تہران: ایرانی میڈیا نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کی شہادت کی تصدیق کر دی، انہیں دفتر میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کیا گیا، ان کا بیٹا، بہو اور نواسی بھی شہید ہو گئے، اسرائیلی میڈیا نے ایران کے 40 سے زیادہ حکام قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایران نے 27 امریکی اسرائیلی اہداف پر حملوں کی نئی لہر شروع کر دی۔1989 سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو امریکی و اسرائیلی حملے میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے دفتر میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے، ایرانی حکومت نے ان کی شہادت پر سات روزہ تعطیل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، ایران نے خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اسرائیلی اور امریکی اڈوں پر حملوں کی نئی لہر شروع کی جائے گی۔خیال رہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے آخری خطاب میں آخری دعا مانگی تھی کہ یااللہ مجھے شہادت نصیب فرما، یاللہ مجھے شہدا کے ساتھ رکھنا۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے محل پر اسرائیل اور امریکا نے 30 بم گرائے، امریکا اور اسرائیل نے حملے کے لیے انتظار کیا تاکہ اعلیٰ مشیران کو بھی ایک ہی جگہ نشانہ بنایا جا سکے، امریکی و اسرائیلی انٹیلی جنس نے تین اہم اجلاسوں کے بعد دن کے وقت حملہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی رضا اعرافی لیڈر شپ کونسل کے جیورسٹ ممبر کے طور پر نامزد کر دیئے گئے۔ ایرانی میڈیا کےمطابق آیت اللّٰہ علی رضا اعرافی کو قیادت کونسل کے فقیہ مقرر کر دیا گیا، قیادت کونسل عارضی طور پر سپریم لیڈر کے فرائض انجام دے گی۔ تین رکنی کونسل میں علی رضا اعرافی ایرانی صدر اورعدلیہ کے سربراہ کے ساتھ لیڈرشپ کونسل شامل ہیں۔اسرائیل نے تہران میں ایرانی براڈکاسٹنگ کمپلیکس کے قریب خوفناک حملے کیے حالانکہ جنگوں میں بھی نشریاتی اداروں پر حملہ ممنوع ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں سید خاندان،قصر انٹرسیکشن،واناک اسکوائر پر میزائل اور فضائی حملے ہوئے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق ایران پر حملے سے کچھ دیر قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے ممکنہ طور پر سب سے اہم ہدف آیت اللہ علی خامنہ ای کی درست نشاندہی کر لی تھی۔آپریشن سے واقف ذرائع کے مطابق سی آئی اے کئی ماہ سے خامنہ ای کی نقل و حرکت اور قیام گاہوں پر نظر رکھے ہوئے تھی اور وقت کے ساتھ اس کی معلومات زیادہ مستند ہوتی گئیں۔اسرائیلی فضائیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکا کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ایک ہی دن میں ایران پر 1,200 سے زائد بم گرائے۔دبئی پر میزائل حملوں میں مزید افراد زخمی ہو گئے۔دبئی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ڈرونز کا ملبہ دو گھروں کے صحن میں گرا، جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔اماراتی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ڈورنز مار گرائے گئے جبکہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی، زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے حملوں میں تل ابیب میں کم ازکم 40 عمارتوں کونقصان پہنچا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملے کے باعث تل ابیب کے 200 سے زیادہ رہائشیوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادہ اور فوج کے چیف آف سٹاف عبدالرحمیم موسوی شہید ہو گئے۔ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای، ان کے سیکیورٹی مشیر علی شمخانی اور پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے سربراہ محمد پاکپور بھی نشانہ بن گئے۔آج صبح جب ایران نے بیلسٹک میزائل فائر کیے تو اسرائیل بھر میں ایئر ریڈ سائرن دوبارہ بجنے لگے، ان میں سے بیشتر کو اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
Category: اہم خبریں
-

ابوظہبی میں پاکستانی شہری میزائل کے ٹکڑے لگنے سے جاں بحق
ابوظہبی: یو اے ای کے علاقے ابوظہبی میں پاکستانی شہری میزائل کےٹکڑے لگنےسےجاں بحق ہوگیا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے پاکستانی شخص کی ابھی تک شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔دوسری جانب پاکستانی سفارتی حکام نے پاکستانی شہری کے مارے جانےکی تصدیق کر دی، حکام کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری کے مارے جانے پر اماراتی حکام سے رابطے میں ہیں۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے پاکستانی کےاہل خانہ سےاظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔
-

خان پور کے قریب مال بردار ٹرین کو حادثہ، 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
خان پور: خان پور ریلوے سٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی، لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو ریلوے سٹیشن خان پور پر روک لیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ٹریک جلد بحال کر لیا جائے گا، تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی، اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔
-

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا بانی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے معائنہ کرانے کی اجازت دی جائے۔بانی پی ٹی آئی کی وکلاء اور اہل خانہ تک رسائی پر پابندیاں فوری ختم کی جائیں، بانی کی صحت سے متعلق مجرمانہ غفلت سیاسی بحران کو سنگین بنا سکتی ہے۔اعلامیہ کے مطابق حکومت کی جانب سے طبی رپورٹس خفیہ رکھنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جامع قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے۔اعلامیہ کے مطابق ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی دھمکیوں پر شدید تشویش ہے، غربت 29 فیصد تک بڑھنے اور بے روزگاری میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ معاشی اور قانونی بحران کے حل کیلئے جامع پالیسی تجاویز لائی جائیں گی، مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری و فوجی تیاریوں پر شدید تشویش ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق غفلت سیاسی بحران کو سنگین بنا سکتی ہے۔
-

بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث، طالبان کے بیانات افسوسناک ہیں: دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر دوحا کا دورہ کیا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، افغانستان کے معاملات اور دفاع کے شعبے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستانی مؤقف پیش کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، ترجمان نے مغربی کنارے کو اسٹیٹ لینڈ میں تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت اور واضح مخالفت بھی کی۔ترجمان نے کہا کہ رواں ماہ سمجھوتا ایکسپریس کے حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، پاکستان نے بھارتی حکومت کی سنگ دلی اور 4 مجرموں کی رہائی کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے اور دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بھی پیش کیے جا چکے ہیں، قطر کی جانب سے پاک افغان مصالحت کی کوششیں خوش آئند ہیں، تاہم افغانستان کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں، پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح کی دھمکیوں کے مقابلے کے لیے مکمل تیار ہیں۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، خصوصاً کشتواڑ ضلع میں 3 نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت جعلی انکاؤنٹرز اور کسٹوڈیل کلنگز کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، پاکستان انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور بھارت کو اپنے اعمال کا جوابدہ بنائے گا۔ترجمان نے برطانوی پارلیمنٹ میں عمران خان کے حقوق کی خلاف ورزی پر ہونے والی بات چیت پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے معاہدات کا حصہ ہے اور اس طرح کے بیانات ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں، افغانستان میں پاکستانی شہریوں اور سفیروں کی سکیورٹی کے حوالے سے آگاہ ہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے، او آئی سی ہنگامی اجلاس کا ایجنڈا فلسطین ہے اور اس میں افغانستان شامل نہیں۔ ترجمان نے آخر میں آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کی سالگرہ کو یادگار ملٹری واقعہ قرار دیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان دفاعی تعاون سے آگاہ ہیں، پاکستان امن سے متعلق خطرات سے آگاہ اور ان کے لیے تیار ہے، بھارتی وزیر اعظم کے دورہ اسرائیل پر اسرائیل میں ہونے والے احتجاج پر یہی کہوں گا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وہاں کچھ باضمیر لوگ اب بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر دوحا اور استنبول جیسا سٹرکچرڈ ڈائیلاگ فی الحال نہیں ہو رہا، افغان سرزمین پر دہشتگردوں کو میسر آزادی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم افغان حکومت سے وہاں موجود تمام پاکستانی سفارتکاروں اور شہریوں کو تحفظ کی فراہمی کا کہتے ہیں، کابل میں پاکستانی سفارت کاروں کو تحفظ کی فراہمی افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔
-

فضائی کارروائی کے بعد افغانستان کا رابطہ، مذاکرات کی درخواست، پاکستان کا انکار
فی الحال بات چیت نہیں کرسکتے ، اگر افغان سرزمین سے دہشت گردی ہوئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا:پاکستان دہشتگرد گروہوں کیخلاف ٹھوس کارروائی پرہی بات ہو سکتی ہے ،دہشتگردی کا خاتمہ واحد ایجنڈا :سفارتی ذرائع
اسلام آباد: اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکے اور باجوڑ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے حملوں کے بعد پاکستان نے گزشتہ رات افغانستان کے اندر انٹیلی جنس بنیادوں پر مختلف صوبوں میں سات مقامات کو نشانہ بنایا اور وہاں ایئر سٹرائیکس کیں جن میں ٹی ٹی پی سمیت متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ دنیا کو بتایا کہ افغانستان میں ایئر سٹرائیکس کے بعد افغان طالبان رجیم نے پاکستان سے رابطہ کیا اور مذاکرات کی درخواست کی۔تاہم پاکستان کی جانب سے طالبان کی عبوری حکومت کو پیغام دیا گیا کہ ان کی درخواست پر فی الوقت بات چیت نہیں کی جا سکتی اور اسلام آباد نے اپنی پالیسی ایک مرتبہ پھر واضح کر دی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کے ساتھ جب بھی بات چیت ہوئی اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ۔ کابل کو یہ بھی پیغام دیا گیا ہے کہ اگر افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی ہوئی تو پاکستان دوبارہ جواب دے گا۔۔ افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔۔ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت اگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی اور ٹھوس کارروائی کریں تو ہی بات ہو سکتی ہے ۔ طالبان رجیم کے ساتھ کسی بھی بات چیت کا واحد ایجنڈا دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی کہ افغان طالبان رجیم کو انگیج کیا جائے لیکن جب بھی عبوری حکومت کو مذاکرات کی میز پر لایا جاتا ہے اسی دوران وعدہ خلافی کی جاتی ہے ، نہ تو تحریری ضمانتیں دی جاتی ہے اور نہ ہی زبانی وعدوں پر عمل کرتے ہیں ۔ پاکستان نے ماضی میں بھی افغانستان میں ایئر سٹرائیکس کی تھیں جس کے بعد دہشت گرد کارروائیوں میں کمی دیکھی گئی، لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے ایک مرتبہ پھر افغان سرزمین سے فتنہ الخوارج کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا۔اس کے بعد افغانستان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر شواہد شیئر کیے گئے اور سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ طالبان ناظم الامور کو ڈی مارش بھی کیا گیا۔ اس کے بعد پاکستان نے افغانستان کے اندر انٹیلی جنس بنیادوں پر ٹی ٹی پی کے مراکز کو نشانہ بنایا جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 80 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔
-

پی ایس ایل فرنچائز راولپنڈی نے ٹیم کے نام پنڈیز رکھ دیا
لاہور:پاکستان سپر لیگ میں شامل نئی فرنچائز راولپنڈی نے اپنی ٹیم کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کی نیلامی میں ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں فرنچائز خریدی تھی تاہم مالکان نے ٹیم کیلئے شہر کا نام ملتان سے بدل کر راولپنڈی رکھا تھا، راولپنڈی فرنچائز کی جانب سے ٹیم کا نام پنڈیز رکھا گیا ہے ۔ٹیم کے نام کا اعلان سوشل میڈیا پر 25 سیکنڈ کی ایک ویڈیو کے ذریعے کیا گیا، جس میں راولپنڈی شہر کے مشہور مقامات دکھائے گئے ۔
-

ڈالر کی قدر میں کمی ،تولہ سونا 3ہزار روپے مہنگا
کراچی:انٹربینک مارکیٹ میں پیر کوڈالر کی قدرگھٹ گئی،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں دالر ایک پیسے کی کمی سے 279.55 پر بند ہوا۔یاد رہے کہ جمعہ کو مقامی کرنسی 279.56 روپے پر بند ہوئی تھی۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں پیر کو سونا 30 ڈالر کے اضافے سے 5 ہزار 138 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 3 ہزارروپے کے اضافے سے 5 لاکھ 36 ہزار 562 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 572 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 60 ہزار 15 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ ہفتہ کو سونے کی فی تولہ قیمت 7100 روپے کے اضافے سے 5 لاکھ 33 ہزار 562 روپے ہوگئی تھی۔دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 146 روپے کے اضافے سے 9 ہزار 94 روپے ہوگئی۔
-

جائیداد کی ملکیت سے متعلق کیس میں خیبرپختونخوا حکومت اور محتسب کی اپیلیں خارج
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق کیس میں خیبر پختونخوا حکومت اور صوبائی محتسب کی اپیلیں ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیں۔جسٹس مسرت ہلالی کی جانب سے تحریری فیصلہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جب نجی فریقین خود خاموش ہیں تو حکومت اور محتسب اپیل دائر کرنے کے مجاز نہیں۔عدالتِ عظمیٰ نے قرار دیا کہ محتسب ایک جج کی حیثیت رکھتا ہے، فریق نہیں، اس لیے وہ اعلیٰ عدالتوں میں اپنے فیصلوں کا دفاع نہیں کر سکتا، محتسب ایک نیم عدالتی ادارہ ہے اور وہ کسی فیصلے سے متاثر ہونے والا فریق نہیں بن سکتا، اس کی حیثیت ایک منصف کی ہے جسے غیر جانبدار رہنا چاہیے۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نہ تو اس جائیداد کی وارث تھی اور نہ ہی فیصلے سے اسے کوئی ذاتی نقصان پہنچا، اس لئے اسے اپیل دائر کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں تھا۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگر جائیداد کے اصل دعویدار اپیل کرنا چاہیں تو ان کا قانونی حق متاثر نہیں ہوگا۔یہ مقدمہ شبیر خان اور دیگر نجی فریقین کے درمیان جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق تھا، صوبہ خیبر پختونخوا کی خاتون محتسب نے ویمن پراپرٹی ایکٹ 2019 کے تحت کیس کا فیصلہ سنایا تھا، تاہم پشاور ہائیکورٹ نے محتسب کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دیا تھا۔ -

جنوبی وزیرستان: شرپسندوں نے سرکاری سکول بارودی مواد سے اُڑا دیا
جنوبی وزیرستان: خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری سکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل برمل میں دھماکے سے گورنمنٹ مڈل سکول شریف خان کوٹ کے دو کمرے، باتھ رومز، مین گیٹ اور ایک طرف چار دیواری مکمل تباہ ہوگئی جب کہ قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بارودی مواد کے دھماکے میں جانی نقصان نہیں ہوا، اِس سے قبل بھی دہشتگردوں نے گورنمنٹ ہائی سکول اعظم ورسک کو بارودی مواد سے دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا تھا۔
