیغام یا مذاکرات کی بات نہیں کی۔عباس عراقچی نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں، امریکا سے مذاکرات کیوں کریں؟، جب تک ٹرمپ جنگ کو غیر قانونی نہیں مان لیتے ہم ڈٹے رہیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ ختم ہونی چاہئے مگر دوبارہ نہ دہرائی جائے، آبنائے ہرمز ہمارے نزدیک کھلی ہے، آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے متعدد ملکوں نے ہم سے رابطہ کیا، صرف دشمنوں کیلئے بند ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب نے کہا کہ ٹرمپ نے ایرانی بحریہ تباہ کرادی تو پھر ہمت کریں، خلیج فارس میں امریکی بحریہ بھیج کر دکھائیں، امریکا اتحادیوں سے آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے مدد مانگ رہا ہے۔
-

پی ایس ایل سیزن الیون کیلئے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز منگل سے ہو گا
لاہور:پی ایس ایل سیزن الیون کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کل سے ہو گا۔پہلے مرحلے میں ٹکٹس دوپہر 12 بجے سے آن لائن فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی، شائقین کرکٹ آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ خرید سکیں گے، فزیکل ٹکٹ 24 مارچ سے ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں میچز کھیلے جائیں گے۔دوسری جانب فیصل آباد اور پشاور میں پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز ہوں گے۔علاوہ ازیں لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ انکلیوژر کی کم سے کم قیمت 250 روپے رکھی گئی ہے، فیصل آباد میں جنرل انکلیوژر کی قیمت 300 روپے سے شروع ہو گی، ملتان اور راولپنڈی میں جنرل ٹکٹ انکلیوژر کی ٹکٹ 400 روپے رکھی گئی ہے۔
-

پاکستان اور چین قابلِ اعتماد شراکت دار، قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے: دفترخارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین قابلِ اعتماد شراکت دار اور قریبی دوست ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ باہمی دلچسپی اور مشترکہ مفاد کے تمام امور پر پاکستان اور چین کے درمیان مسلسل اور قریبی رابطہ برقرار ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیاں یا حقائق کو مسخ کرنے کی کوئی بھی کوشش بے بنیاد اور بلاجواز ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے حالیہ ٹیلیفونک رابطے میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسی طرح دورانِ گفتگو افغانستان سے متعلق پیش رفت اور علاقائی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی، گزشتہ جمعرات پریس بریفنگ کے دوران بھی اس ٹیلیفونک رابطے میں افغانستان سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کی تصدیق کی گئی تھی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندہ سفیر یوئے شیاو یونگ کے دورہ پاکستان کے دوران بھی افغانستان سمیت خطے کے امن و استحکام سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔علاوہ ازیں ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی پاک افغان ثالثی کی کوششوں پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، پاک چین رابطوں اور مشاورت کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیاں یا حقائق کو گھڑنا بلاجواز ہے۔
-

عالمی بینک ایف بی آر کو ای بلٹی طریقہ کار کیلئے مالی معاونت فراہم کریگا
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں کارگو ٹریکنگ سسٹم ای بلٹی طریقہ کار کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ عالمی بینک ایف بی آر کو ای بلٹی طریقہ کار کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا، عالمی بینک اور ایف بی آر معاہدے پر دستخط کریں گے۔شرکا کو بتایا گیا کہ اس نظام سے کارگو ٹریکنگ کو ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا، کارگو کی چیکنگ کاغذات کی بجائے الیکٹرانک ہو گی۔تقریب میں بریفنگ دی گئی کہ پاکستان میں 7100 ارب روپے کا ٹیکس گیپ ہے، اس نظام سے فیک انوائسنگ اور انڈر انوائسنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔شرکا کو بتایا گیا کہ اس نظام سے ٹیکس وصولی بڑھانے میں مدد ملے گی، یہ نظام 50 سے زائد ممالک میں رائج ہے۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارگو ٹریکنگ سسٹم کا نظام قائم کرنا بڑا چیلنج تھا، اس نظام کو پاکستان کیلئے بنایا گیا ہے۔راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ اس پراجیکٹ کا ڈیزائن بنانے میں کافی محنت کی گئی ہے، اگر ڈیزائن درست بن گیا تو اطلاق میں مسائل کم ہوں گے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پروڈکشن مانیٹرنگ جاری ہے، ڈیجیٹل انوائسنگ کا نظام لایا جا رہا ہے، کارگو کی مکمل ٹریکنگ کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کا پہلا مرحلہ پٹرولیم مصنوعات کی ٹریکنگ پر لگ چکا ہے، اب تک 16 ہزار آئل ٹینکرز پر ٹریکنگ لگ چکی ہے۔
-

پی آئی اے کو متحدہ عرب امارات کیلئے یومیہ 2پروازوں کی اجازت مل گئی
اسلام آباد:قومی ا یئر لائن پی آئی اے کو متحدہ عرب امارات کے لئے یومیہ 2 پروازوں کی اجازت مل گئی۔ذرائع پی آئی اے کا کہنا ہے پی آئی اے یومیہ ایک پرواز دبئی اور ایک ابو ظہبی کے لیے آپریٹ کر رہی ہے ۔ریاض اور مدینہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔دمام کیلئے پروازیں بحرین پر میزائل حملے کے بعد فی الحال روک دی ہیں، دمام کیلئے پروازیں جلد بحال ہونے کی امید ہے ،سعودی عرب کیلئے پروازیں بحیرہ عرب سے ہو کر یمن کے راستے پہنچ رہی ہیں، یورپ اور کینیڈا کیلئے پروازیں افغانستان کے علاقے واخان اور تاجکستان سے ہو کر جارہی ہیں۔
-

خامنہ ای کی شہادت عظیم نقصان عالم اسلام کیلئے بڑا خلا ، اسحاق ڈار
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم ،وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا ۔دورے کا مقصد ایران کے سپریم لیڈر کی المناک شہادت پر حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔سفارت خانے میں قیام کے دوران نائب وزیرِ اعظم نے سپریم لیڈر کی شہادت کے حوالے سے رکھی گئی تعزیتی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کئے ۔ انہوں نے ایرانی قیادت کی خدمات کو سراہا اور اس عظیم نقصان ، عالمِ اسلام کے لیے ایک بڑا خلا قرار دیا ،دریں اثنا نائب اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں وزیرخارجہ نے مصری ہم منصب ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے کی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
-

عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کیلئے درخواست دائر
بینائی 15فیصدتک محدود،ذاتی معالجین کو رسائی،اہل خانہ کی ملاقات کی استدعا علیمہ خان عدالت سے غیرحاضر ،26نومبر کیس کی سماعت 4مارچ تک ملتوی
اسلام آباد،راولپنڈی:اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج معالجہ کی غرض سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ۔درخواست بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 برس ہے اور وہ اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں ،گزشتہ چار سے پانچ ماہ کے دوران ملاقاتوں پر پابندی کے باعث وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے نہیں مل سکے ،ان کی بیماری سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان یک آنکھ کی بینائی 15 فیصد تک محدود ہوگئی ہے ،سپریم کورٹ نے معاملہ زیر التوا رکھتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ۔ اس بنیاد پر عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے تا کہ ان کا معائنہ ریٹینا سپیشلسٹ سے کرایا جا سکے ،دوران علاج ان کے ذاتی معالجین کو بھی رسائی دی جائے جبکہ اہل خانہ کو مکمل ملاقات کی اجازت فراہم کی جائے ۔انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ علیمہ خان عدالت پیش نہ ہوئیں ،ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے جج امجدعلی شاہ نے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔ -

وزیراعظم کی دعوت پر اپوزیشن کا موقف سامنے آ گیا
اسلام آباد: وزیراعظم کی دعوت پر اپوزیشن کا موقف بھی سامنے آ گیا۔اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے سکیورٹی بریفنگ پارلیمنٹ میں دینے کا مطالبہ کر دیا۔محمود اچکزئی نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کوئی بریفنگ بلائی ہے، ہمارا موقف ہے کہ بریفنگ مخصوص ارکان کو نہیں پوری پارلیمنٹ کو دی جائے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ یہ بات آپ وہاں (وزیراعظم کے سامنے) کر دیں، میں نے کہا ہے کہ ساتھیوں سے مشورہ کریں گے۔محمود اچکزئی بہتر ہو گا بریفنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس یا کم از کم سینیٹ میں دیں، خطے کے حالات خطرناک ہیں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، کل صبح تک حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیں گے۔
